بنگلورو میں شدید بارش، آؤٹر رنگ روڈ غرقاب، کئی علاقے جھیلوں میں تبدیل، وزیراعلیٰ نے متاثرہ مقامات کا دورہ کیا

بنگلورو میں شدید بارش،آؤٹر رنگ روڈ غرقاب
کئی علاقے جھیلوں میں تبدیل،وزیراعلیٰ نے متاثرہ مقامات کا دورہ کیا
شہر میں ہرطرف سیلابی صورت حال،کئی مکانات اور گاڑیاں زیرآب

بنگلورو: 30۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

باغوں کا شہر بنگلور گزشتہ رات اور آج ہونےوالی شدید اورموسلادھاربارش کےباعث جھیلوں کےشہر میں تبدیل ہوگیاہے۔کرناٹک کی راجدھانی بنگلور کی کئی اہم سڑکیں اور کئی علاقے تالابوں اور جھیلوں کا منظر پیش کررہے ہیں۔آؤٹر رنگ روڈ مکمل طورپر غرقاب ہوگئی ہے۔شہر کے کئی علاقے سیلاب کی زد میں آگئے ہیں۔جس کے باعث سڑکوں پرگاڑیوں کو بھی زیرآب دیکھا گیا۔

ٹوئٹر پر ایک صحافی DPSATISH@نے اس آؤٹر رنگ روڈ Outer Ring Road ORR# کی ایک ویڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئےلکھا ہے کہ”اب یہ آؤٹر ریورروڈ Outer River Road میں تبدیل ہوچکی ہے”۔

بنگلورو میں اس آؤٹر رنگ روڈ (ORR) اور اس کے آس پاس کی مختلف کمپنیوں میں ملازمت کرنے والے سینکڑوں ملازمین کو پیر کی رات بھر ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے سیلاب جیسی صورتحال اور ٹریفک مسائل کی ہولناکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔بتایا جارہا ہے کہ شدید اورموسلادھار بارش کے بعد ساولکیرے جھیل کا پانی قریبی نالے میں آجانے کی وجہ سے آؤٹر رنگ روڈ پر ٹریفک کی نقل و حرکت متاثر ہوئی۔جس کے نتیجےمیں سڑکوں پر پانی بھر گیا۔سلک بورڈجنکشن سے بیلندور،مراٹھاہلی اور سرجا پورہ روڈ تک آوٹر رنگ روڈ پر زائداز دو سے تین فٹ تک پانی کا قبضہ ہوگیا تھا،جس سے دو پہیہ گاڑیوں کے سواروں کا گزرنا ناممکن ہوگیاتھا۔

بنگلورو کے چندعلاقوں میں سیلابی پانی جمع ہونے کی وجہ سے معمول کی زندگی درہم برہم ہوگئی۔کئی علاقوں میں درخت اکھڑ گئے اور آج اسکولوں اور کالجوں کے لیے تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔

کرناٹک اسٹیٹ نیچرل ڈیزاسٹر مانیٹرنگ سینٹر (KSNDMC)کےمطابق سب سے زیادہ بارش بنگلورو کے مشرقی زون کے سی وی رمن نگر میں 109 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔KSNDMC کے مطابق پیر کو شہر میں 48.46 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔جبکہ محکمہ موسمیات نے یکم ستمبر تک بنگلورو شہر میں تیز اور ہلکی بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔

جبکہ ریاست کرناٹک میں گزشتہ چند دنوں سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔پیر کو کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومائی نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں بشمول رام نگرا دؤرہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا۔یکم جون سے کرناٹک میں 820 ملی میٹر بارش ریکارڈ گئی ہے،جس سے 27 اضلاع اور 187 گاؤں متاثر ہوئے ہیں۔اس بارش سے 29,967 کی آبادی متاثر ہوئی ہے۔

سوشل میڈیا پروائرل ایک ویڈیومیں دیکھا گیا کہ بنگلورو-میسور ہائی وے پر پانی بھرےطویل راستے پر گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں،جبکہ پیدل چلنے والوں کو پیدل چلنے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔

کل پیر اور آج منگل کو ہونے والی مسلسل بارش نے بہت سےشہریوں نے سوشل میڈیا پر کئی علاقوں،خاص طور پر مشرقی اور جنوب مشرقی بنگلورو میں سیلاب کی شکایت کی۔مقامی رہائشیوں کے مطابق سرجا پورہ روڈ پر رینبو ڈرائیو لے آؤٹ ایک بار پھر زیر آب آ گیا۔کئی مکانات میں بارش کا پانی داخل ہونےکےبعد بلدی عملہ کو لے آؤٹ سے پانی نکالنے کے لیے روانہ کیا گیا۔

رینبو ڈرائیو لے آؤٹ کے مکینوں نے شکایت کی کہ کئی مکانات میں مکین پھنس گئے ہیں۔حتیٰ کہ وہ سیلابی پانی کی وجہ سےاپنے مکانات کے دروازے اور کھڑکیاں تک کھولنے سے قاصر ہیں۔رینبو لے آؤٹ میں موٹر بوٹس کے ذریعہ عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

اسی طرح رادھا ریڈی لے آؤٹ،دوڈکنیلی اورسرجاپورہ روڈمکمل طور پرپانی میں ڈوب گیا۔اطلاعات ہیں کہ اس علاقے کے مکین اپنے مکانات میں پھنس گئے ہیں اور کوئی بھی باہر نکلنے سےقاصر ہے۔وہیں بومناہلی کےچندعلاقے خاص طور پر بلیکاہلی کےچند علاقے منگل کی صبح گھٹنے بھر گہرے پانی میں ڈوب گئے۔فائر اسٹاف کو اس علاقے سے پانی خارج کرتے ہوئے دیکھا گیا۔