اتراکھنڈ بارش اور سیلاب سے شدید متاثر، 22 افراد ہلاک،فوج سیلابی پانی میں پھنسے لوگوں کو نکالنے میں مصروف ،ویڈیو وائرل

پہاڑی ریاست اتراکھنڈ بارش اور سیلاب سے شدید متاثر،22 افراد ہلاک
سیلابی پانی میں محصور عمارت میں پھنسیں حیدرآبادی لڑکیوں کی مدد
فوج سیلابی پانی میں پھنسے لوگوں کو نکالنے میں مصروف،ویڈیو وائرل

اتراکھنڈ؍دہرہ دون: 19۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاست اتراکھنڈمسلسل تیسرے دن بھی شدید بارش کے دؤران سیلاب کی تباہی سے دوچارہے جہاں اب تک 22 افراد کی موت واقع ہوگئی ہے اور 11 افراد لاپتہ بتائے جاتے ہیں!

شدید بارش نے اس پوری پہاڑی ریاست میں افراتفری اور تباہی پھیلادی ہے،جہاں سیلاب کی وجہ سے سڑکیں اور عمارتیں زیر آب آگئی ہیں، پل ٹوٹ گئے ہیں اور سیلابی پانی کے باعث مقامی عوام کے علاوہ سیاح پھنس گئے ہیں۔

اتراکھنڈ میں جاری شدید بارش اورسیلابی پانی میں ملکاجگیری،رادھا کرشنا نگر،حیدرآباد  کی ساکن سشما اور ان کی ساتھیوں کا ایک 6 رکنی گروپ جو کہ دسہرہ کی تعطیلات کے دؤران سیاحت کی غرض سے اتراکھنڈ گیا ہوا تھا اور بارش کے دؤران وہاں لیمن ٹری ریسارٹ،جم کاربیٹ پارک کی ایک تین منزلہ عمارت میں پھنس گئے ہیں اس عمارت کی دوسری منزل تک سیلابی پانی آگیا ہے اور ان کا وہاں سے نکلنا ممکن نہیں ہے۔

رادھا کرشنا نگر ویلفیئر اسوسی ایشن،ملکاجگیری کی جانب سے سیلاب میں پھنسی ان لڑکیوں کی مدد کی اپیل کرتے ہوئے آج صبح 9 بجے ایک ٹوئٹ کیا گیا تھا۔

مرکزی وزیر سیاحت جی۔کشن ریڈی جو کہ لوک سبھا میں حلقہ پارلیمان سکندرآباد کی نمائندگی کرتے ہیں نے اس ٹوئٹ کے جواب میں لکھا ہے کہ "پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں،مقامی انتظامی حکام اور سشما سے بھی بات کی ہے، ضروری مدد فراہم کردی گئی ہے اور وہ نئی دہلی واپس جا رہے ہیں "۔

اتراکھنڈ کی سیلابی صورت حال کی تفصیلات وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کو وزیراعلیٰ اتراکھنڈ پشکر سنگھ دھامی نے واقف کروایا۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے بتایا کہ تین فوجی ہیلی کاپٹر امدادی کارروائیوں کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔اور ریاست میں مکانات اور پلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

وزیراعلیٰ اتراکھنڈ پشکر سنگھ دھامی نے آج شام بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو فضائی معائنہ کیا

بارش کی شدت کے دؤران نینی تال جھیل لبریز ہوکر بہہ رہی ہے اور ندی پر زیر تعمیر ایک پل پانی کی سطح میں اضافہ کے باعث بہہ گیا ہے۔وہیں ایک کار سوجھی ندی کے درمیان دو پتھروں کے درمیان پھنس گئی ہے جس میں مسافر موجود ہیں۔

ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے اتوار کو ایک ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے پیش قیاسی کی تھی کہ پیر سے پہاڑی ریاست اتراکھنڈ میں شدید ترین بارش ہوگی۔

دوسری جانب اتراکھنڈ حکومت نے بھی شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ جہاں ہیں وہیں رہیں باہر نہ آئیں۔

میڈیا اطلاعات کے مطابق اتراکھنڈ کے کئی مقامات پر مکانات کے زیر آب آجانے سے عوام اپنے اپنے مکانات کی چھتوں پر پہنچ کر مدد کی اپیل کررہے ہیں۔

اسی دؤران سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے کہ جس میں ایک جنرل اسٹور جو کہ سیلابی پانی میں محصور ہوگیا ہے میں چند افراد پھنس گئے ہیں جنہیں سیلابی پانی میں اپنے ہاتھوں کی زنجیر بناتے ہوئے ٹھہر کر حفاظت کے ساتھ ہندوستانی فوج کے جوان اپنے کاندھوں پر اٹھاکر باہر نکالنے میں مصروف ہیں۔

سوشل میڈیا پر پھر ایک مرتبہ ہندوستانی فوجی جوانوں کے اس جذبے اور ان کی خدمات کی زبردست سراہنا کی جارہی ہے۔