رکن اسمبلی تانڈور کی بائیک ریالی، تلگو فلم اداکارمنچو منوج کی شرکت، سینکڑوں کی تعداد میں موٹرسیکلوں کی گونج، انتخابی مہم کا اختتام

رکن اسمبلی تانڈور کی بائیک ریالی، تلگو فلم اداکارمنچو منوج کی شرکت
سینکڑوں کی تعداد میں موٹرسیکلوں کی گونج، انتخابی مہم کا اختتام

وقارآباد/تانڈور: 28۔نومبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)


ریاست تلنگانہ میں ووٹنگ کے لیے الٹی گنتی کا آغاز ہوگیا ہے۔انتخابی مہم کا آج شام 5 بجے اختتام ہوگیا۔انتخابی مہم کے اختتام کے بعد عوام کو جہاں راحت نصیب ہوئی ہے،وہیں امیدواروں کی دھڑکنوں میں اضافہ کے ساتھ پارٹی قائدین اور کارکن اب گھر گھر بناء کسی شور شرابہ،نعرہ بازی اور جھنڈوں کے ساتھ ریالیوں کے بجائے گلی گلی پیدل گھوم کر مہم چلائیں گے۔

آج انتخابی مہم کے آخری دن وقار آباد ضلع کے تانڈور ٹاؤن میں بی آر ایس پارٹی کی جانب سے ایک موٹرسیکل ریالی منظم کی گئی جس کا آغاز رکن اسمبلی و بی آر ایس پارٹی امیدوار حلقہ اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کیا۔اس عظیم الشان مو ٹرسیکل ریالی کو منعقد کرتے ہوئے رکن اسمبلی نے اپنے سیاسی وجود اورمقبولیت کا ثبوت دینے کی کوشش کی۔!

اس ریالی کےدوران موٹرسیکلوں کی آوازوں کی گونج،پارٹی جھنڈوں اور گلابی کاغذوں کی ہوا میں بوچھاڑسے تانڈور گلابی رنگ میں رنگ دیا گیا تھا۔اس ریالی میں تانڈور ٹاؤن کےعلاوہ مختلف منڈلات اور مواضعات کے نوجوانوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔

اس موٹرسیکل ریالی کی خاص بات یہ رہی کہ اس میں تلگو فلم اداکار منچو منوج (جو کہ تلگو فلم اداکار موہن بابو کے فرزند ہیں) نے رکن اسمبلی کے دوست کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے رائے دہندوں کو راغب کرنے اور پائلٹ روہت ریڈی کی کامیابی میں تعاون کرنے کی کوشش کی۔اس ریالی میں پائلٹ روہت ریڈی کی اہلیہ آرتی ریڈی بھی شامل رہیں۔خود رکن اسمبلی،پارٹی قائدین اور کارکنوں نے موٹرسیکلوں پر بیٹھ کر تانڈور میں گشت کی۔

اس موٹرسیکل ریالی کا آغاز ولیم مون اسکول سے ہوا جو کہ براہ اندرا چوک،نہرو گنج،گاندھی چوک،بھدریشور چوک،قدیم تانڈور ریلوے گیٹ،تلگو گڈہ،درگاہ حضرت نظام شہیدؒ،کربلا میدان کا چکر لگاتےہوئے ریلوے گیٹ سے دوبارہ جدید تانڈور میں یہ ریالی براہ سیتا رام پیٹ،گاندھی نگر، مرشد درگاہ،وی وی ایچ ایس،شیواجی چوک سے ہوتے ہوئے براہ اندرا چوک بس اسٹانڈ کے قریب موجود امبیڈکر چوک پہنچی۔

خصوصی گاڑی پر سوار رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی ان کی اہلیہ آرتی ریڈی کے ساتھ فلم اداکار منچو منوج نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دوست پائلٹ روہت ریڈی کی جانب سے تانڈور کی ترقی کے لیے کیے جارہے ترقیقاتی کاموں سے متاثر ہوکر ہی وہ آج انہیں اپنی تائید کے طور پر اس ریالی میں شریک ہوئے ہیں۔منچو منوج نے کہاکہ روہت ریڈی نے انہیں مدعو نہیں کیا ہے وہ خود اس ریالی میں شریک ہوئے ہیں۔

رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نےخطاب کرتےہوئے فلم اداکارمنچو منوج کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے طویل صبر آزما انتخابی مہم میں ان کے ساتھ تعاون کرنے والے تمام پارٹی قائدین اور کارکنوں کے ساتھ ساتھ حلقہ اسمبلی تانڈور کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پانچ سالہ کارکردگی عوام کے سامنے ہے اور انہیں امید ہے کہ عوام ان کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے انہیں دوبارہ کامیاب بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جلسوں،روڈ شوز اور عوام سے ملاقات کےدؤران اور آج کی اس موٹرسیکل ریالی کو دیکھنے کے بعد انہیں ایسامحسوس ہوتا ہے کہ یہ ان کی فتح کی ریالی ہے۔ساتھ ہی پائلٹ روہت ریڈی نے دعویٰ کیا کہ بھاری اکثریت سے ان کی دوبارہ کامیابی یقینی ہے۔