شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان کی درخواست ضمانت دوبارہ مسترد
ضمانت کے لیے آریان خان کے وکلا ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع ہوں گے!!
ممبئی: 20۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
فلم اداکار شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان (23 سالہ) کی درخواست ضمانت آج ممبئی کی این ڈی پی ایس خصوص عدالت نے مسترد کردی ہے۔جو کہ 8 اکتوبر سے ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں ہے۔ان کے ساتھ ارباز مرچنٹ اور مون مون دھمیچا کی درخواست ضمانت بھی مسترد کی گئی ہے۔
آریان خان کو ان کے دوست ارباز مرچنٹ سمیت 8 افراد کے ساتھ 2 اکتوبر کی رات نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی کے ساحل پر گوا جانے والے کورڈیلیا کروز جہاز پر دھاوے کے بعد گرفتار کیا تھا۔اور شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان 8 اکتوبر سے ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں ہیں۔

آج عدالت کی جانب سے درخواست ضمانت مسترد کردئیے جانے کے بعد آریان خان کے وکلا ضمانت کے لیے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع ہوں گے۔آریان خان کے وکلا ستیش مانیشندے اور امیت دیسائی نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس سے کوئی منشیات نہیں ملی ہیں۔
تاہم انسداد منشیات ایجنسی نے فلم اداکار کے فرزند آریان خان کی واٹس ایپ چیاٹ سے مضبوط شواہد دستیاب ہونے کا دعویٰ کیا ہے کہ وہ بیرون ملک کچھ ایسے افراد کے ساتھ رابطے میں تھے جو بین الاقوامی ڈرگ نیٹ ورک کا حصہ ہیں اور وہ باقاعدگی سے منشیات لیتے تھے۔
آریان خان کے والدین شاہ رخ خان اور گوری خان جنہوں نے گزشتہ جمعہ کو جیل میں قید اپنے بیٹے سے ویڈیو کال پر بات کی تھی نے اس معاملہ میں اب تک کوئی عوامی بیان نہیں دیا ہے۔
یاد رہے کہ خصوصی عدالت نے جمعرات 14 اکتوبر کو کروز منشیات کیس میں آریان خان کی جانب سے داخل کی گئی ضمانت کی درخواستوں پر اپنا فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے آریان خان کو دوبارہ جیل بھیج دیا تھا۔عدالتی تعطیلات کے بعد آج عدالت نے درخواست ضمانت کو مسترد کردیا ہے۔
دوسری جانب خصوصی عدالت کی جانب سے ضمانت مسترد کرنے کے فیصلے سے آریان خان کی قید پر بحث میں شدت آنے کا امکان ہے۔فلم اداکار سلمان خان اور ہریتک روشن جیسے اداکار اور فرح خان سمیت فلمساز و اداکار شاہ رخ خان اور آریان کی حمایت میں سامنے آئے ہیں۔
وہیں منشیات کے معاملے نے ایک سیاسی تنازع کو بھی بھڑکا دیا ہے جس میں مہاراشٹر حکومت نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ مرکزی حکومت کی ہدایت پر مخصوص افراد کو نشانہ بنارہی ہے۔!! جبکہ دوسری جانب بی جے پی نے الزام عائد کیا ہے کہ مہاراشٹر کی حکمراں شیو سینا اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کا مفاد نام نہاد بالی ووڈ منشیات مافیا میں ہے۔
یاد رہے کہ انسداد منشیات ایجنسی اس سے قبل گزشتہ سال اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کی تحقیقات سے منسلک منشیات کے الزامات پر کئی فلمی ستاروں سے پوچھ تاچھ کر چکی ہے۔

