تانڈور سے گمشدہ دو خواتین کومعین آباد کے فارم ہاوز میں قتل کر کے دفنا دیا گیا، ایک خاتون کے بشمول تین افراد تانڈور میں گرفتار

تانڈور سے گمشدہ  دو  خواتین کومعین آباد کے فارم  ہاوز میں قتل کر کے  دفنا دیا گیا
خاتون کی نعش دستیاب، ایک خاتون کے بشمول تین افراد  تانڈور میں گرفتار!

حیدرآباد/تانڈور،16۔مئی ( سحرنیوزبیورو)

وقارآباد ضلع کے تانڈورٹاون اور بشیرآباد منڈل کے قاسم پور موضع سے اچانک لاپتہ ہونے والی دوخواتین کی نعشیں آج رنگاریڈی ضلع کے معین آباد اور  چیوڑلہ پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں موجود الگ الگ فارم ہاوزس سے برآمد ہونے کے بعد وقارآبادضلع میں خوف اور سنسنی کی لہر دوڑ گئی ہے۔خواتین کے اس دوہرے قتل کی اطلاع سے تانڈور بھی دہل کر رہ گیاہے۔

پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے بموجب تانڈور کے بلدی حلقہ میں موجود اندرماں کالونی کی ساکن محبوب بی (58 سالہ) 9 مئی کو اچانک لاپتہ ہوگئی تھیں جن کی گمشدگی کی شکایت یالال پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی تھی۔ اسی طرح بشیر آباد منڈل کے موضع قاسم پور کی ساکن عابدہ بیگم (54سالہ) جو کہ آنگن واڑی مرکز میں آیا کی ملازمت کرتی تھیں بھی5 مئی کو اچانک لاپتہ ہوگئیں جن کی گمشدگی کی شکایت بشیر آباد پولیس اسٹیشن میں درج کر وائی گئی تھی۔

دو گمشدگی کے کیس تانڈور(رورل) پولیس اسٹیشن کے حدود میں درج کیے گئے تھے جس پر پولیس نے تحقیقات کے دوران اندرماں کالونی کی ساکن کریما  بیگم اور ان کے شوہر رحمٰن( پیشہ آٹو درائیور)  پر شبہ کے بعد ان سے اپنے طریقہ سے تفتیش کی تو ایسا حیرت انگیز انکشاف ہوا کہ پولیس خود حیرت زدہ ہوگئی۔

پولیس کی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ کریما بیگم اور رحمٰن نے ان دونوں خواتین سے قرض لیا تھا اور قرض کی واپسی کے تقاضے پر منصوبہ کے تحت ان دونوں خواتین کوالگ الگ اپنے قرض کی رقم حاصل کرنے کے لیے معین آبادکے ایک فارم ہاوز میں ملازمت کرنے  والے کریما بیگم کے بھائی نعیم کے پاس فارم ہاوس طلب کیا گیا اور  پہلے سے بنائے گئے منصوبہ  پر عمل کرتے ہوئے ان دونوں خواتین کو قتل کرکے فارم ہاوزس میں ہی دفنا دیا گیا۔ایک خاتون کاقتل معین آباد کے فارم ہاوس میں کیاگیا اور ایک خاتون کو چیوڑلہ کے قریب ایک فارم ہاوز میں قتل کر کے وہیں دفنا دیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق آج پولیس کی جانب سے معین آباد کے فارم ہاوز سے ایک مقتولہ کی نعش برآمد کرلی گئی ہے اور  پولیس کلوز ٹیم اور فورنسک ٹیم کے  ذریعہ ایک اور خاتون کی باقیات چیوڑلہ کے فارم ہاوز سے نکالنے میں مصروف ہے۔

باوثوق ذرائع کے بموجب تینوں ملزمین پولیس کی تحویل میں ہیں۔!! دونوں خواتین کی نعشوں کی برآمدگی، پولیس کی مکمل تحقیقات اور پولیس کی جانب سے ان واقعات کی تفصیلات باقاعدہ میڈیا کو فراہم کیے جانے کے بعد ہی مکمل حقائق واضح ہونے کا امکان ہے۔