تلنگانہ میں کوروناوائرس کی دوبارہ دستک،نلگنڈہ میں اسکول پرنسپل کی موت ،مزید تین ٹیچرس متاثر

ریاستی خبریں

تلنگانہ میں کوروناوائرس کی دوبارہ دستک!نلگنڈہ میں اسکول پرنسپل کی موت،مزید تین ٹیچرس متاثر
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دؤران ریاست میں 296 مثبت کیس ریکارڈ،طلبہ اور سرپرستوں میں خوف

حیدرآباد:11۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس دوبارہ دستک دے رہا ہے!روزانہ کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں تشویشناک طور پر اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔

ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے آج شام جاری کردہ میڈیکل بلیٹن کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دؤران ریاست میں 69,833 افراد کے نمونے جانچ کی غرض سے حاصل کیے گئے تھے جن میں سے حیرت انگیز طور پر 296 افراد کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔

دوسری جانب ریاست کے کئی اضلاع کے اسکولس میں اساتذہ اور طلبہ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ جبکہ حکومت یہ بھروسہ دلانے میں مصروف ہے کہ تمام احتیاطی اقدامات کیے جارہے ہیں اس سلسلہ میں کسی کو بھی گھبرانے یا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔تاہم کورونا اپنا کام کرنے میں مصروف ہے!

نلگنڈہ ضلع کے سینٹ الفونسیس ہائی اسکول میں کورونا وائرس کی دہشت چھائی ہوئی ہے اس اسکول کے پرنسپل جارج جوزف سمیت مزید تین اساتذہ کورونا وائرس سے متاثرہوئے ہیں۔اسی دؤران اسکول انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ علاج کے دؤران سینٹ الفونسیس ہائی اسکول کے پرنسپل جارج جوزف کی موت واقع ہوگئی ہے۔

وہیں ضلع انتظامیہ اس سلسلہ میں متحرک ہوگیا ہے اور کورونا وائرس کے متاثرہ طلبہ کو علحدہ رکھ کر ان کا علاج کیا جارہا ہے۔

جبکہ بھدرادری ضلع کوتہ گوڑم کے سنگارینی وومینس کالج میں بھی کورونا وائرس کی دہشت پھیلی ہوئی ہے اس کالج کے 6 ملازمین کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔جس کے بعد اس کالج کے دیگر اسٹاف اور طالبات کا کورونا ٹسٹ کیا جارہا ہے۔

ان معاملات کے سامنے آنے کے بعد اسکولس میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ اسکول انتظامیہ، اساتذہ، طلبہ اور ان کے والدین/سرپرستوں میں خوف پیدا کرنے کا باعث بن رہا ہے۔

ریاست میں کورونا وبا کی بات کی جائے اس وباکے آغاز کے بعد سے ریاست تلنگانہ میں آج 11 ستمبر تک جملہ 6,61,302 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔کل ایک کورونا وائرس متاثرہ کی موت کی بعد ریاست میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی جملہ تعداد 3,893 ہوگئی ہے۔

جبکہ ایک دن قبل ہی 322 کورونا متاثرین صحت یاب ہوئے ہیں اس طرح آج تک ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی جملہ تعداد 6,52,085 ہوگئی ہے۔

وہیں فی الوقت ریاست میں کورونا وائرس کے 5,324 ایکٹیو کیس ہیں۔عہدیداروں کے مطابق ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کا جملہ فیصد 98.60ہے۔

اب لازمی ہوگیا ہے کہ عوام کورونا وائرس کے متعلق ہرگز لاپرواہی کامظاہر ہ نہ کریں،کوویڈقواعد پرسختی کے ساتھ عمل کریں اور ساتھ ہی

بالخصوص اپنے بچوں کو اسکولس روانہ کرتے ہوئے انہیں ماسک پہنائیں اور انہیں سخت تاکید کریں کہ اسکول میں دیگر طلبہ کے ساتھ انسانی فاصلہ برقرار رکھیں۔اور ساتھ ہی سینی ٹائزر یا صابن سے اپنے ہاتھ دھوتے رہیں کیونکہ کہا گیا ہے کہ ” احتیاط علاج سے بہتر ہے "

یاد رہے کہ ریاست تلنگانہ میں کورونا وباء کی شدت میں کمی کے بعد یکم ستمبر سے تمام سرکاری اور خانگی اسکولس کھول دئیے گئے ہیں۔

اس اعلان سے قبل وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ نے محکمہ صحت کے بشمول دیگر تمام متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا تھا اور اعلان کیا تھا کہ ریاست میں کورونا وباء کی شدت کم ہوگئی ہے اور محکمہ صحت نے اپنی رپورٹ میں سفارش کی ہے اسکولس بند رہنے سے طلبہ ذہنی تناؤ کا شکار ہورہے ہیں اس لیے اسکولس کو دوبارہ کھول دینا ضروری ہے۔

وہیں ریاستی ہائی کورٹ میں ایک خانگی ٹیچر نے 28 اگست کو مفاد عامہ کے تحت ایک پٹیشن داخل کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ حکومت کے اس فیصلہ پر روک لگائی جائے۔

ہائی کورٹ کی دورکنی معزز بینچ نے ا س پٹیشن کی سماعت کرتے ہوئے 31 اگست کو عبوری حکمنامہ جاری کیا تھا کہ ریاست تلنگانہ میں ہاسٹلس،ریسیڈنشیل اسکولس،گروکل اسکولس اور اقامتی اسکول کو چھوڑ کر دیگر تعلیمی ادارے کھول لیے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے