مدھیہ پردیش: دریائے نرمدا میں گرنے والی مہاراشٹرا کی بس میں سوار
تمام 13 مسافر ہلاک،وزیر داخلہ کی تصدیق،بس کو دریا سے نکال لیا گیا
مہلوکین کے افراد خاندان کو فی کس چار لاکھ روپئے کی امداد کا اعلان
حادثہ پر وزیراعظم،ریاستی وزیراعلیٰ اور وزیر داخلہ کا اظہار افسوس
بھوپال: 18۔جولائی (سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
مدھیہ پردیش کےوزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا نے تصدیق کی ہے کہ مدھیہ پردیش میں ایک بس کے دریائے نرمدا میں گرجانے سے اس بس میں سوار تمام 13 مسافرین کی موت واقع ہوگئی ہے۔مدھیہ پردیش کے دھارضلع کے آگرہ۔ممبئی ہائی وے پر خل گھاٹ علاقہ میں یہ بس پل سے ریلنگ کو توڑتے ہوئے دریا ئے نرمدا میں گرگئی تھی۔افسوسناک حادثہ کا شکار بس اندور سے مہاراشٹراجارہی تھی جس کا مہاراشٹرا اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن سےتعلق ہے۔
وزیرداخلہ مدھیہ پردیش ڈاکٹر نروتم مشرا نے اس حادثہ پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹرا روڈ ویز کی بس جو کہ اندور سے پونہ جارہی تھی انہوں نے بتایا کہ اس بس میں اندور سے 12 مسافر سوار ہوئے تھے اور حادثاتی طور پر یہ بس نرمدا ندی میں گرگئی۔وزیرداخلہ نے بتایا کہ اس بس میں سوار تمام 13 مسافر ہلاک ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ حادثہ کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم اندازہ لگایا جارہا ہے کہ بس کے بریک یا اسٹیئرنگ فیل ہونے کی وجہ سے حادثہ ہوا ہوگا۔وزیرداخلہ نے بتایا کہ پہلے اندازہ لگایا گیا تھا کہ اس بس میں 50 تا 55 مسافر سوار تھے۔تاہم وزیرداخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا نے کہا کہ اس بس میں 13 یا 14 مسافر ہی سوار تھے جن میں سے کوئی بھی زندہ بچ نہیں پایا۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ اطلاع کے فوری بعد بچاؤٹیمیں اور متعلقہ عہدیدار جائےحادثہ پر بھیج دئیےگئے تھے۔انہوں نے کہا کہ ندی میں سیلابی پانی کی سطح اور اور اس کا بہاؤ بہت تیز ہے۔انہوں نے کہا کہ حادثہ کی تحقیقات کے بعد ہی معلوم ہوگا کہ یہ حادثہ کیسے پیش آیا۔
وزیراعظم نریندرمودی کے دفتر سے کیے گئے ٹوئٹ میں لکھا گیا ہے کہ مدھیہ پردیش کے دھار میں بس سانحہ افسوسناک ہے۔میری ہمدردیاں ان لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کوکھو دیا ہے۔بچاؤ کام جاری ہیں اور مقامی عہدیدار متاثرہ افراد کو ہرممکن مدد فراہم کررہے ہیں۔
مدھیہ پردیش کے وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان نے اپنے مہاراشٹر کے اپنے ہم منصب ایکناتھ شنڈے سے فون پر بات کی اور بچاؤ اورتلاشی کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نےاعلان کیا کہ اس حادثہ کے مہلوکین کےلواحقین کو مدھیہ پردیش حکومت کی جانب سے فی کس 4 لاکھ روپئےکی امدادی رقم فراہم کی جائے گی۔
بچاؤ ٹیموں نے حادثہ کی شکار اس بس کو کرینوں کی مدد سے دریائے نرمدا سے نکال لیاہے۔اندور کے عہدیداروں نے بتایا کہ حادثہ کا شکار یہ بس 30-7بجے صبح اندور شہر سے روانہ ہوئی اور مہاراشٹرا کےامل نیر جارہی تھی۔
https://twitter.com/K2Kumari/status/1548940579559845888


