پرورش کی غرض سے پڑوسی کے تین سالہ لڑکے کا اغوا، دو خواتین گرفتار،لڑکا برآمد،حیدرآباد میں افسوسناک واقعہ

خاتون نے اپنے پڑوسی کے تین سالہ لڑکے کا اغوا کرکے اپنی رشتہ دار خاتون کے حوالے کردیا
دونوں خواتین گرفتار،مغویہ لڑکا والدین کے حوالے،حیدرآباد کے بنڈلہ گوڑہ میں افسوسناک واقعہ

حیدرآباد: 19۔اکتوبر (سحرنیوزڈاٹ کام)

اولاد نرینہ کی خواہش رکھنے والی اپنی ایک رشتہ دار خاتون کے لیے اپنے ہی پڑوسی کے ایک کمسن لڑکے کا اغوا کرتے ہوئے اپنی ایک رشتہ دار خاتون تک پہنچانا ان دونوں خواتین کے مہنگا ثابت ہوا اور لڑکے کے اغوا کے معاملہ میں گرفتار ہوکر دونوں جیل پہنچ گئیں۔

حیدرآباد کے پرانا شہر کے علاقہ چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات ڈاکٹر گجاراؤ بھوپال،ڈپٹی کمشنر آف پولیس،ساؤتھ زون،حیدرآباد کے مطابق محمد نصیر ساکن نزد جامع مسجد، راجیو گاندھی نگر، بنڈلہ گوڑہ،حیدرآباد نے کل 18 اکتوبر کو شکایت درج کروائی تھی کہ دوپہر دو بجے سے ان کا تین سالہ لڑکا محمد احمد مکان سے لاپتہ ہے۔

اس شکایت پر ایک کیس Cr. No. 573/2021 U/s 363 IPC of PS Chandrayangutta کے تحت درج رجسٹر کرتے ہوئے پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

اور پولیس نے کامیاب تحقیقات کے بعد آج اس لڑکے کا بہادرپورہ علاقہ کے ایک مکان سے برآمد کرتے ہوئے اس لڑکے کے اغوا میں ملوث دو خواتین کو گرفتار کرلیا گیا اور برآمد کیے گئے لڑکے کو اس کے والدین کے حوالے کردیا گیا۔

ڈاکٹر گجاراؤ بھوپال،ڈپٹی کمشنر آف پولیس،ساؤتھ زون،حیدرآباد کے مطابق ان دونوں گرفتار شدہ خواتین میں ملزمہ نمبر ایک فاطمہ بیگم عرف بی بی، عمر 38 سال، زوجہ محمد جاوید،ساکن راجیو گاندھی نگر، بنڈلہ گوڑہ،حیدرآباد اور ملزمہ نمبر دو سیدہ غوثیہ بیگم،عرف آسیہ،زوجہ جہانگیر خان،ساکن نزد مدینہ مسجد،حسن نگر، بہادر پورہ ،حیدرآباد شامل ہیں۔

ڈاکٹر گجاراؤ بھوپال، ڈپٹی کمشنر آف پولیس،ساؤتھ زون،حیدرآباد نے اس تین سالہ لڑکے کے اغوا کی وجوہات اور تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمہ نمبر ایک فاطمہ بیگم عرف بی بی اغوا کیے گئے لڑکے اور اس کے والدین کی پڑوسی ہیں اور ان کے ساتھ بہتر تعلقات بھی رکھتی تھیں ساتھ ہی دونوں گرفتار شدہ ملزمین فاطمہ بیگم اور سیدہ غوثیہ بیگم آپس میں قریبی رشتہ دار بھی ہیں۔

سیدہ غوثیہ بیگم کو ایک 6 سالہ لڑکی ہے اور وہ مرد بچے کی خواہشمند تھیں اور ایک ماہ قبل انہوں نے فاطمہ بیگم سے اس بات کا اظہار کیا تھا کہ وہ پرورش کی غرض سے ایک لڑکے کو گود لینا چاہتی ہیں۔

جس کے بعد فاطمہ بیگم ایک لڑکے کی تلاش میں تھیں۔اسی دؤران فاطمہ بیگم نے منصوبہ بنایا کہ اپنے پڑوسی محمد نصیر کے تین سالہ لڑکے محمد احمد کا اغوا کرکے اسے پرورش کی غرض سے سیدہ غوثیہ بیگم کے حوالے کیا جائے۔

اپنے اس منصوبہ پر عمل کرتے ہوئے اس واقعہ کی ملزمہ نمبر ایک فاطمہ بیگم نے کل 18 اکتوبر کو ساڑھے گیارہ بجے دن اپنے پڑوسی محمد نصیر کے تین سال بیٹے محمد احمد کا اس وقت اغوا کرلیا جب مکان میں کوئی موجود نہیں تھے اور محمد احمد اپنے مکان کے باہر تنہا کھیل میں مصروف تھا۔اور مغویہ لڑکے کو آٹورکشا کے ذریعہ بہادر پورہ لے جاکر اس کیس کی ملزمہ نمبر دو سیدہ غوثیہ بیگم کے حوالے کردیا۔

ڈاکٹر گجاراؤ بھوپال، ڈپٹی کمشنر آف پولیس،ساؤتھ زون،حیدرآباد کے مطابق آج 19 اکتوبر کو تحقیقات کے دؤران سی سی ٹی وی کیمرہ فوٹیج کے مشاہدے اور دیگر ذرائع سے دستیاب اطلاعات کے بعد سیدہ غوثیہ بیگم،عرف آسیہ،زوجہ جہانگیر خان،ساکن نزد مدینہ مسجد، حسن نگر، بہادر پورہ،حیدرآباد کے مکان سے مغویہ لڑکے محمد احمد کو برآمد کرلیا گیا اور اس لڑکے کے اغوا میں ملوث فاطمہ بیگم اور سیدہ غوثیہ بیگم کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کی یہ کارروائی جناب سید رفیق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس،ساؤتھ زون،حیدرآباد کی قیادت میں انجام دی گئی۔جس میں ایڈیشنل کمشنر آف پولیس،فلک نما،حیدرآباد ایم اے مجید کے علاوہ پولیس عہدیداران کے این پرساد ورما انسپکٹر،محمد منور ڈی آئی شاہ علی بنڈہ، ایس۔ویریا ڈی آئی،کے۔ایس روی ڈی آئی فلک نما،سب انسپکٹران پولیس غوث خان،جے۔سرینو،کے۔گووردھن ریڈی کے بشمول پولیس کانسٹیبلس سریش راج،وینکٹیش گوڑ،نندا کشور، روی نائیک،سائی پرساد،معز اور ہوم گارڈ ایس جی وینکٹیش نے حصہ لیا۔