شادی شدہ خاتون کے نوجوان سے ناجائز تعلقات
بلیک میلنگ کے ذریعہ دو نوجوانوں نے عصمت ریزی کی
وقارآباد کے جنگلات میں خاتون اور آشنا کا اقدام خودکشی
حیدرآباد/وقارآباد : 17۔ڈسمبر (سحرنیوزڈاٹ کام)
دو نوجوانوں نے ایک ایسی شادی شدہ خاتون جس کے ایک اور نوجوان سے ناجائز تعلقات ہیں کو بلیک میل کرتے ہوئے اس کی عصمت ریزی کی۔جس کے بعد اس خاتون اور اس کے آشنا نے وقارآباد کے جنگلات میں جراثیم کش دوا پی کر خودکشی کی کوشش کی۔
اس شرمناک واقعہ کی تفصیلات کے مطابق بورا بنڈہ حیدرآباد کی ساکن ایک شادی شدہ خاتون کے ایک نوجوان کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے۔
اس بات سے واقف اسمٰعیل اور یٰسین اس خاتون کو چند دنوں سے بلیک میل کررہے تھے کہ وہ نوجوان کے ساتھ اس کے ناجائز تعلقات کا پردہ فاش کردیں گے اور ساتھ ہی اس خاتون کو دھمکی دی جارہی تھی کہ اس کی جانب سے ان دونوں کی جنسی خواہش پوری نہیں کی گئی تو اس کے ناجائز تعلقات والے ویڈیوز اور فوٹوز کو وہ سوشل میڈیا پر وائرل کردیں گے۔
انہی دھمکیوں کے ساتھ اسمٰعیل اور یٰسین نے اس شادی شدہ خاتون کی عصمت ریزی کی۔پھر اس کے بعد اس خاتون کو مسلسل بلیک میل کررہے تھے۔
جس سے خوفزدہ اور دلبرداشتہ ہوکر تین دن قبل یہ خاتون اپنے نوجوان آشنا کے ساتھ وقارآباد پہنچی اور جنگل میں اس خاتون نے اور اس کے آشنا نے جراثیم کش دوا پی کر خودکشی کی کوشش کی۔تاہم وہاں موجود لوگوں نے ان دونوں کو فوری طور پر وقارآباد کے ایریا ہسپتال منتقل کیا جہاں سے طبی امداد کی فراہمی کے بعد اس خاتون اور نوجوان کو حیدرآباد منتقل کردیا گیا تھا۔
ان دونوں کو طبی امداد کی فراہمی کے بعد آج شام حیدرآباد میں پولیس نے ان دونوں سے اقدام خودکشی کی وجہ دریافت کی تو اس خاتون نے پولیس کو ساری تفصیلات بتادیں کہ اسمٰعیل اور یٰسین نے اس کو بلیک میل کرتے ہوئے اس کی عصمت ریزی کی ہے اور اسے مسلسل ہراساں کر رہے ہیں اسی سے خوفزدہ اور دلبرداشتہ ہوکر ان دونوں نے خودکشی کی کوشش کی تھی۔
جس کے بعد پولیس نے بورا بنڈہ کے ساکن اسمٰعیل اور یٰسین کے خلاف ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور ان دونوں ملزمین کی تلاش جاری ہے۔اطلاع ہے کہ یٰسین نابالغ ہے!!

