مستحق خاندانوں کے لیے شادی مبارک اور کلیانہ لکشمی اسکیمات ایک نعمت
تانڈور میں ایم ایل سی اور ایم ایل اے کے ہاتھوں 93 افراد میں چیک تقسیم
وقارآباد/تانڈور: 02۔فروری (سحرنیوزڈاٹ کام)
ڈاکٹر پی۔مہندر ریڈی رکن قانون ساز کونسل متحدہ ضلع رنگاریڈی و سابق وزیر ٹرانسپورٹ اور رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہا ہے کہ حکومت تلنگانہ کی شادی مبارک اور کلیانہ لکشمی اسکیم غریب اورمستحق خاندانوں کے لیے ایک نعمت سے کم نہیں ہے اور وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ نے ان اسکیمات کے ذریعہ کئی مستحق خاندانوں کی پریشانیوں کو ختم کیا ہے جو اپنی لڑکیوں کی شادیوں کے لیے پریشان رہا کرتے تھے۔وہ آج دفترتحصیل تانڈور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
اس تقریب میں تانڈور ٹاؤن، تانڈور منڈل کے علاوہ مختلف مواضعات سے تعلق رکھنے والے کلیانہ لکشمی اور شادی مبارک اسکیم کے 93 منتخب درخواست گزاروں میں 93 لاکھ،10 ہزار 788 روپیئے مالیتی چیکس کی رکن قانون ساز کونسل متحدہ ضلع رنگاریڈی ڈاکٹر پی۔مہندر ریڈی اور رکن اسمبلی تانڈورپائلٹ روہت ریڈی کے ہاتھوں تقسیم عمل میں لائی گئی۔

اس تقریب سے اپنے خطاب میں رکن قانون ساز کونسل ڈاکٹر پی۔مہندر ریڈی اور رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے سی آر کی جانب سے متعارف کردہ مختلف فلاحی اسکیمات سارے ملک کے لیے ایک مثال ہیں۔انہوں نے کہا کہ کلیانہ لکشمی اور شادی مبارک اسکیم کے تحت حکومت کی جانب سے ایک لڑکی کی شادی کے لیے ایک لاکھ 16 ہزار روپئے کی امداد فراہم کی جاتی ہے۔
رکن قانون ساز کونسل ڈاکٹر پی۔مہندر ریڈی اور رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ اب تک شادی مبارک اور کلیانہ لکشمی اسکیمات کے تحت حلقہ اسمبلی تانڈور میں 3,081 مستحق درخواست گزاروں میں جملہ 30 کروڑ،33 لاکھ53 ہزار 248 روپئے جاری کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تانڈور میں موجود مختلف مسائل مرحلہ وار سطح پر حل کرتے ہوئے اسے ایک مثالی ٹاؤن بنایا جائے گا۔
اس تقریب میں صدرنشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل،نائب صدرنشین بلدیہ پٹلولا دیپا نرسملو،صدر تانڈور ٹاؤن ٹی آرایس ایم اےنعیم افو، رکن بلدیہ محمدمختار احمد ناز،تحصیلدار چنپلا نائیڈو،امتیاز بابا، رکن ضلع پریشد گوڑی منجولا وینکٹیشم، صدر زرعی مارکیٹ کمیٹی وٹھل نائیک کے علاوہ متعلقہ عہدیدار اور ٹی آرایس پارٹی قائدین شریک تھے۔

