عوام کے درمیان ہی صدرنشین بلدیہ تانڈورسے صدر ٹاؤن ٹی آرایس کی بازپرس اور برہمی
پارٹی اختلافات ایک بار پھر آشکار،ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل
وقارآباد/تانڈور: 10۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)
تانڈور ٹی آرایس پارٹی میں اختلافات اور دو گروپس کی موجودگی ہر کسی پر آشکار ہے۔عوام کا الزام ہے کہ پارٹی گروپ بندی کے باعث تانڈور کی ترقی ٹھپ ہوکر رہ گئی ہے،فضائی آلودگی جیسا خطرناک مسئلہ اب تک حل نہیں کیا گیا ہے،ابتر سڑکوں سے عوام کا برا حال ہے،تعمیر ہوچکیں کئی عمارتیں اور کاگنا ندی پر دو سال قبل تعمیر کیا گیا بریج،مِنی ٹینک بینڈ کے علاوہ کروڑہا روپئے مالیتی مختلف ترقیاتی کام افتتاح کے منتظر ہیں یا انہیں مکمل کیا جانا ہے!
ایسے میں آج سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے۔اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صدر تانڈور ٹاؤن ٹی آر ایس ایم اے نعیم افو صدر نشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پر عوام کے درمیان ہی ان سے بازپرس کرتے ہوئے ان کی تذلیل کررہے ہیں!
"صدرنشین بلدیہ تانڈور سے صدر تانڈور ٹاؤن ٹی آر ایس کی کھلے عام مجمع کے سامنے بازپرس ” (ویڈیو)
دراصل کل 9 جنوری کو تانڈور میں ہفتہ رعیتو بندھو تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا جس میں ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی اور رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کے علاوہ دیگر پارٹی قائدین نے شرکت کی تاہم صدرنشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل اس ریالی اور تقریب میں شریک نہیں ہوئیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ان ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سرعام صدر تانڈور ٹاؤن ٹی آر ایس ایم اے نعیم افو صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل سے بازپرس کررہے ہیں کہ وہ کیوں کل وزیرتعلیم کے پروگرام میں شریک نہیں ہوئیں؟
جس پر صدرنشین بلدیہ کہہ رہی ہیں کہ وہ کل بخار سے متاثر تھیں۔اس موقع پر صدر ٹاؤن ٹی آر ایس ایم اے نعیم افو نے یہ کہتے ہوئے انتباہ دیا کہ وہ اور پارٹی کے ارکان بلدیہ پروگراموں میں شریک نہیں ہورہے ہیں لہذا آئندہ پارٹی کے پروگراموں میں شرکت نہ کرنے پر ان تمام کے خلاف کارروائی کی جائے گی!

بتایا جارہا ہے کہ یہ ویڈیوز راجیو گروہا کالونی کے ہیں جہاں سی سی روڈ کے تعمیری کاموں کا آغاز کرنے پہنچی تھیں۔اس موقع پر نائب صدر نشین بلدیہ تانڈور دیپا نرسملو،رکن بلدیہ وینکنا اور دیگر بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔
بعد ازاں صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل اور ان کے شوہر تاٹی کونڈا پریمل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر تانڈور ٹی آر ایس ٹاؤن ایم اے نعیم افو کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملہ میں سڑک پر سب کے سامنے اس طرح اہانت آمیز طریقہ سے ان سے بازپرس کرتے ہوئے ان کی تذلیل کرنے کے بجائے پارٹی دفتر میں ان سے جواز طلب کرسکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ وہ وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی کی عزت کرتی ہیں تاہم کل وہ شدید بخار سے متاثر تھیں اس لیے شرکت نہیں کرپائیں تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی کل کی ریالی کے پیش نظر شہر میں اپنی جانب سے خیر مقدمی ہورڈنگس لگائے تھے۔
صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے کہا کہ گزشتہ دنوں ان کی ساس کے انتقال کے بعد سے گھر سے نہیں نکل رہی ہیں اور وہ آج بھی وارڈ نمبر 8 میں سی سی روڈ کے تعمیری کاموں کے آغاز کے لیے صرف رکن بلدیہ اور کنٹراکٹر کے شدید تقاضہ کی وجہ سے شریک ہوئی ہیں۔
صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹاؤن ٹی آر ایس ایم اے نعیم افو کا یہ عمل انتہائی ناپسندیدہ ہے اور وہ صرف ٹاؤن کے صدر ہیں تو وہ بھی ایک منتخبہ عوامی نمائندہ ہیں۔اس طرح پارٹی کی عزت کو سڑک پر نکالنا ٹھیک نہیں ہے۔
” صدرنشین بلدیہ اور ان کے شوہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ” (ویڈیو)
https://youtu.be/phgC626B_F8
صدرنشین بلدیہ نے استفسار کیا کہ ایم اے نعیم افو کی اہلیہ جو کہ ٹی آر ایس پارٹی کی رکن بلدیہ ہیں کئی تقاریب میں شریک نہیں ہوئیں لیکن کبھی بھی انہوں نے ان سے اس طرح کی بازپرس نہیں کی!صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے کہا کہ وہ اس معاملہ کو پارٹی ہائی کمان سے رجوع کریں گی۔
سینئر ٹی آر ایس پارٹی قائد و صدرنشین بلدیہ کے شوہر تاٹی کونڈا پریمل نے بھی میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر تانڈور ٹاؤن ٹی آر ایس ایم اے نعیم افو کے اس طرز عمل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک خاتون صدرنشین بلدیہ کا احساس بھی نہ کرتے ہوئے ان کی برسرعام توہین کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی پروگراموں کے بیانرس میں ان کے گروپ والے صدرنشین بلدیہ کی تصاویر انتہائی چھوٹی شائع کرتے ہیں کیا اس بات سے وہ واقف نہیں ہیں کہ کن کن طریقوں سے صدرنشین بلدیہ کی اہانت کی جارہی ہے؟۔ بہرحال تانڈور میں ٹی آر ایس پارٹی کے ان دونوں گروپس یہاں عوامی موضوع بنے ہیں۔ کہ یہ لوگ ترقیاتی کاموں کو چھوڑکر ایک دوسرے سے الجھنے میں مصروف ہیں جس سے عوام اور تانڈور کا نقصان ہورہا ہے۔!!

