بالی ووڈ کو اپنی شہرت کی قیمت چکانی پڑتی ہے: گیت کار جاوید اختر

بالی ووڈ کو اپنی شہرت کی قیمت چکانی پڑتی ہے
ایک بلین ڈالر کی منشیات پکڑے جانے کے باوجود صرف اداکار کا بیٹا میڈیا کی سرخیوں میں!
مشہور گیت کار،شاعر اور کہانی کار جاوید اختر کا اظہار تاسف

ممبئی: 20۔اکتوبر (سحرنیوزڈاٹ کام/یجنسیز)

ممبئی کی فلمی دنیا ” بالی ووڈ ” کے مشہور کہانی کار،گیت کار اورمنظر نامہ نگار جاوید اختر نے کہا ہے کہ ہندی فلم انڈسٹری اپنی” ہائی پروفائل ” (شہرت) نوعیت کی وجہ سے زیربحث ہے اور یہ قیمت ہے جو اسے ادا کرنا پڑتی ہے۔

سینئر تجربہ کار شاعر،مصنف اور دانشور جاوید اختر کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو کروز جہاز سے مبینہ طور پر منشیات ضبط کرنے کے معاملے میں گرفتار کیے جانے کے بعد بالی ووڈ اور اس کی مشہور شخصیات پر عوامی توجہ مرکوز ہوگئی ہے۔

جاوید اختر مصنف الماس ویرانی اور سویتا سموتا کی لکھی ہوئی کتاب” چینج میکرز ” کی رسمِ اجرائی تقریب میں شریک تھے۔

جاوید اختر سے جب پوچھا گیا کہ کیا وہ محسوس کرتے ہیں کہ بالی ووڈ کو ان دھاؤوں کے ذریعہ نشانہ بنایا جا رہا ہے؟ تو انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری کو ہائی پروفائل ہونے کی قیمت ادا کرنی پڑتی ہے جب آپ ہائی پروفائل ہوتے ہیں تو لوگ آپ کو نیچے کھینچتے ہیں،آپ پر گندگی پھینکتے ہیں۔

جاوید اختر نے استفسار کیا کہ جب آپ کچھ بھی نہیں ہیں تو پھر آپ پر پتھر پھینکنے کے لیے وقت کس کے پاس ہے؟

یاد رہے کہ فلمی دنیا کے کنگ خان مانے جانے والے اداکار شاہ رخ خان کے 23 سالہ فرزند آریان خان کو 2 اکتوبر کی رات ممبئی سے گوا جانے والی کروز سے دیگر ساتھیوں کے ساتھ منشیات معاملہ میں نارکو ٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب گرفتار کیا گیا۔

اس تناظر میں مشہورکہانی کار،گیت کار اورمنظر نامہ نگار جاوید اختر نے گجرات کے ضلع کچھ میں واقع مندرا پورٹ سے 2،988 کلو ہیروئن کی ضبطی کا حوالہ دیتے ہوئے کسی کا نام لیے بغیر کہا ہے کہ سپر اسٹار کے بیٹے کے کیس نے ایک بندرگاہ سے مبینہ "ایک بلین ڈالر” کی منشیات کی بازیابی سے زیادہ میڈیا کی توجہ حاصل کی ہے۔

جاوید اختر نے کہا کہ میڈیا اطلاعات کے مطابق آپ کو ایک بندرگاہ سے ایک ارب ڈالر کی کوکین ملتی ہےاور ایک نامعلوم مقام پر جہاں 1200 افراد موجود ہیں وہاں سے آپ کو گانجہ اور ایک لاکھ 30 ہزار روپئے کی رقم ملتی ہے اور اب یہ ایک بڑی قومی خبر بن چکی ہے۔لیکن میں نے اربوں ڈالر کی کوکین پر کوئی سرخی نہیں دیکھی!!

جب جاوید اختر سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں لگتا ہے کہ شاہ رخ خان اور آریان خان کو نشانہ بنایا جا رہا ہے تو انہوں نے اس پر کسی بھی قسم کے تبصرہ سے انکار کردیا۔