سدی پیٹ سے حیدرآباد مرغیاں لے کر آرہی ویان میدک ضلع میں الٹ گئی، لوگ مرغیاں پکڑ کر چلتے بنے، دھان کی فصل بھی برباد،کئی مرغیاں ہلاک

سدی پیٹ سے مرغیاں لے کر حیدرآباد آرہی ویان میدک ضلع میں الٹ گئی
لوگ مرغیاں پکڑ کر چلتے بنے،دھان کی فصل بھی برباد،کئی مرغیاں ہلاک

حیدرآباد: 15۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

سڑکوں پر حادثات کاشکارہونے والی مال بردارگاڑیوں میں موجود اشیا کی لوٹ عام بات ہے۔جونہی کہیں شاہراہوں پر کوئی مال بردار گاڑی الٹ جاتی ہے یا حادثہ کا شکارہوجاتی ہے تو قریبی مواضعات کےعوام کےساتھ ساتھ اس شاہراہ سےگزرنے والے زیادہ ترلوگ ان گاڑیوں میں موجود اشیاء کو لوٹنے کا کام کرتے ہیں۔اشیاء چاہے جو بھی ہوں کہ ” مفت ہاتھ آئے تو برا کیا ہے۔؟”

چند ماہ قبل حیدرآباد کے قریب رات کوجب ایک ٹرک الٹ گیاتھا توعوام نے لوٹ مار مچاتے ہوئے اس ٹرک میں موجود کولڈ ڈرنکس کا بہت بڑا ذخیرہ لوٹ لیا تھا۔

اسی طرح آج تلنگانہ کے میدک ضلع میں مرغیوں سے لدی ایک ویان کےالٹ جانےکے بعد قریبی موضع کے عوام اور راہ چلتے لوگ مرغیاں اٹھاکر چلتے بنے۔دوسری جانب ویان کے الٹنے کے بعد مرغیوں کی بڑی تعداد سڑک کے کنارے موجود دھان کے کھیت میں داخل ہوگئی تھی تو عوام کا ہجوم ان مرغیوں کو پکڑنے کے لیے دھان کے کھیت میں داخل ہوگیا جس سے دھان کی کھڑی فصل بھی تباہ و برباد ہوگئی۔

تفصیلات کےمطابق سدی پیٹ کے پولٹری فارم سے 1,200 مرغیاں لےکر ایک ویان نمبرTS 13 UC 5814 براہ میدک ضلع کے رامائم پیٹ سے محمد ابراہیم کے اے ایم کے پولٹری ٹریڈرس،مرغی چوک،حیدرآباد آرہی تھی کہ صبح کی اولین ساعتوں میں 4 بجے رامائم پیٹ منڈل کے موضع لکشما پور کے قریب یہ ویان اُلٹ گئی جسے محمد عمران ڈرائیور چلارہے تھے۔

اس حادثہ کی اطلاع کے ساتھ ہی صبح موضع لکشماپور کےعوام کے علاوہ اس شاہراہ سے گزرنے والے لوگ ان بھاگتی دؤڑتی چند مرغیوں کو بھاگ دؤڑ کے بعد پکڑلیا اور اپنے ساتھ لے کر چلتے بنے۔اطلاعات کےمطابق اس ویان میں 2،000 کلو زندہ مرغ تھاجس میں سے 1,500 کلو مرغیاں حادثہ میں ہلاک ہوگئیں۔عینی شاہدین کے مطابق مقامی لوگوں نے ان مری ہوئی مرغیوں کو دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ویان کے ڈرائیور اور ویان میں موجود دیگر دو نوجوانوں پر حملہ کرنے کی کوشش بھی کی۔!!

اسی دؤران چند مرغیاں سڑک کے کنارے موجود ایک دھان کے کھیت میں داخل ہوگئیں۔کئی لوگ ان مرغیوں کو پکڑنے کی غرض سے دھان کے کھیت میں داخل ہوگئے اور مرغیوں کو پکڑلیا اوروہاں سے چلتے بنے۔اس حرکت کے باعث دھان کی کھڑی فصل کو شدید نقصان پہنچا۔مرغیاں لوٹنے والوں اور حادثہ کی شکار ویان کے زخمی ڈرائیور کے ساتھ غیر انسانی حرکت کی ایک اور مثال یہ بھی ہےکہ انہوں نےویان کے زخمی ڈرائیورکو ہسپتال منتقل کرنے کی کوشش بھی نہیں کی!!۔بعدازاں جے سی بی مشین کے ذریعہ اس حادثہ کا شکار ویان کو اٹھاکر سڑک پر کھڑا کیا گیا۔

اس حادثہ میں جہاں بڑی تعداد میں مرغیاں لوٹ لی گئیں وہیں بڑی تعداد میں مرغیاں ہلاک ہوگئیں۔جبکہ کسان کا دکھ یہ ہےکہ ان معمولی مرغیوں کو پکڑنے کے لیے ہجوم نے اس کے کھیت میں داخل ہوکر اس کی کھڑی فصل کو نقصان پہنچا دیا۔