آندھراپردیش پولیس نے 500 کروڑ روپئے مالیتی دو لاکھ کلو گانجہ کو آگ لگاتے ہوئے تلف کردیا

آندھراپردیش پولیس نے 500 کروڑ روپئے مالیتی
دو لاکھ کلو گانجہ کو آگ لگاتے ہوئے تلف کردیا

حیدرآباد/وشاکھاپٹنم : 14۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام)

پڑوسی ریاست آندھراپردیش کے محکمہ پولیس نے ایک بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے ریاست کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دو لاکھ کلو ضبط شدہ گانجہ کو آگ کی نذر کرتے ہوئے اس تلف کردیا جس کی مالیت 500 کروڑ روپئے بتائی گئی ہے۔

وشاکھا پٹنم ضلع میں پولیس کی جانب اس کے لیے ہفتہ کو باقاعدہ ایک تقریب منعقد کی گئی تھی اور الگ الگ خشک گانجہ کے کئی ڈھیر لگاتے ہوئے ان میں آگ لگائی گئی۔ریاستی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مسٹر ڈی۔گوتم ساوانگ نے اناکا پلی منڈل کے کوڈورو موضع میں ایک کھلے علاقے میں منعقدہ تقریب کا باقاعدہ آغاز کرنے کے لیے ضبط شدہ گانجے کے ڈھیروں میں سے ایک کو آگ لگائی۔

آندھرا پردیش پولیس اور اسپیشل انفورسمنٹ بیورو (SEB) وشاکھاپٹنم ضلع نے اس تقریب کا انعقاد کیا تھا۔عہدیداروں نے گانجہ کے اتنے بڑے ذخیرے کو تلف کرنے کی غرض سے تمام انتظامات کیے تھے۔

اس منظم پروگرام کے انعقاد کے لیے فینسی ٹینٹ لگائے تھے اور ڈرون کیمرے،اسپیکرز،ساؤنڈسسٹم بھی نصب کیے گئے تھے۔بڑی تعداد میں پولیس عہدیداروں اور ملازمین کے علاوہ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور فائر سرویس ڈیپارٹمنٹ کے عہدیداروں اور ملازمین کو اس تقریب کے موقع پر تعینات کیا گیا تھا۔اس نشیلی اشیاء کے اتنے بڑے ذخیرے کو تلف کرنے کی اس تقریب کے کوریج کے لیے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ملک میں کسی بھی جگہ ایک ہی بار تلف کی جانے والی منشیات کی یہ سب سے بڑی مقدار بتائی گئی ہے۔

شمالی آندھراپردیش کے اضلاع وشاکھاپٹنم،وجیا نگرم،سریکاکولم اور مشرقی گوداوری کے مختلف مقامات پر گزشتہ دو سالوں کے دوران اتنی بڑی مقدار میں یہ گانجہ ضبط کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق بڑے پیمانے پر چلائی گئی”آپریشن پریورتن”مہم کے دؤران یہ گانجہ ضبط کیا گیا تھا۔اور اس سلسلہ میں آندھراپردیش پولیس نے 1,363 مقدمات درج کیے۔اور 1,500 ملزمان کو گرفتار کیا جن کا تعلق 562 دیگر ریاستوں سے تھا۔

اس "آپریشن پریورتن” مہم کے دؤران پولیس نے گزشتہ 15 مہینوں کے دوران ان علاقوں میں 8,500 ایکڑ پر پھیلے ہوئے بھنگ کے پودوں کو بھی تباہ کیا۔آندھراپردیش-اڈیشہ کاسرحدی علاقہ بڑے پیمانے پر گانجہ کی کاشت اور سربراہی کے لیے بدنام ہے۔حالیہ مہینوں میں، تلنگانہ،مہاراشٹرا،کرناٹک اور دیگر ریاستوں کی پولیس ان علاقوں سے ملک کےمختلف مقامات پر لے جانے کے دوران بڑی مقدار میں اسمگل کیا جانے والا گانجہ ضبط بھی کیا ہے اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ان علاقوں سے گانجہ کی بڑی مقدار براہ تلنگانہ مہاراشٹرا منتقل کی جاتی ہے وہیں اکثر گانجہ کے اسمگلرس مال سمیت پکڑے بھی جاتے ہیں۔