سونا کی اسمگلنگ میں مدد کرنے والے ایر انڈیا کے تین ملازم گرفتار، 76 لاکھ مالیتی دیڑھ کلو سونا ضبط، اب تک 6 کلوسونا کی اسمگلنگ میں مدد

سونا کی اسمگلنگ میں مدد کرنے والے ایر انڈیا کے تین ملازم گرفتار
دیڑھ کلو سونا ضبط،اب تک 6 کلوسونا کی اسمگلنگ میں مدد

جئے پور: 19۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

راجستھان کےجئے پور ایرپورٹ پر کسٹم عہدیداروں نے سونا کی اسمگلنگ میں مدد کرنے والے ایرانڈیا کے تین ملازمین کو گرفتار کرلیا ہے۔ ان کی گرفتاری کے بعد جب ان سے کسٹم عہدیداروں نے تفتیش کی تو حیرت انگیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔

کسٹم کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق 16 نومبر کوکسٹم عہدیداروں نے جئے پور ایرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والی ایک فلائٹ کی نشست کے نیچے سے دیڑھ کلو سونا ضبط کیا تھا۔تحقیقات کے بعد اس معاملہ میں کسٹم عہدیداروں نے جئے پور ایرپورٹ پر خدمات انجام دینے والے ایرانڈیا ایرلائنس کے ان تینوں ملازمین کو گرفتار کیا ہے۔ضبط شدہ سونا کی قیمت 76 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔

گرفتار شدہ یہ تینوں ملازمین شیوارام مینا،گیان چند مینا اور کوشل ورما ایرانڈیا ایرلائنس میں انجینئر بتائے گئے ہیں جو کہ کنٹراکٹ ملازم ہیں۔

ان تینوں کی گرفتاری کے بعدکسٹم عہدیداروں نے محسوس کیا کہ اسمگلرس کی جانب سے لائے جانے والے سونا کے پکڑے جانے کے خوف سے اس طرح ایرلائن کے ملازمین کا استعمال کیا جارہاہے تاکہ کسٹم عہدیداروں کو کوئی شبہ نہ ہو اور ان کا سونا آسانی کے ساتھ اسمگل ہو۔

کسٹم عہدیداروں کی تفتیش کے بعد انکشاف ہوا کہ ان تینوں گرفتار شدہ ایر انڈیا کے ملازمین نے اب تک اسی طرز  پر مختلف مواقع پر 6 کروڑ روپئے مالیتی اسمگل شدہ سونا کو بحفاظت اسمگلرس تک منتقل کرچکے ہیں۔

بعدازاں کسٹم عہدیداروں نے گرفتار شدہ ان تینوں ملازمین کو جئے پور کی عدالت میں پیش کیا جہاں سے انہیں 14 دنوں کی عدالتی تحویل میں روانہ کردیا گیا۔

یاد رہے کہ بالکل اسی طرز کا ایک واقعہ 16 نومبر کو دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر بھی پیش آچکا ہے۔ جہاں دوبئی کی جیل میں تین سال قید کی سزا مکمل کرکے ایک شخص اسپائس جیٹ کی فلائٹ کے ذریعہ دوبئی سے دہلی ایرپورٹ پہنچا تھا۔تاہم اس نے فلائٹ میں دی گئی لائف جیاکٹ کو اپنی سیٹ کے نیچے چھپاکر فلائٹ سے اتر گیا تھا۔شبہ کی بنیاد پرکسٹم عہدیداروں نے اس شخص کو اپنی تحویل میں لے کر اس سے پوچھ تاچھ کی تھی اور کسٹم عہدیداروں کے مطابق اس لائف جیکٹ کی جب تلاشی لی گئی تو اس میں ڈھائی کلو سونا موجود تھا۔جس کی مالیت ایک کروڑ روپئے بتائی گئی تھی۔

جس پرکسٹم عہدیداروں نے اس شخص سے سوال کیا تھا کہ کیوں وہ لائف جیاکٹ کو فلائٹ کی سیٹ کے نیچے چھوڑ کر فلائٹ سے نیچے اتر گیا؟ جس پر اس شخص نے بتایا تھا کہ دوبئی میں جس نے اسے سونا حوالے کیا تھا اس نے کہا تھا کہ اس سونا کو لائف جیاکٹ میں رکھ کر فلائٹ کی سیٹ کے نیچے چھپاکر اتر جائے۔

دوبئی کی جیل سے تین سال بعد رہا ہوکر دہلی ایرپورٹ پہنچنے والے ایک شخص کے قبضہ سے ایک کروڑ روپئے مالیتی ڈھائی کلو سونا ضبط