وقارآباد میں ریلوے پٹریاں عبور کرنے کے دوران ٹرین آگئی،نوجوان محفوظ،موٹرسیکل تباہ
اترپردیش میں بھی ریلوے کراسنگ پر موٹرسیکل کو تیز رفتار ٹرین نے رؤند دیا،ویڈیو وائرل
وقارآباد:31۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
اکثر ریلوے گیٹ اور ریلوے کراسنگ پر پیدل چلنےوالوں بالخصوص گاڑی چلانے والوں کو جلد بازی کرتے ہوئے دیکھا جاتا ہے۔یہ لوگ ٹرین کو قریب آتا دیکھ کر بھی عجلت میں ریلوے پٹریاں عبورکر کے دوسری جانب پہنچنے کی جلد بازی کرتے ہیں کہ ٹرین کے گزرنے تک کون انتظار کرے؟لیکن ایسے مواقع پر چھوٹی سی بھی چوک انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن جاتی ہے۔
آج تلنگانہ کے وقارآباد ضلع مستقر کے بلدی حدود میں موجود کوتہ گڑھی میں بھی ایسی ہی جلد بازی کرنے والا نوجوان خوش قسمتی سے محفوظ رہا تاہم اس کی موٹرسیکل ٹرین کی زد میں آکر تباہ ہوگئی۔

اطلاعات کے مطابق وقارآباد بلدی حدود میں موجود کوتہ گڑھی سے کوم پلی،اتویلی،مدن پلی کے علاوہ دیگرمواضعات کے عوام کی آمد ورفت رہتی ہے۔ کوتہ گڑھی میں زیرتعمیرریلوے انڈربریج کی تعمیر میں تاخیر کے باعث مذکورہ بالامواضعات کےعوام کی بڑی تعداد روزآنہ پیدل اور موٹرسیکلوں پر گروکل پاٹھاشالا کے عقب میں موجود ریل کی پٹریوں پر سے آمد ورفت جاری رکھے ہوئے ہے۔
آج ایک موٹرسیکل راں ان پٹریوں کوعبور کررہا تھاکہ اس کی موٹرسیکل ریل کی پٹریوں میں پھنس گئی۔اسی دوران اچانک ایک مال گاڑی آگئی اور اس کی موٹرسیکل کو رؤند دیا۔اس حادثہ کےبعد ڈرائیور نےٹرین کو روک دیا۔خوش قسمتی سےموٹرسیکل راں محفوظ رہا۔تاہم اس کی شناخت نہیں ہوپائی ہے۔اس حادثہ کے بعد کوتہ گڑھی سے کوم پلی،اتویلی،مدن پلی کے علاوہ دیگرمواضعات کےعوام کامطالبہ ہے کہ زیر تعمیر ریلوے انڈر بریج کی فوری تکمیل کی جائے۔
دوسری جانب اترپردیش کے ایٹاوہ ضلع کے رام نگر کاایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔اس چونکادینے والےویڈیو کوٹوئٹ کرتے ہوئے آئی اے ایس عہدیدارچھتیس گڑھ کیڈر Awanish Sharan@ نے لکھاہے کہ”اتنی بھی کیا جلدی ہے،زندگی آپ کی ہے اور موٹرسیکل بھی آپ کی ہی تھی۔”
इतनी भी क्या जल्दी है. ज़िंदगी आपकी है, बाइक भी आपका ‘था’. pic.twitter.com/BxMPUbQGLM
— Awanish Sharan 🇮🇳 (@AwanishSharan) August 30, 2022
اس ویڈیو کوکل سے آج تک 4 لاکھ 41 ہزار ٹوئٹر صارفین نے دیکھا ہے۔اور کئی صارفین نے اس شخص کی غیرذمہ داری پر تنقید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ شکر ہے کہ اس شخص کی اس غلطی اور موٹرسیکل کی وجہ سے تیز رفتار سوپر فاسٹ کسی حادثہ کا شکار نہیں ہوئی۔
ریلوے کراسنگ پر پیش آئے اس خوفناک واقعہ پرمشتمل سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھاجاسکتا ہے کہ ایک ٹرین پہلے ہی سے گزر رہی ہے اور ریلوے کراسنگ پر گاڑیوں اور عوام کا ہجوم ہے۔ایسے میں ایک موٹرسیکل راں گزرتی ہوئی ٹرین کے قریب ریلوے ٹریک پر پہنچ جاتا ہے۔اور فوری وہ اپنی موٹرسیکل کو واپس لینے کی کوشش کرتاہے کہ اس کی موٹرسیکل گرکر پٹری میں پھنس جاتی ہے۔پھربھی وہ گری ہوئی موٹرسیکل کو اٹھانے کی کوشش کرتا ہے اور فوری وہاں سے ہٹ جاتا ہے۔آن واحد میں اسی ٹریک پر ایک سوپر فاسٹ ٹرین آجاتی ہے اور اس کی موٹر سیکل کو رؤندتے ہوئے گزرجاتی ہے۔