آن لائن شاپنگ کے ذریعہ ” فُٹ بال ساکس ” کا آرڈر
موصولہ سامان دیکھ کر خریدار حیران
ٹوئٹر کے ذریعہ معاملہ ہوا حل،کمپنی نے معذرت خواہی کرلی
ممبئی: 20۔اکتوبر (سحرنیوزڈاٹ کام)
گزشتہ چند سال سے آن لائن شاپنگ کا رواج زوروں پر ہے زیادہ تر انٹرنیٹ صارفین اپنے شہروں میں دستیاب اشیا بھی آن لائن اپنے مکان تک منگوانے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
چند ایسے معتبر ادارے ہیں جو اپنے آن لائن اشتہارات میں دکھایا جانے والا سامان ہی صارف کو روانہ کرتے ہیں اور زیادہ تر اس معاملہ میں دھوکہ دہی سے کام لیتے ہیں۔وہیں کبھی کبھار نامور کمپنیوں کی جانب سے بھی صارف کو اس کے آرڈر سے ہٹ کر کوئی اور شئے روانہ کردی جاتی ہے!
بہت سے آن لائن صارفین کی اکثر شکایت ہوتی ہے کہ جس چیز کا انہوں نے آن لائن آرڈر دیا تھا اس کی جگہ پر ناقص یا پھر کوئی اور چیز پیاک کرکے روانہ کردی جاتی ہے اور اس پیاکنگ کو کھولنے کے بعد ہی معلوم ہوتا ہے کہ انہیں ٹھگ لیا گیا ہے۔

ایسے صارفین میں سے زیادہ تر صارف غصہ کا گھونٹ پی کر خاموش ہوجاتے ہیں وہیں ایسے آن لائن صارف بھی ہیں جو لگاتار ایسی دھوکہ باز آن لائن کمپنیوں کے پیچھے پڑجاتے ہیں جس کے بعد انہیں ان کی آرڈر شدہ مطلوبہ اشیا وہ کمپنیاں روانہ کرکے پہلے بھیجا گیا اپنا ناقص اور دوسرا سامان واپس منگوالیتی ہیں یا پھر اپنا بھجوایا گیا سامان واپس منگواکر ادا کی گئی رقم واپس بھیج دیتے ہیں۔
قارئین کی اطلاع کے لیے یہاں یہ لکھنا لازمی ہے کہ ان دنوں افغانستان میں طالبان کی واپسی کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان درآمد اور برآمد میں تعطل کے باعث ملک میں ڈرائی فروٹ (خشک میوہ جات)جن میں بادام،کاجو، پستہ، انجیرکے ساتھ ساتھ زعفران اور دیگر مسالحہ جات کی قیمت دوگنی سے بھی زیادہ ہوگئی ہے۔
ایسے میں آج بھی آپ کو انٹرنیٹ کی مختلف سائٹس،سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمس پر انتہائی سستی قیمت پر ڈرائی فروٹ کی فراہمی کے اشتہارات کی بھرمار نظر آئے گی اور ساتھ ہی ایک آرڈر کے ساتھ دوسرا مفت کا بھی لالچ دیا جارہاہے! بالکل بھی ایسے اشتہارات کے جھانسہ میں آکر دھوکہ کا شکار نہ ہوں!!
اس معاملہ میں چوکس رہیں اور ایسے دھوکہ بازوں کے جھانسے میں آکر اپنی رقم سے محروم نہ ہوں،زیادہ تر خریداروں کی شکایت ہے کہ انہیں اس کے ذریعہ دھوکہ دیا گیا ہے۔آن لائن شاپنگ کے لیے مستند اورمشہور تجارتی کمپنیوں سے ہی خریدی کریں یا پھر دیگر آن لائن کمپنیوں پر بھروسہ کے بعد ہی اپنے آرڈر دیں۔

آئیے اب ممبئی کے ایک صارف کے آن لائن آرڈر اور انہیں موصولہ شئے کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہیں جس کی دھوم مشہور مائیکرو بلاگر ٹوئٹر پر مچی ہوئی ہے۔
دراصل دو دن قبل ٹوئٹر پر ایک صارف”کشیپ” Kashyap@ جو کہ کامیڈین بتائے جاتے ہیں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں باقاعدہ تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ”انہوں نے فٹ بال ساکس (پاتابے، جرابیں) آن لائن آرڈر کی تھیں۔
تاہم انہیں ایک Bra چولی موصول ہوئی اور اس کمپنی سے شکایت کے بعد ان کا کہنا ہے کہ تبدیلی نہیں ہوسکتی،تو میں فٹ کھیلنے کے لیے اب یہ 34 نمبر کا برا پہننے جارہا ہوں اور میں اس کو فٹ بال برا کہوں گا”

ان کا یہ ٹوئٹ وائرل ہوگیا اور کئی ٹوئٹر صارفین بشمول خواتین کی بڑی تعداد نے اپنے کمنٹ کے ذریعہ یہی شکایت کی کہ آن لائن آرڈر پر اس طرح کی دھوکہ دہی اب عام ہوگئی ہے۔
اور ساتھ ہی اس ٹوئٹ پر کئی مزاح سے بھرپور کمنٹ بھی کیے گئے یہ ٹوئٹ ہزاروں کی تعداد میں ری ٹوئٹ اور لائک کیا گیا ہے۔
پھر کشیپ نے اپنے اس ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ” اس ٹوئٹ نے 48 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں تین لاکھ سے زیادہ تاثرات Impressions حاصل کیے ہیں”۔
ٹوئٹر پر اس ٹوئٹ کے ہنگامہ کے فوری بعد مذکورہ کمپنی کے انتظامیہ کی جانب سےکشیپ کے اس ٹوئٹ پر کمنٹ کے ذریعہ معذرت طلب کرتے ہوئے انہیں تیقن دیا کہ جو غلطی ان کی کمپنی کی جانب سے ہوئی ہے اس کے لیے انہیں افسوس ہے اور وہ فوری طور پر ان کا مطلوبہ آرڈر مکمل کرتے ہوئے انہیں فٹ بال کی جرابیں Socks روانہ کیے جائیں گے۔
اس طرح اس صارف نے ٹوئٹر کے ذریعہ اپنا مسئلہ حل کرلیا اور یہ پیغام دیا کہ آن لائن شاپنگ کے ذریعہ دھوکہ دہی کا شکار ہونے والے صارفین سوشل میڈیا کا درست استعمال کرتے ہوئے اس طرح اپنے نقصان کی پابجائی کرسکتے ہیں!!

