بی آر ایس پارٹی کے اقتدار کا خاتمہ اور چیف منسٹر کے افراد خاندان کا جیل جانا طئے
تانڈور میں صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کمار کی پریس کانفرنس،حکومت پر تنقید
وقارآباد/تانڈور: 23۔فروری (سحر نیوزڈاٹ کام)
صدر تلنگانہ بھارتیہ جنتا پارٹی و رکن پارلیمان کریم نگر بنڈی سنجے کمار نےکہا ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر کے افراد خاندان کا جیل جانا طئے ہے اور ریاست میں من مانی کرنے والی بی آر ایس پارٹی کی حکومت کا خاتمہ یقینی ہے۔وہ وقارآبادضلع کے تانڈور ٹاؤن میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
بنڈی سنجے کمار مقامی بی جے پی قائد و سابق صدرضلع لائبرریز مرلی کرشنا گوڑ کے مکان پر گذشتہ دنوں پتھراؤ اور حملہ کے واقعہ کے بعد مرلی کرشنا اور ان کے افراد خاندان سے ملاقات کی غرض سے تانڈور پہنچے تھے۔
صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کمار نے بی جے پی قائد مرلی کرشنا گوڑ کے مکان پر حملہ کی تفصیلات حاصل کیں اور ہونے والے نقصانات کا مشاہدہ کرتے ہوئے اس حملہ کی شدید مذمت کی اور اس حملہ کو بزدلانہ حرکت قرادیتے ہوئے کہا کہ سیاسی طریقہ سے مقابلہ آرائی کی جائے ایسے حملوں کے ذریعہ نہیں۔
انہوں نے مرلی کرشنا گوڑ اور ان کے افراد خاندان سے اظہار یگانگت کرتےہوئے انہیں تیقن دیا کہ وہ خوفزدہ نہ ہوں بی جے پی ان کے ساتھ ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مرلی کرشنا گوڑ کے مکان پر حملہ کرنے والوں کے خلاف اقدام قتل کی دفعہ کے تحت کارروائی کی جائے۔

بعدازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کمارنے چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ، ان کے افراد خاندان اور بی آرایس حکومت پرمختلف الزامات عائد کرتے ہوئے ان کو اپنی روایتی تنقید کانشانہ بنایا۔صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کمار نے کہا کہ کے سی آر خاندان کے خلاف ثبوت و شواہد حاصل ہونے کے فوری بعد انہیں جیل بھیج دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بدعنوانیوں کے تمام ثبوت و شواہد جمع کیے جارہے ہیں۔
بنڈی سنجے کمار نے اس پریس کانفرنس میں الزام عائد کیا کہ ریاست میں اراضیات پر قبضے عروج پر ہیں اور اس کے لیے بی آر ایس پارٹی قبضہ کرنے والوں کا ساتھ دے رہی ہے اور ریاست میں جرائم کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور اس کی بھی پشت پناہی کی جارہی ہے۔
صدر تلنگانہ بی جے پی نے کہا کہ ریاست میں کتے بچوں پر حملہ کرکے انہیں ہلاک کر رہے ہیں تو دوسری جانب بی آر ایس پارٹی قائدین انسانوں پر حملہ کرنے میں مصروف ہیں۔
صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کمار نے چیف منسٹر کے سی آر سے استفسار کیا کہ ورنگل میں یونیورسٹی کی طالبہ کے اقدام خودکشی اور تانڈور کے یالال منڈل میں ایک گریجن نابالغ لڑکی کی عصمت ریزی کے واقعات پر وہ خاموش کیوں ہیں۔؟ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں آوارہ کتوں کے حملہ میں ایک معصوم کی موت پر بھی چیف منسٹر کی خاموشی معنی خیز ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹرکے فارم ہاؤز کے کتوں کی جتنی اہمیت ہے اتنی انسانی جانوں کے لیے نہیں ہے۔
صدر بھارتیہ جنتا پارٹی تلنگانہ و رکن پارلیمان کریم نگر بنڈی سنجے کمار نے اپنی اس پریس کانفرنس میں الزام عائد کیاکہ پانچ مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہونے والے رکن اسمبلی کنٹونمنٹ،سکندرآباد سائنا کی آخری رسومات ان کے دلت ہونے کے باعث ادا نہیں کی گئیں،لیکن نواب میر مکرم جاہ بہادر کی تدفین سرکاری طور پر عمل میں لائی گئی۔
انہوں نے مرکز کی بی جے پی حکومت کی جانب سے ایس سی،ایس ٹی طبقات کی فلاح و بہبود کےلیے کیےجارہے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے 12 دلت طبقہ کے افراد کو ایم پی اور وزرا کے عہدہ تک پہنچایا۔رام ناتھ کووند اور محترمہ دروپدی مرمو کو صدر جمہوریہ کے عہدہ پر فائز کیا۔
اس موقع پر سابق رکن پارلیمان چیوڑلہ کونڈا وشویشور ریڈی،سابق وزیر وسابق رکن اسمبلی وقارآباد ڈاکٹر اے۔ چندراشیکھر،صدر بی جے پی ضلع وقارآباد سدا نند ریڈی،سابق صدر کرنم پرہلاد راؤ،جنرل سیکریٹری یو۔رمیش،صدر تانڈور ٹاون بی جے پی سدرشن گوڑ،اسمبلی کنوینر رجنی کانت، مہیلا مورچہ لیڈر انتارام للیتا،ساہوشری لتا،رکن بلدیہ بنٹارم لاونیا،بنٹارم بھدریشور، پٹیل وجئے کمار،کرشنا مدیراج کےعلاوہ مقامی بی جے پی قائدین اور کارکنان موجود تھے۔
" بی جے پی قائد مرلی کرشنا گوڑ کے مکان پر حملہ سے متعلق تفصیلی رپورٹ اس لنک پر "
telanganastate#
presidentofbjp#
bandisanjaykumar#
pressconference#
tandur#
vikarabaddistrict#

