تلنگانہ میں لاک ڈاؤن میں مزید دس دنوں کی توسیع : چیف منسٹرکے سی آر کا فیصلہ

ریاستی خبریں قومی خبریں

تلنگانہ میں لاک ڈاؤن میں مزید دس دنوں کی توسیع : چیف منسٹر کے سی آر کا فیصلہ

حیدرآباد: 30۔مئی (سحرنیوزڈاٹ کام)

چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ کی قیادت میں آج 30 مئی بروز اتوار،دو بجے دن سے پرگتی بھون،حیدرآباد میں چار گھنٹوں طویل ریاستی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس کے بعد چیف منسٹر نے ریاست تلنگانہ میں جاری لاک ڈاؤن میں مزید دس دنوں کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ اس طرح ریاست میں 9 جون بروز چہارشنبہ تک لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔

اس دؤران کل 31 مئی سے لاک ڈاؤن کے دؤران اشیائے ضروریہ کی خرید و فروخت کیلئے دئیے جارہے اؤقات میں مزید تین گھنٹوں کا وقفہ بڑھاتے ہوئے صبح 6 بجے سے دوپہر ایک بجے  تک ڈھیل دی جارہی ہے جبکہ عوام کو اپنے اپنے مکانات پہنچنے کیلئے 2 بجے دن تک کا وقت دیا گیا ہے۔اسکے بعد 2 بجے دن سے دوسرے دن 6 بجے صبح تک لاک ڈاؤن پرسختی کیساتھ عمل آوری ہوگی۔

یاد رہے کہ تلنگانہ میں بڑھتے کوروناوائرس کے معاملات کی روک تھام کی غرض سے ریاست میں 12 مئی سے دس روزہ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا،جس کے بعد چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے 18 مئی کواس لاک ڈاؤن میں 30 مئی تک توسیع کی تھی اس لاک ڈاؤن کے دؤران اشیائے ضروریہ کی خرید وفروخت کیلئے عوام کو روزآنہ صبح 6 بجے تا 10 بجے دن تک خرید و فروخت کی سہولت دی جارہی تھی۔

اس سلسلہ میں ریاستی وزیر آئی ٹی و بلدی نظم ونسق کے ٹی آر نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعہ لاک ڈاؤن میں مزید دس دنوں کی توسیع کی اطلاع دیتے ہیں لکھا ہے کہ کاروباری و تجارتی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلات جلد ہی جاری کی جائیں گی۔

وہیں تین دن قبل مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے ریاستوں کے چیف سیکریٹریز کو روانہ کردہ مکتوب میں ہدایت دی گئی تھی کہ ریاستوں کے حالات کی مناسبت سے 30 جون تک احتیاطی اقدامات کے تحت لاک ڈاؤن کے نفاذ اور اس میں توسیع کا فیصلہ کیا جائے!!

دوسری جانب آج ریاستی کابینہ کے اجلاس سے قبل صدرکل ہندمجلس اتحادالمسلمین و رکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے تلگو میں کیے گئے اپنے ٹوئٹ میں چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ کو ٹیاگ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ لاک ڈاؤن کے نفاذ کے خلاف وہ دوبارہ اپنی مخالفت درج کرواتے ہیں۔

انہوں نے ریاستی حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ لاک ڈاؤن میں مزید توسیع نہ کی جائے ضرورت ہو تو شام سے صبح تک نائٹ کرفیو نافذ کیا جائے یا پھر کلسٹر علاقوں کی نشاندہی کرتے ہوئے مِنی لاک ڈاؤن نافذ کیے جائیں۔

بیرسٹر اویسی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کی روک تھام کا واحد حل ویکسین ہے اور لاک ڈاؤن کے باعث غریب طبقہ سخت پریشان ہوگا۔بیرسٹر اسد الدین اویسی نے اپنے اس ٹوئٹ میں مزید لکھا ہے کہ وباء ، غربت اور پولیس کی ہراسانی سے غریب طبقہ شدید پریشان ہوگا۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دؤران صرف چار گھنٹوں کا وقفہ دیکر ریاست کی ساڑھے تین کروڑ عوام کی زندگیوں کو ہفتوں تک جاری رکھنا ممکن نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے