حیدرآباد ایرپورٹ پر دبئی اور شارجہ سے پہنچے دو مسافرین کے قبضہ سے69 لاکھ روپئے مالیتی 1412 گرام سونا ضبط

 حیدرآباد ایرپورٹ پر دبئی اور شارجہ سے پہنچے
دو مسافرین کے قبضہ سے 69 لاکھ روپئے مالیتی 1412 گرام سونا ضبط
دونوں پیروں کے پلاسٹر اور انڈروئیر میں چھپایا تھا سونے کا پیسٹ

حیدرآباد : 10۔جنوری (سحرنیوزڈاٹ کام)

حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ (شمس آباد ایرپورٹ) پرمحکمہ کسٹمس کے عہدیداروں کی چوکسی سے ہر دوسرے تیسرے دن بڑی مقدار میں مختلف طریقوں سے اسمگل کیا جانے والا سونا،بیرون ممالک کی کرنسی اور دیگر اشیاکی ضبطی کا معاملہ ہنوز جاری ہے۔

آج 10 جنوری کو حیدرآباد ایرپورٹ پر محکمہ کسٹمس کے عہدیداروں نے دبئی سے حیدرآباد ایرپورٹ پہنچنے والے ایک مسافر کے قبضہ سے 442.6 گرام سونا ضبط کرلیا ہے جس کی قیمت 21 لاکھ 70 ہزار روپئے بتائی گئی ہے۔

جبکہ کل 9 جنوری کو شارجہ سے حیدرآباد ایرپورٹ پہنچے ایک مسافر کے قبضہ سے 970 گرام سونا ضبط کرلیا جس کی قیمت 47 لاکھ 55 ہزار روپئے بتائی گئی ہے۔

محکمہ کسٹمس کے عہدیداروں کے مطابق آج ایک مسافر فلائٹ نمبر EK 524 کے ذریعہ دُبئی سے حیدرآباد ایرپورٹ پہنچا جس کے قبضہ سے اسمگل کیا جانے والا 442.6 گرام سونا ضبط کیا گیا ہے جس کی مالیت 21 لاکھ 70 ہزار روپئے بتائی گئی ہے۔کسٹمس کے عہدیداروں کے بموجب اس ضبط شدہ سونا کو مادہ Paste کی شکل میں ڈھال کر انڈرویئر میں بنائی گئی ایک خصوصی پیاکٹ میں چھپایا گیا تھا۔اس مسافر کے خلاف کیس درج کرکے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

جبکہ کل 9 جنوری کو حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ پرکسٹمس کے عہدیداروں نے شارجہ سے فلائٹ نمبر G9 450 کے ذریعہ حیدرآباد پہنچے ایک مسافر کے قبضہ سے اسمگل کیا جانے والا 970 گرام سونا ضبط کرلیا گیا۔

اس مسافر نے اپنے دونوں پیروں پر باندھے گئے ” Bandage پلاسٹر ” میں سونا کے اس پیسٹ کو چھپاکر لایا تھا۔قینچی کی مدد سے ان دونوں پیروں پر باندھے گئے پلاسٹر کو کاٹ کر یہ سونا نکالا گیا۔ اس ضبط شدہ سونا کی قیمت کسٹمس عہدیداروں نے 47 لاکھ 55 ہزار روپئے بتائی ہے۔اس مسافر کے خلاف کیس درج کرکے تحقیقات کی جارہی ہیں۔اس طرح ان دونوں مسافرین کے قبضہ سے جملہ 69 لاکھ 25 ہزار روپئے مالیتی سونا ضبط کیا گیا ہے۔

محکمہ کسٹمس حیدرآباد کے عہدیداروں کے مطابق کے مطابق 7 جنوری کو دوبئی سے فلائٹ نمبر FZ439 کے ذریعہ پہنچے ایک مسافر کے قبضہ سے 330 گرام سونا ضبط کیا گیا تھا جس کی مالیت 16 لاکھ 18 ہزار روپئے ہے۔اس سونا کو ریڈیم کلر میں لپیٹ کر ٹرالی بیاگ کے میٹل فریم میں لپٹا گیا تھا۔