حیدرآباد پولیس نے مطلوبہ بین ریاستی گانجہ سپلائر کو پکڑلیا
چار لاکھ روپئے مالیتی 40 کلو گانجہ ضبط:کمشنر پولیس انجنی کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد: 19۔اکتوبر (سحرنیوز ڈاٹ کام)
حیدرآباد پولیس نے آج ایک بہت بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک بین ریاستی مطلوبہ گانجہ سپلائر کو دبوچ لیا اور اس کے قبضہ سے 40 کلو وزنی گانجہ ضبط کرلیا جس کی قیمت چار لاکھ روپئے بتائی جاتی ہے۔
کمشنر سٹی پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے پریس کانفرنس میں تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ مصدقہ ذرائع سے موصول اطلاع کے بعد کمشنر ٹاسک فورس،نارتھ زون کی ٹیم اور افضل گنج پولیس نے سنٹرل بس اسٹیشن کے آٹو پارکنگ پوائنٹ سے ایک بین ریاستی اور سب سے زیادہ مطلوب Most Wanted گانجہ کے سپلائر ” ونا پلی ناگا سائی ” 24 سالہ،ساکن نرسی پٹنم،وشاکھا پٹنم،آندھرا پردیش جو کہ منشیات بالخصوص گانجہ کی سربراہی میں ملوث ہے کو اس وقت پکڑلیا جب وہ اپنے حیدرآبادی ٹریڈر کو گانجہ حوالے کرکے رقم حاصل کرنے کا انتظار کر رہا تھا۔

کمشنر پولیس نے بتایا کہ وناپلی ناگا سائی این ڈی پی ایس کی دفعات کے تحت دو کیسوں میں حیدرآباد پولیس کو مطلوب تھا اس کے خلاف عنبر پیٹ اور ملک پیٹ پولیس اسٹیشنوں میں منشیات کی اسمگلنگ کے دو کیس درج تھے۔
کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے بتایا کہ ونا پلی ناگاسائی کیٹیرنگ کا کاروبار کرتے ہوئے تلنگانہ کے حیدرآباد اور آندھراپردیش کے وجئے واڑہ میں منشیات بالخصوص گانجہ کی اسمگلنگ میں ملوث ہے اور یہ آندھرا پردیش کے نرسی پٹنم چوراہا سے براہ اناورم، راجمندری اور سوریہ پیٹ حیدرآباد کو گانجہ سربراہ کیا کرتا تھا۔
ساتھ ہی اس کے روابط ملک کی مختلف ریاستوں کے گانجہ کے سپلائرس سے بھی ہیں جو انہیں گانجہ سربراہ کیا کرتا تھا۔
کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے بتایا کہ تفتیش کے دؤران انکشاف ہوا کہ اس کے تلنگانہ،مہارشٹرا، گجرات اور اتر پردیش کے علاوہ کئی ریاستوں کے گانجہ کے بیوپاریوں سے اس کے روابط ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ونا پلی ناگاسائی کا نارائن کھیڑ ،ضلع سنگاریڈی کے گانجہ سپلائر/ٹریڈر پریم سنگھ سے رابطہ ہوا اور طئے پایا کہ وہ انہیں دو لاکھ روپئے میں 40 کلوگرام گانجہ فراہم کرے گا اور اس گانجہ کی ڈیلیوری سنٹرل بس اسٹانڈ حیدرآباد کے آٹو پارکنگ پوائنٹ میں ہوگی۔
کمشنر پولیس حیدرآباد سٹی انجنی کمار نے بتایا کہ اس معاہدہ کے تحت وناپلی ناگا سائی ایک خانگی گاڑی کے ذریعہ پیاک کیے ہوئے گانجہ کے پیاکٹس لے کر مذکورہ مقام پر پہنچ کر نارائن کھیڑ ،ضلع سنگاریڈی کے گانجہ سپلائر/ٹریڈر پریم سنگھ کا انتظار کررہا تھا کہ اسے گانجہ سمیت تحویل میں لے لیا گیا۔

بعدازاں اسے مزید کارروائی کی غرض سے ضبط شدہ 40 کلو گانجہ سمیت ایس ایچ او افضل گنج پولیس اسٹیشن کے حوالے کردیا گیا۔اس کے خلاف این ڈی پی ایس کے تحت مخالف منشیات کی مختلف دفعات کی عائد کی گئی ہیں۔
اور یہ کارروائی پی۔رادھا کرشنن راؤ (آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی)،ڈپٹی کمشنر آف پولیس،کمشنرس ٹاسک فورس کے۔ ناگیشورراؤ،انسپکٹر آف پولیس،کمشنرس ٹاسک فورس،نارتھ زون ٹیم اور ایم۔رویندرریڈی انسپکٹر آف پولیس افضل گنج پولیس اسٹیشن کے علاوہ اسسٹنٹ سب انسپکٹران پولیس کے۔سری کانت،بی۔پرمیشور،جی۔شیوانندم اور نارتھ زون ٹاسک فورس ٹیم نے انجام دی۔

