تلنگانہ کابینہ کا پانچ گھنٹے طویل اجلاس،محکمہ صحت کیلئے ایک ہزار کروڑ،سات میڈیکل کالجس کے قیام کومنظوری
جائدادوں اور گاڑیوں کے رجسٹریشن کی اجازت،بیرون ملک جانے والے طلبہ کو پہلے دی جائے گی کوویڈویکسین

حیدرآباد :30۔مئی(سحر نیوزڈاٹ کام)
چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ کی قیادت میں آج پرگتی بھون میں دوپہر 2 بجے سے شام 7 بجے تک پانچ گھنٹے طویل کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ریاست میں جاری لاک ڈاؤن میں مزید دس دنوں کی توسیع کے علاوہ لاک ڈاؤن کے دؤران اشیائے ضروریہ کی خرید و فروخت کیلئے عوام اور تاجرین کو صبح 6 بجے سے 10 بجے دن تک دئیے جانے والے وقفہ میں جملہ چار گھنٹوں کا اضافہ بھی کیا گیا یعنی خرید و فروخت ایک بجے دن تک اجازت اور عوام و تاجرین کو اپنے اپنے مکانات پہنچنے کیلئے مزید ایک گھنٹہ کا وقفہ دیا گیا ہے۔
اس طرح اب ریاست تلنگانہ میں روزآنہ دوپہر 2 بجے سے دوسرے دن صبح 6 بجے تک سختی کیساتھ لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔اس سلسلہ میں حکومت کی جانب سے عوام کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کیے جائیں گے۔
اس اجلاس میں 2 جون کو منائے جانے والے یوم تاسیس تلنگانہ کی تقاریب کو تمام کوویڈ پروٹوکال کے تحت منائے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔
دوسری جانب ریاستی کابینہ کے اس اجلاس میں ریاست کے محکمہ صحت و طبابت کیلئے 1000 کروڑ روپئے مختص کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
ساتھ ہی کابینہ کے اجلاس میں ریاست میں سات جدید میڈیکل کالجس کے قیام کو بھی منظوری دی گئی۔سنگاریڈی،محبوب آباد،ناگرکرنول،جگتیال، منچریال،ونپرتی اورکوتہ گوڑم میں یہ میڈیکل کالجس قائم کیے جائیں گے جس سے عوام کو بہتر طبی سہولتیں حاصل ہونگی۔
کابینہ کے اس اجلاس میں کورونا وائرس کی جاریہ وباء کے دؤران بیرون ملک جانے والے طلبہ کو کوویڈ ویکسین کی ٹیکہ اندازی کیلئے پہلی ترجیح دئیے جانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
ریاستی کابینہ کے اس اجلاس میں لاک ڈاؤن میں دئیے جانے والے وقفہ کے دؤران محکمہ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن کی جانب سے انجام دئیے جانے والے جائدادوں کے رجسٹریشن کی بھی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا اور ساتھ ہی محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے گاڑیوں کے رجسٹریشن کی بھی اجازت دی گئی ہے۔
بی سی طبقات کو دئیے جانے والے تحفظات پر مزید دس سال عمل آوری کے حکومت کے فیصلہ کو کابینہ نے منظوری دی۔
ریاستی کابینہ نے کورونا وائرس کی دووسری لہر کے اثرات میں کمی کے دؤران تیسری لہر کے آنے کے انتباہ کے پیش نظر محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ وہ قبل ازوقت تمام انتظامات کرلے۔
ریاستی کابینہ کے اس اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ کوروناوائرس سے زیادہ متاثر ہونے والے ریاست کے سرحدی علاقوں کھم،ستو پلی، مدھورا، نارائن پیٹ،عالم پور۔ گدوال، ناگرجنا ساگر،مکتھل، کوداڑ اور حضور نگر جیسے مقامات کا ہیلتھ سیکریٹری کے علاوہ محکمہ صحت کے ریاستی سطح کے عہدیدار دؤرہ کرتے ہوئے جائزہ لیں اور کورونا کی روک تھام کیلئے درکار اقدامات کو یقینی بنائیں۔
ورنگل میں ملٹی اسپیشالٹی اسپتال کی تعمیر موجود جیل کے احاطہ میں تعمیر کیا جائے اور محکمہ داخلہ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جیل میں موجود قیدیوں کو دوسرے مقام پر منتقل کرتے ہوئے اندرون ایک ماہ جیل کی مکمل اراضی محکمہ صھت کے حوالے کی جائے اور مامونور میں وسیع اراضی حاصل کرتے ہوئے تمام سہولتوں سے آراستہ کشادہ جیل تعمیر کرنے کا کابینہ نے فیصلہ کیا۔اور اسکے لیے منصؤبہ تیار کرتے ہوئے ریاستی کابینہ کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت دی۔
چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ کی قیادت میں منعقدہ اس ریاستی کابینہ کے اجلاس میں طئے کیا گیا کہ سابق وزیراعظم ہند پی وی نرسمہا راؤ کی صدسالہ تقاریب کے اختتام کے موقع پر نیکلس روڈ کی ساڑھے پانچ کلومیٹر رقبہ کو پی وی نرسمہاراؤ مارگ سے موسوم کیا جائے۔
ریاستی کابینہ نے اپنے اس اجلاس میں محکمہ زراعت،وزارت داخلہ اور انٹلی جنس محکمہ کو ہدایت دی کہ ریاست میں نقلی بیج ، نقلی کھاد اور نقلی جراثیم کش ادویات تیار اور فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

