تانڈور میں کانگریس کی نچلے درجہ کی سیاست اور سازشوں سے ہرگز ڈرنے والا نہیں ہوں، عوام کی تائید ہی میری اصل طاقت : پائلٹ روہت ریڈی

تانڈور میں کانگریس کی نچلے درجہ کی سیاست اور سازشوں سے ہرگز ڈرنے والا نہیں ہوں
سازش اور شکایت کے بعد ہی آئی ٹی کے دھاوے،عوام کی تائید ہی میری طاقت
میری کامیابی یقینی، رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کی پریس کانفرنس

وقارآباد/تانڈور: 26؍نومبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)

رکن اسمبلی تانڈور،وقارآباد ضلع پائلٹ روہت ریڈی نے کہاہےکہ تانڈور میں کانگریس خطرناک سازش کےساتھ انکے خلاف ایک منظم منصوبے کے تحت مختلف حربے استعمال کرنے میں مصرو ف ہے۔لیکن وہ ان سے ڈرنے یا گھبرانے والے نہیں ہیں۔

آج شام تانڈور میں موجود اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی و بی آر ایس امیدوار حلقہ اسمبلی تانڈورضلع وقار آباد پائلٹ روہت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کانگریس کی شکایت پر ہی تانڈور میں محکمہ انکم ٹیکس نے دھاوے منظم کیے تھے۔ انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیاکہ سیاسی مخاصمت کے باعث ہی یہ دھاوے منظم کیے گئے ہیں۔پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ انہوں نے کوئی غلط یا غیر قانونی کام نہیں کیے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس نچلے درجہ کی سیاست کے ذریعہ تانڈور کے عوام کو خوفزدہ کرنے کی غرض سے ہی ان کے خلاف شکایت کی تھی۔

رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے کہاکہ ان کے تمام مخالفین کانگریس میں جمع ہوگئےہیں اور انہیں نقصان پہنچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہاکہ جب تک عوام کی تائید اور ان کا آشیرواد ان کے ساتھ ہے وہ کانگریسیوں کی سازشوں سے ہر گز گھبرانے یا خوفزدہ ہونے والے نہیں ہیں۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پائلٹ روہت ریڈی نے کہاکہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیاہے ساراحساب کتاب درست ہے۔

انہوں نے کہاکہ کانگریس سیاسی سازشوں کے علاوہ ان پر ذاتی،غیر اخلاقی اور جھوٹ پر مبنی حملے کرنے میں مصروف ہے لیکن اس کے باوجود حلقہ اسمبلی تانڈور سے ان کی کامیابی یقینی ہے کیونکہ رائے دہندوں کا آشیرواد اور ان پر عوام کا بھروسہ قائم ہے۔

رکن پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ کانگریسی قائدین عوام کو ان کےخلاف غلط پروپگنڈہ کے ذریعہ ورغلانے میں مصروف ہیں اور عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ انہیں شکست سے دوچار کرنےکےلیے تمام دشمن ایک ہوئے ہیں لیکن وہ اپنے مقصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہونگے۔

پائلٹ روہت ریڈی نے کہاکہ کانگریسی قائدین نچلے درجہ کی سیاست کا مظاہرہ کرتے ہوئے دیہاتوں میں رائے دہندوں کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ساتھ ہی انہوں نے انتباہ دیا کہ ان پر غلط الزامات کو وہ ہرگز برداشت نہیں کریں گے اور اس کے لیے ضروری ہے مخالفین یہ حرکتیں بند کردیں۔انہوں نے کہا کہ تمام تنظیموں اور طبقات کی انہیں تائید حاصل ہے اور کانگریس کی دکان جلد ہی بند ہونے والی ہے۔

رکن اسمبلی نے کہاکہ ان تک ایسی اطلاعات پہنچی ہیں کہ کانگریسی قائدین کسانوں اور بی آر ایس پارٹی کےقائدین اور کارکنوں کو مختلف طریقوں سے ہراساں کرنے میں مصروف ہیں۔انہوں نے انتباہ دیا کہ ایسی حرکتوں پر وہ خاموش نہیں رہیں گے۔

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ کانگریسی قائدین کی جانب سے تانڈور کی ترقی پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں انہوں نے چیلنج کیا کہ کیا کانگریسی قائدین اوراس پر کھلے مباحثہ کے لیے تیار ہیں۔؟انہوں نے کہاکہ کرناٹک میں کانگریس کے وعدوں پر یقین کرنے والے عوام اب پچھتا رہے ہیں۔ اور یہاں بھی ایسی حالت نہ ہو اس کے لیے کانگریس کو شکست دینا ضروری ہے۔

رکن اسمبلی نےقبول کیاکہ تانڈور میں کل انکم ٹیکس کے دھاوے منظم کیےگئے تھےتاہم ان کی رہائش گاہ پر انکم ٹیکس کےدھاؤوں کی اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے اسے افواہ قرار دیا اور کہا کہ ہوٹل درگا گرانڈوئیو میں مقیم ان کے دوست کے پاس انکم ٹیکس کا دھاوہ ہوا تھا اور اس کے ساتھ ان سے تعلق رکھنے والے افراد کے پاس بھی 14 مقامات پر پوچھ تاچھ کی گئی تھی۔

رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے کہاکہ ان کے دوست کے پاس سے ہوٹل میں 25 لاکھ روپئے ضبط کیے جانے کی اطلاع ہےجوکہ ان کے کاروبار کے تھے اور اس رقم سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔اس پریس کانفرنس میں بی آر ایس پارٹی قائدین کرنم پرشوتم راؤ،سدرالہ سرینواس، کوہیر سرینواس یادو، ملا ریڈی، شیخ حسن پٹیل، اننتیا مدیراج، رویندرریڈی، وڈے راملو اور دیگر موجود تھے۔