تلنگانہ میں 6 ایرپورٹس کے قیام کے لیے اقدامات،وزیر اعلیٰ کے سی آر کو مرکزی وزیر شہری ہوابازی سندھیا کا تیقن

تلنگانہ میں 6 ایرپورٹس کے قیام کے لیے اقدامات،وزیراعلیٰ کو مرکزی وزیر شہری ہوابازی کا تیقن
اضلاع ورنگل،نظام آباد،عادل آباد،محبوب نگر،پیدا پلی اور کوتہ گوڑم شامل

حیدرآباد :11۔ستمبر(سحرنیوز ڈاٹ کام)

ریاستی وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ کو مرکزی وزیر شہری ہوابازی جیوترآدتیہ سندھیا نے تیقن دیا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں 6 ایرپورٹس کے قیام کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

وقارآباد میں منعقدہ ڈرونس کے ذریعہ ادویات،خون،ویکسین اور ہنگامی حالات میں دیگر ضروری اشیاء کی منتقلی کے لیے آج شروع کیے گئے ملک کے پہلے ” Medicines From The Sky ” ( آسمان کے ذریعہ ادویات) پائلٹ پراجکٹ کے ریاستی وزیر آئی ٹی کے۔تارک راماراؤ کے ساتھ آغاز اور اس کے کامیاب تجربہ کے بعد مرکزی وزیر شہری ہوابازی جیوترا ٓدتیہ سندھیا نے پرگتی بھون پہنچ کر ریاستی وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ سے خیر سگالی ملاقات کی اور ترتیب دئیے گئے لنچ میں شرکت کی۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے مرکزی وزیر کی شال پوشی کی اور انہیں یادگار مومنٹو پیش کیا۔

بعد ازاں وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ کو مرکزی وزیر شہری ہوابازی جیوتر آدتیہ سندھیا نے تیقن دیا کہ حیدرآباد کے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کی مزید ترقی اور توسیع میں تعاون کیا جائے گا اور حکومت تلنگانہ کے اس مطالبہ پر کہ ریاست میں 6 چھوٹے اور بڑے ایرپورٹس کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

اس ملاقات کے دؤران وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ نے مرکزی وزیر شہری ہوابازی جیوتر آدتیہ سندھیا کو بتایا کہ ریاست تلنگانہ معاشی پر تیز رفتار ترقی کی سمت گامزن ہے اور حیدرآباد بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت قائم کرچکا ہے اسی لیے حیدرآباد کے انٹرنیشنل ایرپورٹ سے مزید مختلف ممالک کے لیے ہوائی خدمات کا آغاز کیا جائے۔

وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ نے مرکزی وزیر شہری ہوابازی جیوتر آدتیہ سندھیا سے خواہش کی کہ تلنگانہ بالخصوص حیدرآباد آئی ٹی ہب، بزنس ہب،ٹورزم ہب کے ساتھ ساتھ ہیلتھ ہب کے طور پر بھی ملک اور بیرون ممالک اپنی شناخت قائم کرنے میں کامیاب ہوا ہے اور بڑی تعداد میں ملک اور بیرون ممالک سے عوام حیدرآباد پہنچ رہے ہیں۔

تو ساؤتھ ایسٹ ایشیا، یوروپ،امریکہ اور دیگر ممالک کے لیے حیدرآباد کے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے ڈائرکٹ فلائٹس اور براہ حیدرآباد فلائٹس کی تعداد میں اضافہ کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔

مرکزی وزیر شہری ہوابازی جیوتر آدتیہ سندھیا کو وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کے مختلف شہروں میں6 ایرپورٹس کے قیام اور وہاں سے ہوائی خدمات کے لیے پہلے ہی حکومت تلنگانہ مرکزی حکومت کو منصوبہ روانہ کرچکی ہے اس پر غور کرتے ہوئے مرکزی محکمہ شہری ہوابازی کی جانب سے فوری طور پر ایرپورٹس کے قیام کو منظوری دینے کے اقدامات کیے جائیں۔ساتھ ہی وزیراعلیٰ نے کہا کہ میٹرو ٹرین کو شمس آباد ایرپورٹ سے جوڑنے کے اقدامات بھی لازمی ہیں۔

تمام تفصیلات اور مطالبات سے واقفیت کے بعد مرکزی وزیر شہری ہوابازی جیوتر آدتیہ سندھیا نے وزیراعلیٰ کے۔ چندراشیکھر راؤ کو تیقن دیا کہ ملک میں تیزی کے ساتھ ترقی کررہے حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کی توسیع و ترقی کے لیے ہر ممکنہ تعاون کیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیر شہری ہوابازی جیوتر آدتیہ سندھیا نے وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ سے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں 6 ایرپورٹس کے لیے روانہ کردہ منصوبہ اور سفارش میں موجود "مامو نور ” ورنگل ایرپورٹ اتھارٹی لینڈ (اے ای) اور اے ٹی آر آپریشن کے جلد آغاز کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔اسی طرح نظام آباد ضلع میں (جکران پلی) ایرپورٹ کے لیے تکنیکی کلیئرنس جاری کیا جائے گا۔

 

مرکزی وزیر شہری ہوابازی نے وزیراعلیٰ کے سی آر سے کہا کہ عادل آباد میں ایرپورٹ کو ایرفورس کی مدد سے قائم کرنے کے معاملہ میں وہ اپنے محکمہ کے ذریعہ جائزہ لیں گے۔

مرکزی وزیر نے وزیر اعلیٰ کو تیقن دیا کہ دیور کدرہ (محبوب نگر)، کوتہ گوڑم،بسنت نگر((پیدا پلی) میں چھوٹے ہوائی جہازوں کی آمد ورفت کے حکومت تلنگانہ کے منصوبہ اور سفارش کا دوبارہ جائزہ لینے کے بعد ایرپورٹس کے قیام کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔

اس ملاقات کے مؤقع پر ریاستی وزراء کے ٹی آر،محمدمحمود علی،ویمولا پرشانت ریڈی،حکومت کے خصوصی صلاح کار راجیو شرما، چیف سیکریٹری سومیش کمار،پرنسپل سیکریٹری ویزاعلیٰ نرسنگ راؤ،سیکریٹریز سمیتا سبھروال،راج شیکھر ریڈی،سیکریٹری مرکزی محکمہ شہری ہوابازی پردیپ کرولا،جوائنٹ سیکریٹری دوبے،اسپیشل چیف سیکریٹری ن(فینانس ) راما کرشنا راؤ، پرنسپل سیکریٹری محکمہ ٹرانسپورٹ سنیل شرما، چیئر مین جی ایم آر گروپ ملک ارجن راؤ کے علاوہ دیگر مرکزی اور ریاستی اعلیٰ سطحی عہدیدار موجود تھے۔