لٹیری دُلہن ! شادی کے بعد تین لاکھ روپئے مالیتی زیورسمیت اپنے عاشق کے ساتھ فرار

لُٹیری دُلہن !
شادی کے فوری بعد تین لاکھ روپئے مالیتی زیور لے کر
اپنے ایک اور عاشق کے ساتھ فرار

بھوپال: 02۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

عشق محبت کے نام پر دھوکہ بازی عروج پر ہے!سوشل میڈیا کے ذریعہ مختلف طریقوں سے لوٹ،دھوکہ اور فریب اب عام بات بن کر رہ گئی ہے۔

لیکن مدھیہ پردیش میں ایک ایسا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں عدالت کے احاطہ میں موجود مندر میں شادی کے فوری بعد ایک دلہن دُلہے کو چکمہ دیتے ہوئے تین لاکھ روپئے مالیتی زیور اور نقد رقم کے ساتھ اپنے عاشق کے ساتھ فرار ہوگئی تاہم وہاں موجود وکیلوں نے اس دُلہن کی فرضی آنٹی کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا۔میڈیا اطلاعات کے مطابق مدھیہ پردیش کے چند مقامات اور خود جبلپور میں اس قسم کی دھوکہ دہی کے چند واقعات پہلے بھی پیش آچکے ہیں!!

مدھیہ پردیش کے جبلپور میں پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات کے مطابق اومتی پولیس اسٹیشن کے انچارج ایس پی ایس۔بگھیل کے مطابق بھنٹالیا کی رہنے والی رینو عرف سنگیتا اہیروار نامی لڑکی جس نے خود کو یتیم ظاہر کرتے ہوئے دشرتھ سنگھ راجپوت سے دوستی اور محبت کا ناٹک کیا پھر دونوں شادی کے لیے تیار ہوگئے تھے۔آج ضلع عدالت میں موجود مندر میں سیونی کے رہائشی دشرتھ سنگھ راجپوت سے شادی کرنے آئی تھی۔

کہا جارہا ہے کہ کورٹ میرج سے پہلے اس نے مندر میں شادی کی پیشکش کی تھی۔رینو جو کہ اپنی بھابھی ارچنا اہیروار کے ساتھ پراسوارہ میں رہتی ہے نے 35000 روپئے اور زیورات وغیرہ کے ساتھ دُلہا دشرتھ کے ساتھ شادی طئے کرلی تھی۔

عدالت کے احاطہ میں موجود مندر میں شادی کی تقریب انجام دی گئی بعد ازاں کورٹ میریج کرنا تھا کہ اسی دؤران دُلہن رینو کار میں بیٹھنے میں تکلیف ظاہر کرتے ہوئے کار سے نیچے اترگئی اور قریب ہی تیار کھڑے ہوئے اپنے عاشق کی گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہو گئی۔

اس واقعہ کے ساتھ ہی وہاں ہلچل مچ گئی اور اومٹی ٹی آئی ایس پی ایس بگھیل بھی جائے مقام پر پہنچ گئے۔اس سے قبل دلہن کے فرار ہوتے ہی رینو کے ساتھ آنے والی خاتون کو کچھ وکیلوں نے پکڑ لیا تھا۔

دُلہا دشرتھ سنگھ راجپوت کی جانب سے پولیس میں درج کروائی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ لُٹیری دلہن رینو اپنے ساتھ زائداز ڈھائی لاکھ روپئے مالیتی زیورات اور 50 ہزار روپے نقد رقم بھی لے کر فرار ہوئی ہے۔

دلہن اور اس کے رشتہ داروں کے اچانک فرار ہونے کے بعد دُلہا اور اس کے رشتہ دار فوراً عدالت کے احاطے میں واپس آگئے جہاں دلہن کی مبینہ خالہ ارچنا برمن کو وکلاء نے گھیر لیا تھا۔شکایت ملنے پر اومٹی پولس پہنچی اور خاتون کو پکڑ کر تھانے لایا گیا۔پولیس اب اس سلسلہ میں ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے اس معاملے کی تحقیقات میں مصروف ہے۔اطلاع ہے کہ مفرور دُلہن نے بھی پولیس اسٹیشن پہنچ کر خود کو پولیس کے حوالے کردیا ہے!!