بلدیہ تانڈور کی جانب سے ڈرافٹ ووٹر لسٹ جاری، 36 بلدی حلقہ جات میں جملہ 77,110 رائے دہندے موجود

بلدیہ تانڈور کی جانب سے ڈرافٹ ووٹر لسٹ جاری
36 بلدی حلقہ جات میں جملہ 77,110  رائے دہندے موجود

وقارآباد/تانڈور: 3۔جنوری ( سحر نیوز ڈاٹ  کام )

میڈیا  اور سوشل میڈیا  پر جاریہ ماہ جنوری کے اختتام یا پھر ماہ فروری کے دوسرے ہفتے میں ریاست تلنگانہ میں بلدی انتخابات کے انعقاد کی زیر گشت اطلاعات کے درمیان وقارآباد ضلع کے تانڈور ٹاون کے دفتر بلدیہ کی جانب سے کل 2 جنوری کوغیرحتمی( ڈرافٹ ووٹر لسٹ) فہرست رائے دہندگان جاری کر دی گئی ہے۔

کمشنر بلدیہ تانڈور یادگیری کے مطابق الیکشن کمیشن کی ہدایت پر تانڈور کے 36 بلدی حلقہ جات کے رائے دہندگان اور مراکز رائے دہی کی ڈرافٹ لسٹ گذشتہ رات عام کر دی گئی ہے اور اس کو دفتر بلدیہ کے نوٹس بورڈ پر آویزاں کر دیا گیا ہے۔

بلدیہ تانڈور کی جانب سے جاری کردہ غیر حتمی فہرست کے مطابق بلدیہ تانڈور میں موجود 36بلدی حلقہ جات میں جملہ 77,110 رائے دہندگان موجود ہیں جن میں مرد رائے دہندگان کی تعداد 37,547 ہے،جبکہ 39,558 خاتون رائے دہندگان اور تیسری صنف کے پانچ رائے دہندے موجود ہیں۔

اس طرح بلدیہ تانڈور کی اس غیرحتمی فہرست رائے دہندگان میں مرد رائے دہندوں کی بہ نسبت 2,006 خاتون راے ہندگان کی تعداد زیادہ ہے۔

یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ ریاست تلنگانہ اور تانڈور میں22 جنوری 2020ء کو منعقدہ بلدی انتخابات کی حتمی فہرست رائے دہندگان کے مطابق اس وقت تانڈور کے انہی 36  بلدی حلقہ جات میں جملہ 64,188 رائے دہندے موجود تھے جن میں مرد رائے دہندگان کی تعداد 31,676 اور خاتون رائے دہندگان کی تعداد 32,011 تھی۔

اگر اب جاری کردہ غیر حتمی فہرست رائے دہندگان کا تقابل کیا جائے تو گذشتہ پانچ سال میں تانڈور کے 36 بلدی حلقہ جات میں جملہ 12,922 رائے دہندگان کا اضافہ ہوا ہے۔ یاد رہے کہ بلدیہ تانڈور کے منتخبہ نمائندوں کی پانچ سالہ معیاد گذشتہ سال جنوری کے اواخر میں ختم ہوگئی ہے اور خصوصی عہدیدار کی نگرانی میں بلدی نظم و نسق چلایا جا رہا ہے۔

کل جاری کردہ غیرحتمی فہرست رائے دہندگان میں مزید رائے دہندوں کے اضافہ یا کمی کابھی امکان ہے۔!! دفتر بلدیہ تانڈور میں کمشنر بلدیہ یادگیری کی جانب سے مراکز رائے دہی کی فہرست نوٹس بورڈ پر آویزاں کیے جانے کے موقع پر مینجئر بلدیہ نریندر ریڈی، شعبہ ٹاون پلاننگ کے عہدیدارپریا، ومشی دھر، نریش کے علاوہ دیگر موجودتھے۔

دوسری جانب بلدیہ کی جانب سے جاری کردہ اس غیرحتمی فہرست رائے دہندگان پر سیاسی جماعتوں اور سیاسی قائدین کی جانب سے مختلف اعتراضات کا آغاز ہوگیا ہے اور کہا جارہا ہے کہ یہ فہرست اغلاط کا پلندہ ہے۔اس سلسلہ میں آج باقاعدہ دفتر بلدیہ میں تحریری شکایا ت بھی درج کروانے کا سلسلہ جاری ہوگیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس غیر حتمی فہرست رائے دہندگان میں فرضی اور دیگر بلدی حلقہ جات کے رائے دہندوں کو بھی شامل کیا گیاہے اور چند بلدی حلقہ جات میں مکانات کی ترتیب غلط درج کی گئی ہے۔

اس سلسلہ میں اس غیر حتمی فہرست رائے دہندگان پراعتراضات درج کروانے کے لیے بلدیہ تانڈورمیں خصوصی کاونٹر قائم کیا گیا ہے اس ٖفہرست رائے دہندگان پر اعتراضات اور غور و خوص کے لیے 5 جنوری کو تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کیساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے۔ 9 جنوری تک اعتراضات قبول کیے جانے کے بعد 10 جنوری کو قطعی فہرست رائے دہندگان ترتیب دے دی جائے گی۔