بلجیم میں چھوٹا طیارہ زمین میں منہ کے بل دھنس گیا، پیراشوٹ کی مدد سے پائلٹ بھی محفوظ،علیحدہ واقعات میں امریکہ میں دو ہلکے طیاروں کی ہائی ویز پر ہنگامی لینڈنگ

بلجیم میں چھوٹا طیارہ زمین میں منہ کے بل دھنس گیا
گرنے سے قبل پیراشوٹ کھول دینے سے پائلٹ بھی محفوظ
علیحدہ واقعات میں امریکہ میں دو ہلکے طیاروں کی ہائی ویز پر ہنگامی لینڈنگ
دو پائلٹوں کی حاضر دماغی کی ستائش،ایک پائلٹ گرفتار

نئی دہلی: 19۔جولائی
(سحرنیوز/سوشل میڈیا ڈیسک)

گزشتہ چند دنوں سے طیاروں کی ہنگامی لینڈنگ کی خبریں عام ہیں۔ایسے میں سوشل میڈیا پر تین ہلکے دونشستی طیاروں کے ویڈیوز وائرل ہوئے ہیں۔ان میں سے ایک بلجیم کا ہے جہاں ایک ہلکا طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث سڑک کے کنارے گر گر زمین میں منہ کے بل دھنس گیا لیکن گرنے سے قبل آسمان میں ہی پائلٹ کی جانب سے پیراشوٹ کھول دینے کے باعث طیارہ بے قابو ہوکر اور تیزی کے ساتھ زمین پر گرکر تباہ ہونے سے بچ گیا۔

وہیں امریکہ کے دو شہروں کے ویڈیوز بھی وائرل ہیں جو کہ علیحدہ علیحدہ ہائی ویز پر ہلکے طیاروں کی ہنگامی لینڈنگ کے مناظر پرمشتمل ہیں۔ان تینوں واقعات میں پائلٹ محفوظ رہے۔

بلجیم میں پیش آئے اس حادثہ کے ویڈیو میں دیکھاجاسکتاہے کہ طیارہ کےگرنے سے قبل پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیراشوٹ کھول دیا جس کے بعد طیارہ کی زمین پر گرنے کی رفتار دھیمی ہوگئی۔بعدازاں زمین پر منہ کے بل گرنےوالے اس ہلکےطیارہ کاپائلٹ خوش قسمتی سے اس پیرا شوٹ کی وجہ سے محفوظ رہا۔اور پیراشوٹ کی وجہ سے ہی طیارہ بھی تیز رفتاری کے ساتھ اچانک گرکر تباہ ہونے سے بچ گیا۔

نیوزی لینڈ ہیرالڈ کے مطابق یہ حادثہ بلجیم کے سینٹ اینڈرس ،بروگیس میں سڑک کے کنارے پیش آیا۔اس ویڈیو میں دیکھاجاسکتا ہے کہ طیارہ کھڑی ہوئی گاڑی کے قریب منہ کے بل کر گر زمین میں دھنس گیا۔اس کے بعد پائلٹ طیارہ کا دروازہ کھول کرباہر نکل آیا۔زندہ بچ جانے والا پائلٹ معمولی زخمی ہوا۔اسے ایک تکنیکی حادثہ بتایا جارہا ہے۔

بروگیس پولیس کے مطابق اس دونشستی ہلکے طیارہ کے گرنے سے اس مقام پر کوئی زیادہ نقصان نہیں ہوا۔وہیں عہدیداروں نے اس پائلٹ کی حاضر دماغی اور تجربہ کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ طیارہ کے آسمان کی بلندی سے تیزی کے ساتھ زمین پرگرنے کےدؤران پیراشوٹ کھول دینے سے پیراشوٹ نے اس طیارہ کی رفتار کو قابو میں کرلیا۔اور پائلٹ بھی زندہ بچ گیا۔عہدیداروں کے مطابق طیارہ کاربن فائبر سے بنا ہوا ہے اور اس حادثہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

دوسری جانب اس ماہ کے اوائل میں امریکہ کے شمالی کیرولینا میں گاڑیوں کی آمدورفت کے درمیان ہائی وے پرہلکے طیارہ کی ہنگامی لینڈنگ کا ویڈیو بھی واقعہ کے ایک ہفتہ بعد سوشل میڈیا پروائرل ہوا۔اس لینڈنگ کے دؤران طیارہ کے کاک پٹ سے GoPro کیمرہ کی مدد سے یہ ویڈیولیا گیا۔بتایا جارہا ہے کہ اس طیارہ کی ہنگامی لینڈنگ اور پھر اس دؤران کسی بھی گاڑی سے نہ ٹکرانے کے باعث ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔

میڈیا اطلاعات کےمطابق پائلٹ ونسنٹ فریزر اپنے خسر کے ساتھ سوین کاؤنٹی کی فونٹاناجھیل سےسنگل انجن والا طیارہ اڑا رہا تھا۔لیکن دؤران پرواز اس طیارہ کا انجن فیل ہونا شروع ہو گیاتھا۔اس ہنگامی لینڈنگ کی ویڈیو فوٹیج سوین کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے فیس بک کے اپنے آفیشل پیج پر شیئر کی تھی جو کہ وائرل ہوگئی۔

https://www.facebook.com/watch/?v=5427522457311567&ref=sharing

 

اپنے ویڈیو کے ساتھ شیرف کرٹس کوچران نے فیس بک پوسٹ پر یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پائلٹ فریزر نے بہترین کام کیا اورکسی کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔انہوں نے کہاکہ پائلٹ نے طیارہ کو بجلی کے چند تاروں بچاتے ہوئے بحفاظت لینڈنگ کی۔شیرف نےلکھا کہ اس ہنگامی لینڈنگ کے موقع پر بہت ساری چیزیں ایسی تھیں جو تباہ کن ہو سکتی تھیں لیکن خوش قسمتی سے ایسا کچھ نہیں ہوا۔

دوسری جانب اے بی سی کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے کنساس شہر کےمضافاتی علاقہ گرین ویلی کے قریب مسوری اسٹیٹ ہائی وے پر 15 جولائی صبح 3 بجے (مقامی وقت) ایک پائلٹ نے ہلکاطیارہ اتار دیا تھا کیونکہ اس طیارہ میں ایندھن ختم ہوگیا تھا۔تاہم اس طیارہ کے پائلٹ کو مبینہ طور پر نشے کی حالت میں پرواز کرنے کےالزام میں گرفتار کرلیا گیا۔مسوری اسٹیٹ ہائی وےپٹرولنگ کےعہدیداروں نےکہاکہ پائلٹ جس کی شناخت جان سیسنگ (35سالہ) کے طور پر کی گئی ہے جو کہ نشہ کی حالت میں تھا۔

مسوری اسٹیٹ ہائی وے پٹرولنگ پولیس نے کہا کہ ہائی وے پر اتارے جانے والا یہ طیارہ کسی بھی گاڑی سے نہ ٹکرانے میں کامیاب رہالیکن اس کا ایک آہنی رکاوٹ سےمعمولی تصادم ہوا۔پائلٹ جو اس ہلکے طیارہ میں واحدشخص تھا کو معمولی چوٹیں آئیں۔عہدیداروں نے تصدیق کی کہ طیارہ میں ایندھن ختم ہو گیا تھا اور پائلٹ نے ریڈیو اطلاع دی اور ہائی وے پر ہنگامی لینڈنگ کی۔بعدازاں پولیس نے ایک خصوصی گاڑی پر اس طیارہ کو ہائی وے سے لادکر ایرپورٹ منتقل کردیا۔