حالات کو بدلنے کے لیے پہلے ہمیں اپنے آپ کو بدلنا ہوگا : مولانا محمد عبدالقوی صاحب کا خطاب

حالات کو بدلنے کے لیے پہلے ہمیں اپنے آپ کو بدلنا ہوگا
مدرسہ قاسم العلوم تانڈور کے جلسہ دستار بندی سے مولانا محمد عبدالقوی صاحب کا خطاب

وقارآباد/تانڈور: 03۔مارچ
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

حضرت مولانا محمد عبدالقوی،شیخ الحدیث و ناظم ادارہ اشرف العلوم حیدرآباد نے کہاہے کہ دنیا بھر میں عموماً اور ہندوستان میں خصوصا ًہر کوئی اس بات کی شکایت کررہا ہے کہ مسلمانوں کے لیے حالات دن بہ دن بگڑتے جا رہے ہیں اور مسلمانوں کا جینا دوبھر کیا جا رہا ہے۔ نہ ان کا دین و شعائر اسلام محفوظ ہے نہ وہ محفوظ ہیں ہر طرف ظلم وستم کا منظر ہے کیا مساجد اور کیا مدارس و مراکز اسلام تمام دشمنان اسلام کی آنکھوں میں کھٹک رہے ہیں۔مولانا نے تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لیکن ان سب کے باوجود ہم خواب غفلت سے بیدار ہونے تیار نہیں ہیں۔

حضرت مولانا عبدالقوی گزشتہ رات وقارآبادضلع کے تانڈورکےصمد فنکشن پیالیس میں محمد طاہر قریشی صدر انتظامی کمیٹی مدرسہ قاسم العلوم تانڈور کی زیر صدارت منعقدہ مدرسہ ہذاکے سالانہ ” جلسہ دستار بندی "سے خطاب کر رہے تھے۔

مولانا محمد عبدالقوی،شیخ الحدیث و ناظم ادارہ اشرف العلوم حیدرآباد نے اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ دوسری جانب دن بہ دن ہماری غفلت میں بھی اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے جس کی وجہ سے خدا تعالی نے بھی ہمیں اپنے حال پر چھوڑ دیا ہےکیونکہ جو قوم اپنے آپ کو بدلنے کی فکر نہیں کرتی اللہ تعالی بھی اسے حالات کے حوالے کر دیتے ہیں۔

حضرت مولاناعبدالقوی نےمسلمانوں کو تلقین کی کہ اگر ہم چاہتےہیں کہ حالات میں تبدیلی آئے تو لازمی ہیکہ ہم اپنے اندر بیداری لائیں، باشعور، ذمہ دار شہری اور مسلمان بن کر زندگی گزاریں اور قرآن مجید سے اپنا رشتہ مزید مضبوط کریں۔

مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی ناظم مدرسہ قاسم العلوم تانڈور کی زیر نگرانی منعقدہ اس اجلاس میں تکمیل قرآن مجید کی سعادت حاصل کرنے والے تین طلباء حافظ محمد کاظم عرفان ولد محمد قاسم قریشی،حافظ محمد عبدالباری جبیر ولد مولانا عبدالقدوس رشادی اور حافظ محمد حنظلہ نبیل ولد مولانا عبدالرحمن اطہر قاسمی کی حضرت مولانا عبدالقوی کے ہاتھوں دستار بندی عمل میں لائی گئی ہے۔

اس جلسہ دستار بندی میں مدرسہ کے دیگر طلباء نے اپنا تعلیمی مظاہرہ پیش کیا اور سال بھر مدرسہ کی مختلف سرگرمیوں میں حصہ لینےوالے ممتاز طلباء کو گراں قدر انعامات سے نوازا گیا۔جلسہ کی کارروائی مولانا عبدالرحمن اطہر قاسمی نائب ناظم مدرسہ قاسم العلوم نے چلائی جبکہ مفتی سید شکیل احمد قاسمی ناظم تعلیمات مدرسہ قاسم العلوم نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔اس جلسہ دستار بندی میں وقارآباد ضلع کے مختلف مقامات سے علمائ،دانشوران اور عوام مرد وخواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 " یہ بھی پڑھیں "

حیدرآباد ایئر پورٹ پر 6 کروڑ روپئے مالیتی 13 کلو 65 گرام سونا ضبط، تین گرفتار

 

تانڈور میں ایئر کولرس کی دکان میں بھیانک آتشزدگی، زائد از ایک کروڑ مالیتی اشیاء ،فرنیچر اور عمارت آگ کی نذر

وقارآباد ضلع میں بچوں کے اغواء کی سوشل میڈیا پر زیر گشت افواہوں پر عوام یقین نہ کریں : ضلع ایس پی نندیالا کوٹی ریڈی کا بیان