دہلی میں سکم پولیس کے جوان نے اپنے تین ساتھیوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا
نئی دہلی: 18۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
نئی دہلی میں تعینات سکم پولیس کےایک جوان نے آج اپنے تین ساتھیوں کو گولی مارکر ہلاک کردیا۔یہ واقعہ دہلی کے حیدر پور علاقہ میں ایک واٹر پلانٹ میں پیش آیا۔بعدازاں ملزم پرابین رائے(32 سالہ) نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔
سکم کے ان جوانوں کو دہلی کے حیدرپور علاقہ میں موجود واٹر پلانٹ پر انڈین ریزرو بٹالین کے حصہ کے طور پر اس کی حفاظت کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔ڈپٹی کمشنر آف پولیس (روہنی) پرناو طائل نے بتایا کہ سہ پہر تین بجے کے این کے مارگ پولیس اسٹیشن کو اطلاع موصول ہوئی جائے مقام پر پر پہنچنے پر پتہ چلا کہ سکم پولیس سے تعلق رکھنے والے تین افراد کو گولی لگی تھی۔جن میں سے دو کی جائے وقوع پرہی موت واقع ہو گئی تھی اور ایک کو شدید زخمی حالت میں بی ایس اے ہسپتال منتقل کیا گیاجہاں بعد معائنہ ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دیا۔
این ڈی ٹی وی نے اسپیشل کمشنر آف پولیس (لا اینڈ آرڈر) دیپیندر پاٹھک کے حوالہ سے بتایا کہ پرابین رائے نے ابتدائی تفتیش کے دوران پولیس کو بتایا کہ اس کے تین ساتھیوں نے اس کی بیوی کے بارے میں ” ناگوار باتیں” کہہ کر اسے ذہنی طور پر ہراساں کیا تھا۔
دہلی میں یہ واقعہ جموں و کشمیر میں دوستانہ قتل کے دو بڑے واقعات کے چند دن بعد سامنے آیا ہے۔جموں و کشمیر کے ادھم پور ضلع میں انڈو تبت بارڈر پولیس(آئی ٹی بی پی) کے ایک جوان نے ہفتہ کے دن اپنے تین ساتھیوں کو گولی مار کر زخمی کر کے خود کو گولی مار کر ہلاک کرلیا تھا
جبکہ اسی طرز کے دوستانہ قتل کے ایک الگ واقعہ میں جموں و کشمیر کے پونچھ میں فوج کے دو جوان ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔
آج ملک کے دارالحکومت دہلی کے حیدرپورہ واٹر پلانٹ پر پیش آئے اس واقعہ نے سنسنی پیدا کردی ہے۔اس سلسلہ میں دہلی پولیس تحقیقات میں مصروف ہے۔


