چیف منسٹر تلنگانہ چندراشیکھرراؤ آج 20 نومبر کی شام پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے
حیدرآباد: 20۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ آج 20 نومبر کی شام 7بجے پرگتی بھون،حیدرآبادسے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرنے والے ہیں۔
یاد رہے کہ ریاست تلنگانہ کے کسانوں سے دھان کی خریدی کا مطالبہ کرتے ہوئے ریاستی حکومت کی جانب سے جاریہ ماہ اب تک دو مرتبہ احتجاج کیا جاچکا ہے۔
18 نومبر کو حیدرآباد میں منعقدہ احتجاجی دھرنے میں خود چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندرا شیکھرراؤ شریک ہوئے تھے اور ان کے ساتھ ٹی آر ایس پارٹی سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمان،ریاستی وزراء، ارکان اسمبلی،ارکان قانون ساز کونسل،ضلع پریشد کے صدور،کارپوریشنس کے صدور اور تمام قائدین حیدرآباد کے اندرا پارک پر منظم کیے گئے اس دھرنا میں حصہ لیا تھا۔
اس وقت مرکزی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے کہا تھا کہ مرکزی حکومت کو دو دن کی مہلت دی جائے گی کہ وہ ریاست تلنگانہ کے کسانوں سےدھان خریدے گی یا نہیں اس کا واضح اعلان کرے ورنہ دو دن بعد دوسری حکمت عملی طئے کی جائے گی۔
اس طرح دھرنا کے دو دن بعد آج امکان ہے کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندرا شیکھرراؤ پریس کانفرنس میں اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے!!۔
وہیں چیف منسٹر کے۔چندرا شیکھرراؤمرکزی حکومت سے تینوں کسان قوانین کی منسوخی کا مطالبہ بھی کررہے تھے جسے کل ہی وزیراعظم نریندر مودی نے واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔
چیف منسٹر کے۔چندرا شیکھرراؤنے انتباہ دیا تھا کہ مرکزی حکومت ریاست تلنگانہ کے ساتھ امتیازی سلوک برت رہی ہے اور اگر مرکزی حکومت ریاست کے کسانوں سے دھان کی خریدی کا اعلان نہیں کرتی ہے تو پھر ان کی قیادت میں دہلی میں بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کیا جائے گا۔
امکان ہے کہ چیف منسٹر کے۔چندرا شیکھرراؤ آج کی پریس کانفرنس میں مجالس مقامی کے تحت ریاست کے 9 متحدہ اضلاع کے لیے اپنے ایم ایل سی امیدواروں کے ناموں کا بھی اعلان کرسکتے ہیں جس پر تجسس قائم ہے!!

