حیدرآباد کی 81 ویں سالانہ صنعتی نمائش کا 25 فروری سے دوبارہ آغاز
کمشنر پولیس کی اجازت حاصل،نمائش سوسائٹی کا اعلان
حیدرآباد: 14۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام)
حیدرآباد کے نامپلی کے نمائش گراؤنڈ میں ہر سال نئے سال کے آغاز سے شروع ہونے والی”سالانہ صنعتی نمائش” ملک اور ریاست تلنگانہ میں بڑھتے کورونا وائرس اور اومیکرون کے معاملات کے پیش نظر حکومت تلنگانہ کے محکمہ صحت کی سفارش اور حیدرآباد سٹی پولیس کی ہدایت کے بعد منتظمین نمائش سوسائٹی کی جانب سے 6 جنوری سے اس نمائش کو مکمل طور پر بند کردینے کا اعلان کیا تھا۔
اب جبکہ ملک اور ریاست میں کورونا وبا کی تیسری لہر اور اومیکرون کے تقریباً اختتام اور عام زندگی کے بحال ہونے کے بعد حیدرآباد کی اس 81 ویں سالانہ صنعتی نمائش کا 25 فروری،بروز جمعہ سے دوبارہ آغاز کیا جانے والا ہے۔
اس سلسلہ میں آج سیکریٹری نمائش سوسائٹی آدتیہ مرگم کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ 25 فروری سے نمائش کے دوبارہ آغاز کے لیے نمائش سوسائٹی کو کمشنر آف پولیس حیدرآباد کی جانب سے اجازت نامہ حاصل ہوگیا ہے۔

نمائش سوسائٹی کے اس پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس 81 ویں کل ہندصنعتی نمائش کا 25 فروری 2022ء سے آغاز ہورہا ہے۔اور یہ نمائش روزآنہ شام 4 بجے سے رات 30-10 بجے تک جاری رہے گی۔جبکہ ہفتہ واری تعطیلات کے دؤران اس نمائش کے اؤقات شام 4 بجے سے رات 11 بجے تک ہوں گے۔
یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ ملک اور بیرون ملک میں مشہور حیدرآباد کی اس 81 ویں سالانہ صنعتی نمائش کا یکم جنوری کو ریاستی گورنر محترمہ تملسائی سؤندر راجن نے افتتاح انجام دیا تھا۔اس کے دوسرے ہی دن پولیس اورمحکمہ صحت کی ہدایت پر نمائش کمیٹی کی جانب سے 2 جنوری کو نمائش کے دؤران ہی اعلان کیا گیا تھا کہ اس نمائش کو 10 جنوری تک بند کیا جارہا ہے۔
لیکن ریاست اور ملک میں کوویڈ متاثرین کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ کو دیکھتے ہوئے کمشنر سٹی پولیس حیدرآباد سی وی آنند نے 4 جنوری کو نمائش سوسائٹی کے منتظمین کو ایک میمو روانہ کرتے ہوئے اس سالانہ نمائش کو مکمل طور پر بند کردینے کی ہدایت دی تھی۔
جس کے بعد 6 جنوری کو سیکریٹری نمائش سوسائٹی آدتیہ مرگم نے اعلان کیا تھا کہ حیدرآباد میں جاری اس سالانہ نمائش کو کوویڈ کے پیش نظر اور عوام کے تحفظ کی غرض سے مکمل طور پر بند کیا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ حیدرآباد کی یہ مشہور سالانہ صنعتی نمائش ہر سال یکم جنوری تا 15 فروری منعقد ہوتی ہے۔جس میں ملک کے مختلف مقامات کے تاجرین، تیارکنندگان اور بیوپاری اپنی اپنی مختلف اشیاء کی دُکانات لگاتے ہیں۔وہیں بچوں اور تمام عمر کے افراد کے لیے حیدرآباد کی یہ صنعتی نمائش گزشتہ 80 سال سے خرید و فروخت اور تفریح کا ایک بہترین ذریعہ ہوتی ہے۔جس میں حیدرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے بشمول دیگر ریاستوں کے عوام کی بڑی تعداد اس سالانہ نمائش دیکھنے کے لیے حیدرآباد پہنچتے تھے۔
اب 25 فروری سے اس صنعتی نمائش کے دوبارہ آغاز کے بعد کورونا وباء،اومیکرون وائرس کے ساتھ ساتھ مختلف،مسائل،مشکلات اور پریشانیوں سے دوچار عوام کے لیے روزآنہ شام تفریح کے لیے چند گھنٹے میسر آئیں گے۔
وہیں مقامی اور ملک کے مختلف مقامات سے آکر اس نمائش میں مختلف گھریلو اور غذائی اشیا کے اسٹالس لگانے والے اور تفریحی ذرائع کے ذریعہ روزگار حاصل کرنے والے چھوٹے اور بڑے بیوپاریوں کو بھی روزگار کے مواقع حاصل ہوجائیں گے۔جنہیں اس نمائش کی منسوخی سے شدید مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا تھا!!۔

