آندھرا پردیش کے اردو میڈیم جونیئر اور ڈگری کالجوں میں لیکچرارس کے تقررات عمل میں لائے جائیں :نائب وزیراعلیٰ سے نمائندگی

آندھراپردیش کے اردو میڈیم جونیئر اور ڈگری کالجوں میں لیکچرارس کے تقررات عمل میں لائے جائیں
نائب وزیراعلیٰ ایس بی امجد باشا سے ریاستی اردو ٹیچرس اسوسی ایشن لیکچرارس وِنگ کی نمائندگی

 کڈپہ:13۔ستمبر (سحرنیوزڈاٹ کام/پریس نوٹ)

ریاستی اردو ٹیچرس اسوسی ایشن،لیکچرارز وِنگ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر وصی بختیاری کی قیادت میں ایک وفدنے کڈپہ کیمپ آفس میں نائب وزیراعلیٰ و ریاستی وزیر اقلیتی بہبود ایس بی۔امجد باشاسے ملاقات کرتے ہوئے نمائندگی کی ہے کہ فی الفور آندھرا پردیش کے اردو میڈیم جونیئر اور ڈگری کالجوں میں لیکچرارس کے تقررات عمل میں لائے جائیں۔

نائب وزیراعلیٰ کو پیش کی گئی یادداشت میں کہا گیا ہے کہ ریاست آندھرا پردیش کے گورنمنٹ جونیئر کالجوں اور گورنمنٹ ڈگری کالجوں میں اردو میڈیم کے برسرکار لیکچرارس صرف دس فیصد ہیں، بقیہ 90 فیصد اردو میڈیم لیکچرارس کنٹراکٹ فیکلٹی اور گیسٹ فیکلٹی کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ کئی کالجوں میں اردو میڈیم لیکچرارس کے پوسٹ ابھی تک منظور نہیں کئے گئے ہیں۔

لیکچرارس کی جائیدایں منظور نہ ہونے کے باعث جونیئر کالجوں، ڈگری کالجوں اور یونیورسٹیوں میں طلبہ شدید تعلیمی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔اردو میڈیم گورنمنٹ کالجوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی اردو ٹیچرز اسوسی ایشن کے سرپرست سید ہدایت اللہ نے مطالبہ کیا کہ ریاست میں گورنمنٹ جونیئر اور ڈگری کالجوں میں اردو میڈیم لیکچرارس کے پوسٹ منظور کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ بعض کالجوں میں اردو میڈیم لیکچرارس کے پوسٹ تیلگو یا انگریزی میڈیم میں تبدیل کئے جا چکے ہیں جن کی بحالی ضروری ہے۔

روٹا لیکچرارس وِنگ کے مشیر پروفیسر ستار ساحر نے کہا کہ لیکچرارس کے تقررات اور نصابی کتابوں کی طباعت کی سخت ضرورت ہے۔

نائب وزیراعلیٰ ایس بی امجد باشا نے متعلقہ محکمہ کے عہدیداروں کے نام پیش کردہ عرضداشت پر دستخط کئے اور اس سلسلہ میں کارروائی کا تیقن دیا۔

نائب وزیراعلیٰ و ریاستی وزیر اقلیتی بہبود سے ملاقات کرنے والے اس وفد میں ریاستی اردو ٹیچرس اسوسی ایشن کے کوآرڈینیٹر محمد ایوب، ستار فیضی، روٹا لیکچرارز شاخ کے ڈاکٹر خواجہ پیر، نقیب الدین، خواجہ اویس قرنی، امتیاز احمد، انور ہادی، محمد باشا ، ، ڈاکٹر امجد علی اور رحمت اللہ اور دیگر شامل تھے۔