وقارآباد ضلع: تانڈور میں بی جے پی لیڈر مرلی کرشنا گوڑ کے مکان پر حملہ
پتھراؤ اور توڑ پھوڑ، بی آر ایس پارٹی کارکنوں پر کیس درج، 6 گرفتار
ضلع ایس پی نے اشتعال انگیزی پھیلانے پر کارروائی کا انتباہ دیا
وقارآباد/تانڈور: 21۔فروری(سحر نیوز ڈاٹ کام)
بی جے پی لیڈر و سابق صدرضلع لائبرریز،ضلع وقارآباد مرلی کرشنا گوڑ کے مکان واقع تانڈور پر گزشتہ رات پتھراؤ اور مکان میں توڑ پھوڑ کے واقعہ نے سنسنی پھیلادی ہے۔اس سلسلہ میں ایس پی ضلع وقارآباد نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے آج بعد دوپہرجاری کردہ پریس نوٹ میں بتایا ہے کہ گزشتہ رات رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی اور سابق صدر ضلع لائبرریز مرلی کرشنا گوڑ کےحامیوں کے درمیان ٹکراؤ کے واقعہ میں بی آر ایس پارٹی سے تعلق رکھنے والے چند افراد کے خلاف کیس درج رجسٹر کرلیا گیا ہے۔اور اس معاملہ میں ملوث پانچ افراد کو تحویل میں لیا گیا ہے۔
ضلع ایس پی نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے کہا کہ قانون کے تحت انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ساتھ ہی ضلع ایس پی نے انتباہ دیا ہے کہ اس تعلق سے کوئی بھی اشتعال انگیز ی یا اکسانے والے بیانات دیں گے تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

وہیں سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(اربن) راجندرریڈی نے اپنے پریس نوٹ میں بتایاہےکہ اس حملہ کےواقعہ کی مرلی کرشنا گوڑ کی جانب سےشکایت کے بعد بی آر ایس پارٹی سے تعلق رکھنے والے چند افراد کے خلاف کیس درج رجسٹر کیا گیا ہے۔اوراس سلسلہ میں آج 6 افراد کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب گزشتہ رات نصف شب کےقریب نوجوانوں پرمشتمل ہجوم مرلی کرشنا گوڑ کے مکان پہنچا اور پتھراؤ کیا جس کے باعث ان کے مکان میں موجود چند افراد کے زخمی ہونے کی شکایت کی گئی ہے۔ہجوم نے توڑ پھوڑ مچائی۔جس کے بعد تانڈور میں تناؤ پیدا ہوگیا ہے۔
یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ 3 فروری کو یالال منڈل کے موضع دیونور میں شیواسوامیوں کی جانب سے ایک دلت نوجوان کی پٹائی کے معاملہ میں بی جے پی لیڈر و سابق صدرضلع لائبرریز مرلی کرشنا گوڑ سمیت 6 افراد کو پولیس نے گرفتارکرتے ہو ئے عدالت میں پیش کیا تھا،جہاں سے انہیں 14 دنوں کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا تھا۔
اس وقت ڈی ایس پی تانڈورجی۔شیکھر گوڑ نے پریس نوٹ جاری کرتےہوئے بتایاتھاکہ اس کیس کے سلسلہ میں موضع دیونورکے بوڈکےنریندر، نریندر گوڑ،اروند گوڑ،شیوا کمار اور گنیش کو مرلی کرشنا گوڑ کے مکان کے قریب سے تحویل میں لیا گیا۔ڈی ایس پی کےمطابق جب ان نوجوانوں سے تفتیش کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ اس سارے واقعہ کے پس پشت مرلی کرشنا گوڑ ہیں۔
کل پیر کی رات ہی مرلی کرشنا گوڑ جیل سے رہا ہوکر اپنے مکان واقع تانڈور پہنچے تھے۔اور اپنی رہائی کے بعد انہوں نے پرگی جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کےخلاف شدید اہانت انگیز ریمارکس اور سنسنی خیز انکشافات کیے تھے۔
جس کےخلاف گزشتہ نصف کے قریب رکن اسمبلی تانڈور کے برہم حامیوں کی بڑی تعداد نے بی جے پی لیڈر مرلی کرشنا گوڑ کے مکان پر پتھراؤ کیا،جس کے باعث ان کے افراد خاندان زخمی ہوئے اور مکان میں کئی اشیا کی توڑ پھوڑ ہوئی۔
اس حملہ کی اطلاع کے فوری بعد پولیس کی بڑی تعداد مرلی کرشنا گوڑ کےمکان پہنچ گئی۔سرکل انسپکٹر پولیس راجندرریڈی نےحملہ آوروں کو منتشر کرنے کی کوشش کی۔تاہم حالات کومزیدبے قابوہوتا دیکھ کرپولیس نے لاٹھی چارج کے ذریعہ حالات پر قابو پالیا۔اب یہ معاملہ تانڈور میں موضوع بحث بن گیا ہے۔
اس سلسلہ میں تانڈور کےعوام شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ تانڈور ہمیشہ ایسے واقعات کے علاوہ سیاسی ٹکراؤ اورکسی بھی قسم کی غنڈہ گردی سے پاک ملک بھر میں پتھر،سمنٹ، تور اور سدہ کی صنعتوں اور پیداوار کے لیے ایک تجارتی پہچان رکھتا ہے۔تاہم چند دنوں سے سیاسی رسہ کشی،سیاسی طاقت کا مظاہرہ،حملے،جوابی حملے،ایک دوسرےکےخلاف غیراخلاقی و ناشائستہ ریمارکس اور الزامات کےباعث تانڈور کی شبیہ متاثر ہورہی ہے۔!!
عوام کا احساس ہےکہ ان معاملات کو چندمفادات حاصلہ فرقہ وارانہ رنگ دیتے ہوئے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ عوام نے پولیس سےمطالبہ کیا ہے کہ ایسے غیرسماجی عناصر کی چاہے ان کا کسی بھی مذہب اور سیاسی جماعت سےتعلق کیوں نہ ہو ان کی سرکوبی لازمی ہے۔ورنہ آنے والے دنوں میں تانڈور کا امن و امان اور فرقہ وارانہ یکجہتی خطرے میں پڑسکتے ہیں۔!
اس حملہ کے بعد میڈیا سےبات کرتےہوئے بی جے پی لیڈر و سابق صدر ضلع لائبرریز مرلی کرشنا گوڑ نے رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی پر الزام عائد کیا کہ 300 افرادکے ذریعہ ان کے مکان پر حملہ کروایا گیا۔جو پتھروں اور آہنی راڈس سے لیس تھے،کار پارکنگ کے علاوہ مکان پر پتھراؤ کیا گیا اورمکان میں موجود اشیاء کو تباہ کردیا گیا اورتوڑ پھوڑ کی گئی۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ نامعلوم افراد لگاتار ان کا تعاقب کررہے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ انہیں گن لائسنس دیا جائے۔اور رکن اسمبلی تانڈور کے خلاف کئی الزامات عائد کیے۔
https://www.facebook.com/MuraliKrishnaGajipur/videos/753277896232547
اسی دؤران آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے سابق رکن پارلیمان چیوڑلہ کونڈا وشویشورریڈی اور دیگر ریاستی بی جے پی قائدین نے مرلی کرشنا گوڑ کے مکان پر حملہ کی شدید مذمت کی ہے۔اس پریس کانفرنس میں صدر بی جے پی ضلع وقارآباد سدانند ریڈی کے علاوہ دیگر بی جے پی قائدین بھی موجود تھے۔
” یہ بھی پڑھیں "
مذہبی اور ذات پات پر مبنی نفرت پھیلانے والوں کو بخشا نہیں جائے گا : ایس پی ضلع وقار آباد کا انتباہ

