دوبئی سے حیدرآباد ایرپورٹ پہنچے دو مسافرین کے قبضہ سے تین کروڑ روپئے مالیتی 6 کلو سونا ضبط

دوبئی سے حیدرآباد  پہنچے دو مسافرین کے قبضہ سے تین کروڑ روپئے مالیتی 6 کلو سونا ضبط
مصدقہ اطلاع کے بعدکسٹم عہدیداروں کی کارروائی،ایمرجنسی لائٹ میں چھپاکر لایا گیا تھا سونا

حیدرآباد: 19۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ(شمس آباد ایرپورٹ) پر سونا اور چاندی کی اسمگلنگ کو روکنے کی غرض سے کسٹم عہدیدار مصروف ہیں لیکن آئے دن مختلف طریقوں سے سونا اور چاندی کی اسمگلنگ کا گورکھ دھندہ ہنوز جاری ہے۔

ہر وقت سونا کی اسمگلنگ کا گروہ کی جانب سے مختلف طریقوں سے فلمی انداز میں غیر ممالک سے سونا کی اسمگلنگ کا سلسلہ جاری ہے اور عہدیداروں کی چوکسی کے باعث ایرپورٹ پر یہ گروہ پکڑا بھی جارہا ہے۔

آج منگل کو حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ پر کسٹم عہدیداروں نے ایک بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے دوبئی سے حیدرآباد پہنچنے والے دو مسافرین کے قبضہ سے 6 کلو سونا ضبط کرتے ہوئے انہیں تحویل میں لے لیا ہے۔کسٹم عہدیداروں کے مطابق حیدرآباد ایرپورٹ پر پہلی مرتبہ اتنی بڑی مقدارمیں سونا ضبط کیے جانے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

اس واقعہ کی تفصیلات کسٹم عہدیداروں کے مطابق مصدقہ ذرائع سے موصولہ اطلاع کے بعد کسٹم عہدیدار حیدرآباد ایرپورٹ پر چوکس ہوگئے تھے اور فلائٹ نمبر ای کے 524 کے ذریعہ دوبئی سے حیدرآباد پہنچنے والے دو مسافرین کی تلاشی کے بعد ان کے پاس سے 6 کلو سونا برآمد ہوا جسے ایمرجنسی لائٹس میں چھپاکر لایا گیا تھا۔

عہدیداروں کے مطابق اس سونا کی مالیت 2 کروڑ 90 لاکھ روپئے ہے اور اس سلسلہ میں کسٹم عہدیدار دوبئی سے حیدرآباد پہنچنے والے ان دونوں مسافرین کو تحویل میں لے کر مزید پوچھ تاچھ میں مصروف ہیں۔اور ان دونوں کے خلاف کس درج رجسٹر کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ جاریہ سال 3 ستمبر کو حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد  میں کسٹم عہدیداروں نے شارجہ سے حیدرآباد واپس ہونے والے ایک مسافر کے پاس سے 895.20 گرام سونا جسے مادہ (پیسٹ) کی شکل میں ڈھالا گیا تھا کو ضبط کرلیا تھا جس کی مالیت 44 لاکھ 55 ہزار روپئے بتائی گئی تھی جسے انڈرویئر میں چھپاکر لایا گیا تھا۔

اس وقت اندرون دو یوم کسٹم عہدیداروں نے حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر مختلف ملکوں سے آنے والے شہریوں کے پاس سے دیڑھ کلو سونا ضبط کیا گیا تھا۔

اسی طرح 5 ستمبر کو شمس آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ میں ڈرامائی انداز میں دوبئی سے حیدرآباد آرہی انڈیگو کی فلائٹ 6E25 کے مقفل باتھ روم سے سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف )کے عہدیداروں کو 350 گرام سونا ضبط کیا تھا۔

جب کہ جاریہ ماہ کے آغاز میں حیدرآباد کسٹم کے عہدیداروں نے ایک خاتون سوڈانی مسافر سے پیسٹ کی شکل میں لایا گیا 1200 گرام سے زائد سونا ضبط کیا تھا جسے اس نے اپنے زیر جامہ میں اور ہاتھ میں موجود پرس میں چھپا رکھا تھا۔