ممبئی ایرپورٹ پر محکمہ کسٹم کے عہدیداروں نے 8 مسافرین کے قبضہ سے 16 کروڑ روپئے مالیتی 31 کلوسونا ضبط کرلیا، دو مسافروں کے قبضہ سے 95 ہزار درہم بھی ضبط

ممبئی ایرپورٹ پر دبئی اور عدیس ابابا سے آنے والے مسافرین کے قبضہ سے
16 کروڑ روپئے مالیتی 31 کلو سونا کے بسکٹ اور پاوڈر ضبط
دبئی جانے والے مسافرین کے قبضہ سے 95 ہزار درہم بھی ضبط

ممبئی: 15۔اکتوبر
(سحرنیوز ڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)

ملک کے مختلف ایرپورٹس پر ان دنوں بیرون ممالک سے آنے والے مسافرین کے قبضہ سے اسمگل کیے جانے والے کروڑہا روپئے مالیتی بڑی مقدارمیں سوناضبط کرنےکی خبریں عام ہوتی جارہی ہیں۔جاریہ ماہ حیدرآبادایرپورٹ پرکسٹم عہدیداروں نےکروڑوں روپئے مالیتی سونا ضبط کیاہے۔

ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایرپورٹ پر گزشتہ دو دنوں کے دؤران علحدہ علحدہ کارروائیوں میں مختلف ممالک سے آنے والے 8 مسافرین کے قبضہ اسمگل کیا جانے والا 31 کلو سے زائد سوناضبط کرلیاہے۔جس کی مالیت 16 کروڑ روپیوں سے زائد بتائی گئی ہے۔وہیں ممبئی ایرپورٹ سے دبئی جانے والے دومسافرین کے قبضہ سے 95,000 درہم ضبط کرلیے ہیں جن کی مالیت ہندوستانیوں روپیوں میں 22 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔

محکمہ کسٹمس،ممبئی زون۔III کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر کیے گئے چار سلسلہ وار ٹوئٹس کےمطابق 13 اکتوبر کو ایتھوپیا کےدارالحکومت عدیس ابابا سے ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایرپورٹ (سی ایس ایم آئی اے) پہنچنےوالے ایک ہندوستانی مسافر کے قبضہ سے 16 کلو وزنی سونا کے بسکٹ ضبط کرلیےگئے۔جس کی مالیت 8 کروڑ 40 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔کسٹم عہدیداروں کے مطابق یہ سونا کے بسکٹ خصوصی طور پر تیار کردہ ایک کمر کے بیلٹ میں چھپاکر لائے گئے تھے۔اس مسافر کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایک اور کارروائی میں محکمہ کسٹمس نے 11 اکتوبر کو دبئی سےایمریٹس Emirates# کی فلائٹ نمبرEK 500 کے ذریعہ ممبئی ایرپورٹ پہنچنےوالے ایک مسافر کے قبضہ سے 9 کلو 895 گرام سونا کے بسکٹ ضبط کرلیے گئے۔جس کی مالیت 5 کروڑ 20 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔محکمہ کسٹمس کے عہدیداروں کے مطابق دبئی ایرپورٹ پر دو سوڈانی مسافروں نے یہ سونا اس ہندوستانی مسافر کے حوالے کیا تھا جوکہ اس کے ساتھ سفر کرتے ہوئےممبئی ایرپورٹ پہنچے تھے۔اس معاملہ میں بشمول ہندوستانی مسافر دونوں سوڈانی مسافروں کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔یہ سونا اسمگلنگ کی غرض سے خصوصی طور پر تیار کردہ سینے کے بیلٹ میں چھپاکر لایا گیا تھا۔

محکمہ کسٹمس چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایرپورٹ،ممبئی کےعہدیداروں کےمطابق اسی دن مزید تین الگ الگ کارروائیوں کے دؤران چار مسافروں کے قبضہ سے 5 کلو 101 گرام سونا ضبط کرلیاگیا۔جس کی مالیت 2 کروڑ 67 لاکھ روپئے ہے۔ان میں سےدو مسافروں نے سونا کا پاؤڈر موم کے ملمع میں لپیٹ کر اپنے زیر جامہ کپڑوں میں چھپاکر لایا تھا۔جبکہ ایک مسافر نے سونا اپنے بدن میں چھپاکر لایا تھا۔اس سلسلہ میں ان چاروں مسافروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

وہیں اسی دن محکمہ کسٹمس چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایرپورٹ،ممبئی زون۔III کےعہدیداروں نےایرپورٹ سےروانگی کےمقام پراسپائس جیٹ کی فلائٹ نمبر SG-13 کےذریعہ ممبئی سے دبئی روانہ ہونےوالے دومسافرین کےقبضہ سے 95،000 درہم ضبط کرلیے.جن کی مالیت 22 لاکھ روپئے ہوتی ہے۔کسٹمس عہدیداروں کےمطابق یہ رقم بسکٹ کی پیاکٹوں کےاندر بسکٹوں کے درمیان پائی جانے والی گول خالی سوراخوں میں مہارت کے ساتھ چھپایا گیا تھا۔بعدازاں ان دونوں مسافروں کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

اس طرح الگ الگ کارروائیوں میں چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایرپورٹ،ممبئی کے کسٹم عہدیداروں نے دو دنوں کے دؤران عدیس ابابا اور دبئی سے ممبئی ایرپورٹ پہنچنے والے 9 مسافروں کے قبضہ سے جملہ 16 کروڑ 27 لاکھ روپئے مالیتی 30 کلو 996 گرام سونا ضبط کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا۔وہیں ممبئی سے دبئی جانے والے دو مسافرین کے قبضہ سے 22 لاکھ روپئے مالیتی 95 ہزار درہم بھی ضبط کیے۔

محکمہ کسٹمس،ممبئی زون۔III کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر کیےگئے ایک اور ٹوئٹ کے مطابق کسٹم عہدیداروں نے 10 اکتوبر کو کی گئی اپنی دو الگ الگ کارروائیوں میں دبئی سےممبئی ایرپورٹ پہنچنےوالے دومسافروں کےقبضہ سے 3 کلو 7 گرام سونا ضبط کرلیا۔جسے پاؤڈر کی شکل میں موم کے ملمع میں چھپاکر لایا گیا تھا۔ضبط شدہ اس سونا کی قیمت ایک کروڑ 63 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ان دونوں مسافروں کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

 

"گزشتہ دنوں دہلی ایرپورٹ پر ایک 27 کروڑ روپئے مالیتی سفیدسونا اور ہیروں سے تیار کردہ دستی گھڑی اور لاکھوں روپئے مالیتی دیگر 6 ضبط شدہ دستی گھڑیوں کی ویڈیو اور تفصیلی رپورٹ اس لنک پر ” :-

دہلی ایرپورٹ پر دبئی سے پہنچے مسافر کے قبضہ سے 27 کروڑ روپئے مالیتی ایک دستی گھڑی کے بشمول جملہ 28 کروڑ روپئے سے زائد کی مزید 6 گھڑیاں ضبط

” حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ پر ضبط شدہ کروڑہا روپئے مالیتی سونا کے ویڈیوز اور تفصیلات ان لنکس پر پڑھی جاسکتی ہے” :-

حیدرآباد ایرپورٹ پر دبئی سے آنے والے تین مسافرین کے قبضہ سے چار کروڑ روپئے سے زائد مالیتی 7 کلو سونا کے بسکٹ ضبط

 

حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ پر دبئی سے آنے والی چار خاتون مسافرین کے علاوہ کویت سے پہنچے دو مسافرین کے قبضہ سے ساڑھے چار کلوسونا ضبط