ملک میں ڈرون ٹکنالوجی نے انقلاب پیدا کیا ہے،مودی حکومت جدید ٹکنالوجی کو ترجیح دے رہی ہے
مرکزی وزیرسندھیا اور ریاستی وزیر کے ٹی آر کے ہاتھوں ملک کے پہلے "میڈیسن فرم دی اسکائی” پراجکٹ کا آغاز
وقارآباد :11۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
جیوترآدتیہ سندھیا مرکزی وزیر برائے شہری ہوا بازی نے کہا ہے کہ ملک میں ڈرون ٹکنالوجی نے انقلاب برپا کردیا ہے ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی تمام شعبہ حیات میں جدید ٹکنالوجی کے استعمال کو ترجیح دے رہے ہیں۔

مرکزی وزیر برائے شہری ہوا بازی جیوتر آدتیہ سندھیا اور ریاستی وزیر آئی ٹی و بلدی نظم ونسق کے۔تارک راماراو نے آج وقارآباد کے پولیس پریڈ گراونڈ پر منعقدہ تقریب میں "ڈرونس Drones ” کے ذریعہ مواضعات،سڑک کی سہولت سے محروم علاقوں،دوردراز کے مقامات پر موجود پرائمری ہیلتھ سنٹرس یا پھر ہنگامی حالات میں دیگر مقامات تک کم وقت میں ادویات اور ویکسین کی منتقلی کے پروگرام’’میڈیسن فرم دی اسکائی’’(آسمان کے ذریعہ ادویات) نامی اس پراجکٹ کا عملی افتتاح انجام دیا۔
اس تقریب میں ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی،رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی،صدورنشین ضلع پریشداضلاع وقارآباد و رنگاریڈی پی۔سنیتا مہندر ریڈی،انیتا ریڈی،سابق وزیر ٹرانسپورٹ و رکن قانون ساز کونسل ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی،رکن قانون ساز کونسل وانی دیوی اور دیگر شریک تھے۔

بعدازاں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر جیوترآدتیہ سندھیا نے کہا کہ ڈرون پالیسی پر مرکزی حکومت کی پالیسی واضح ہے اور اس معاملہ میں تلنگانہ حکومت کا سامنے آنا لائق ستائش ہے انہوں نے کہا جدید ٹکنالوجی کے استعمال میں تلنگانہ ریاست ہمیشہ آگے رہی ہے۔
مرکزی وزیر برائے شہری ہوا بازی جیوترآدتیہ سندھیا نے کہاکہ ڈرون کے ذریعہ ادویات اور ویکسین کی سربراہی ساری دنیا کے لیے ایک مثالی پراجکٹ ہوگا جس کا آغاز آج سے تلنگانہ ریاست میں کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح گراہم بیل کی ایجاد ٹیلی فون کی ایجاد اور اسی طرح رائٹ برادرس کی جانب سے ہوئی جہاز کی پرواز نے ٹکنالوجی کی دنیا میں انقلاب پیدا کیا تھا اسی طرح ڈرون ٹکنالوجی اس دؤرمیں ایک نیا انقلاب پیدا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اس ٹکنالوجی کے ذریعہ ملک اور نوجوانوں کی بین الاقوامی سطح پر پہچان بنے گی۔
مرکزی وزیر شہری ہوابازی نے کہا کہ تلنگانہ کی طرز پر ملک کی تمام ریاستوں میں اس ڈرون کے ذریعہ "میڈیکل فرم دی اسکائی” پروگرام کا آغاز کیا جائے گا اور تمام ریاستوں میں گرین زون قائم کرتے ہوئے بلا کسی رکاوٹ ڈرونس کی ان خدمات کے استعمال کو آسان بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایرو اسپیس میں بھی کئی تبدیلیاں ہورہی ہیں اور اس کے لیے انٹر ایکٹیو ایرو اسپیس نقشہ بھی تیار کیا جارہا ہے اس کی تفصیلات انہوں نے واضح کیں۔مرکزی وزیر برائے شہری ہوا بازی جیوترآدتیہ سندھیا نے کہا کہ کسان اور ڈاکٹرس دنیا کی دو مضبوط طاقتیں ہیں۔
اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر آئی ٹی و بلدی نظم ونسق کے۔تارک راماراو نے کہا کہ ملک میں پہلی مرتبہ ڈرونس کے ذریعہ ادویات کی منتقلی کا یہ موقع خوشی کا ہے اور اس سے واضح ہوتا ہے کہ ریاستی وزیراعلیٰ کے سی آر نے ثابت کردیا کہ ڈرون کا استعمال کتنا فائدہ مند ہوتا ہے۔
"وقارآباد میں ڈرونس کے ذریعہ آغاز کردہ اس ملک کے اولین پروگرام کا ویڈیو یہاں دیکھا جاسکتا ہے۔ ”
انہوں نے کہا ان ڈرون کے ذریعہ ہنگامی حالات اور کم وقت میں ریاست کے دوردراز مقامات تک خون،ادویات اور ویکسین کی منتقلی عمل میں لائی جائے گی۔اور اس کے لیے ٹریفک جام کا مسئلہ بھی نہیں ہوگا۔وزیر آئی ٹی کے ٹی آر نے کہا کہ صرف ادویات کی منتقلی ہی نہیں بلکہ دیگر ہنگامی حالات میں بھی ڈرونس کا بہتر استعمال کیا جاسکتا ہے۔اور آج کا دن تلنگانہ کے لیے ایک یادگار اور تاریخی دن ہے۔
وزیر آئی ٹی نے کہا کہ اسی طرح ان ڈرونس کو خواتین کے تحفظ کی غرض سے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے جہاں کہیں خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اورانہیں ہراساں کیا جاتا ہے وہاں پہنچنے والے ڈرون کی آواز ہی ان غیر سماجی عناصر میں خوف پیدا کردے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈرونس کے ذریعہ غیر قانونی کانکنی پر بھی نظر رکھی جاسکتی ہے۔
اس موقع پر ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی آر نے مرکزی وزیر شہری ہوابازی جیوتر آدتیہ سندھیا سے نمائندگی کی کہ بیگم پیٹ ایرپورٹ کو ایرو اسپیس تربیتی ادارہ میں تبدیل کیا جائے اور اس میں ایوی ایشن یونیورسٹی قائم کرنے سے کئی نوجوانوں کا فائدہ ہوگا۔
اس موقع پر ریاستی وزیر کے ٹی آر نے اعلان کیا کہ وقارآباد میں تعمیر کردہ جدید کلکٹریٹ کی عمارت کا بہت جلد وزیراعلیٰ کے سی آر افتتاح انجام دیں گے۔

اس جلسہ سے قبل وقارآباد کے پولیس پریڈ گراؤنڈ میں اس Medicines From The Sky نامی پائلٹ پراجکٹ کا تجرباتی آغازکرتے ہوئے مرکزی وزیر شہری ہوابازی جیوتر آدتیہ سندھیا،ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی آر نے تین ڈرونس کے ذریعہ مختلف ادویات اور ویکسین دو کلومیٹر کے فاصلہ پر موجود وقارآباد ایریا اسپتال کو روانہ کیے جہاں کامیابی کے ساتھ ان ادویات اور ویکسین پہنچاکر تینوں ڈرونس پولیس پریڈگراؤنڈ واپس پہنچ گئے۔
اس تقریب میں ارکان اسمبلی چیوڑلہ،وقارآباد، تانڈور،پرگی اور کوڑنگل کالے یادیا،ڈاکٹر میتکو آنند،پائلٹ روہت ریڈی،مہیش ریڈی ،پی۔نریندر ریڈی،ضلع کلکٹر وقارآباد نکھیلا،ایڈیشنل کلکٹران موتی لال اور چندریا،رکن بی سی کمیشن شبھاپردھ پٹیل،صدر نشین بلدیہ وقارآباد سی۔منجولہ رمیش کے علاوہ دیگر عوامی نمائندے اور مختلف محکمہ جات کے ضلعی عہدیداران شریک تھے۔

