حیدرآباد ایئر پورٹ پرسوڈان سے براہ شارجہ پہنچنے والی 23 خواتین کے قبضہ سے زائد از 8 کروڑ روپئے مالیتی 15 کلوسونا ضبط

حیدرآباد ایئر پورٹ پر سوڈان سے براہ شارجہ پہنچنے والی 23 خواتین کے قبضہ سے
زائد از 8 کروڑ روپئے مالیتی 15 کلوسونا ضبط، چار گرفتار،تحقیقات جاری

حیدرآباد : 23۔فروری (سحر نیوز ڈاٹ کام)

حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ (شمس آباد ایرپورٹ) پرمحکمہ کسٹمس کے عہدیداروں کی چوکسی کے باعث بیرون ممالک سے بڑی مقدار میں اسمگل کیا جانے والا،مقدار سے زائد چھپاکر لائےجانے والے سونا کے علاوہ دیگرممنوعہ اشیا ضبط کیےجانے کاسلسلہ ہنوز جاری ہے۔مختلف الیکٹرانک اشیاء میں،جسم پر باندھی گئی بینڈیج میں،بچوں کےکھلونوں میں، اپنے زیر جامہ کپڑوں میں،جوتوں اور حتیٰ کہ اپنی بڑی آنت میں اور پیسٹ کی شکل میں چھپا کر لائے گئے سونا کو ایئر پورٹ کے کسٹمس عہدیدار وں کی جانب سے ضبطی کے باؤجود ہر دوسرے تیسرے دن سونا کی ضبطی اب معمول بن کر رہ گیا ہے۔

ایسی ہی ایک تلاشی مہم کے دؤران حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئر پورٹ (RGI#) کےکسٹمس کے عہدیداروں نے 22 فروری کی صبح 23 خواتین کے ایک گروپ کےقبضہ سے 14 کلو 906 گرام سونا کی بڑی مقدار ضبط کرتے ہوئے چار خواتین کو گرفتار کرلیا ہے۔عہدیداروں کے مطابق اس ضبط سونا کی قیمت 7 کروڑ 89 لاکھ روپئے ہے۔

محکمہ کسٹمس،حیدرآباد ایئر پورٹ کے عہدیداروں کے مطابق براہ شارجہ فلائٹ نمبر G9458 کے ذریعہ صبح 4 بجے حیدرآباد ایئر پورٹ پہنچیں 23 خواتین کی اور ان کے سامان کی شبہ کی بنا پر تلاشی لی گئی تو ان کے سامان اور جوتوں میں چھپاکر لایا گیا 14 کلو 906 گرام سونا برآمد ہوا۔جسے ضبط کرلیا گیا۔عہدیداروں کےمطابق خواتین کے قبضہ سے اس ضبط شدہ سونا میں 14 کلو 415 گرام سونا 22 قیراط کا حامل ہے اور 491 گرام سونا 24 قیراط کا حامل ہے۔

محکمہ کسٹمس حیدرآباد ایئر پورٹ کے عہدیداروں کے مطابق ان 23 سوڈانی خواتین میں سے جن 4 خواتین کے قبضہ سے زائد مقدار میں سونا ضبط کیا گیا انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔اور اس سلسلہ میں کیس درج رجسٹر کرکے مزید تحقیقات جاری ہیں۔