حیدرآباد ایرپورٹ پر دُبئی سے پہنچے مسافر کے قبضہ سے 37 لاکھ روپئے مالیتی 699 گرام سونا کے بسکٹ ضبط

حیدرآباد ایرپورٹ پر دُبئی سے پہنچے مسافر کے قبضہ سے
37 لاکھ روپئے مالیتی 699 گرام سونا کے بسکٹ ضبط

حیدرآباد:31۔مارچ (سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ (شمس آباد ایرپورٹ) پرکسٹم عہدیداروں کی چوکسی کے باعث غیرممالک سے آنے والے اور چند غیر ممالک جانے مسافرین کے قبضہ سے بڑی مقدار میں اسمگل کیا جانے والا سونا،بیرون ممالک کی کرنسی اور دیگر ممنوعہ اشیا ضبط کیے جانے کا سلسلہ ہنوز جاری ہے!ان اشیا کی اسمگلنگ میں مصروف افراد بھی مختلف خفیہ طریقوں اور سامان میں چھپاکر لانے میں مصروف ہیں۔تاہم گزشتہ دیڑھ ماہ کے دؤران ان معاملات میں کمی درج کی گئی تھی۔

حیدرآباد ایرپورٹ پر محکمہ کسٹمس کے عہدیداروں نے آج دبئی سے آنے والے ایک مسافر کے قبضہ سے اسمگل کیا جانے والا سونا ضبط کرتے ہوئے اس مسافر کو اپنی تحویل میں لے کرایک درج کرلیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

محکمہ کسٹمس حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے عہدیداروں کے مطابق آج 31 مارچ کو دُبئی سے ایرانڈیا کی فلائٹ نمبر AI-952 کے ذریعہ حیدرآباد ایرپورٹ پہنچے ایک مسافر کی تلاشی لی گئی تو اس کے بیاگ سے اسمگلنگ کیے جارہے سونا کے 6 بسکٹ برآمد ہوئے۔

کسٹمس عہدیداروں کے مطابق اس مسافر کے قبضہ سے 699.5 گرام سونا برآمد ہوا جسے ضبط کرلیا گیا۔محکمہ کسٹمس حیدرآباد ایرپورٹ کے عہدیداروں کے مطابق اس ضبط شدہ سونا کی مالیت 37 لاکھ 30 ہزار روپئے ہے۔اور اس سلسلہ میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔

یاد رہے کہ حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ (شمس آباد ایرپورٹ) پرکسٹم عہدیداروں نے 29 مارچ کو بھی ایر انڈیا کی اسی فلائٹ نمبر AI-952 کے ذریعہ دُبئی سے حیدرآباد ایرپورٹ پہنچے ایک مسافر کے قبضہ سے 231.5 گرام پر مشتمل سونا ضبط کیا تھا۔جس کی مالیت 12 لاکھ 33 ہزار روپئے بتائی گئی تھی۔اس سونے کو ریڈیم رنگ چڑھا کر چھوٹے رنگس کی شکل دی گئی تھی اور اسے گلے میں پہنی جانے والی ریڈیم چین میں تبدیل کرتے ہوئے بیاگ میں چھپایا گیا تھا۔اس مسافر کے خلاف بھی ایک کیس درج رجسٹر کیا گیاتھا۔