وائی ایس شرمیلا نے اپنی نئی سیاسی پارٹی ، جھنڈا اور ایجنڈہ کا اعلان کردیا

وائی ایس شرمیلا نے اپنی نئی سیاسی پارٹی ، جھنڈا اور ایجنڈہ کا اعلان کردیا

حیدرآباد :08۔جولائی (سحرنیوزڈاٹ کام)

وائی ایس شرمیلا کی جانب سے تلنگانہ میں ایک نئی سیاسی جماعت کے قیام اور اس جماعت کے نام سے متعلق تجسس آج اس وقت ختم ہوگیا جب آنجہانی وزیراعلیٰ متحدہ آندھرا پردیش ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی دختر اور وزیراعلیٰ آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی کی ہمشیرہ وائی ایس شرمیلا نے خود اپنی نئی سیاسی جماعت ” وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی (وائی ایس آر ٹی پی) ” کے نام کا اعلان کردیا۔

اپنی نئی سیاسی جماعت کے نام کے اعلان سے قبل وائی ایس شرمیلا اپنی ماں وائی ایس وجیہ اماں کے ساتھ۔

کئی ماہ سے وائی ایس شرمیلا کے تلنگانہ کی سیاست میں سرگرم ہوجانے،کھمم میں 9 اپریل کو جلسہ منعقد کرنے اور پھر کسانوں اور عوام کے مسائل پر وقفہ وقفہ سے سوال اٹھائے جانے سے اس بات کو تقویت حاصل ہوگئی تھی کہ وائی ایس شرمیلا تلنگانہ کی سیاست میں داخل ہونے والی ہیں اور اپنی ایک سیاسی جماعت قائم کرنے جارہی ہیں۔

کھمم میں منعقدہ جلسہ عام کی کامیابی کے بعد ان کے حوصلے مزید بلند ہوئے تھے اور امکان تھا کہ کھمم کے جلسہ عام میں ہی وہ اپنی نئی پارٹی اور اس کے پرچم کا اعلان کریں گی تاہم انہوں نے اعلان کیا تھا کہ ان کے والد آنجہانی وزیراعلیٰ متحدہ آندھرا پردیش ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی جن کی ستمبر 2009ءمیں ہیلی کاپٹر حادثہ میں موت واقع ہوگئی تھی کے یوم پیدائش کے موقع پر8 جولائی کو وہ اپنی نئی سیاسی پارٹی کے نام کا اعلان کریں گی۔

اس طرح وائی ایس شرمیلا نے آج 8 جولائی کو اپنے والد کے یوم پیدائش کے موقع پر رائے درگ کے ایک خانگی فنکشن ہال میں منعقدہ تقریب میں اپنی نئی سیاسی پارٹی کے نام ، جھنڈے اور پارٹی کے ایجنڈے کا اعلان کردیا ہے۔قبل ازیں گاڑیوں کے قافلہ کیساتھ وائی ایس شرمیلا فنکشن ہال پہنچیں۔

رائے درگ میں منعقدہ تقریب میں شرکت کیلئے جاتے ہوئے وائی ایس شرمیلا اپنے حامیوں کے استقبال کا ہاتھ ہلاکر جواب دیتے ہوئے۔

وائی ایس شرمیلا نے اپنی ماں وائی ایس وجیہ اماں کے ساتھ پارٹی کے جھنڈہ کی نقاب کشائی انجام دی۔اس پارٹی پرچم کا 80 فیصد رنگ تلنگانہ کے ریاستی پرندہ کی حیثیت کے حامل سفید اور نیلی چڑیا جسے تلگو میں پالا پٹا کہا جاتا ہے سے مماثل ہے۔

جبکہ جھنڈے کا 20 فیصد حصہ ہے مکمل نیلے (Blue) رنگ پرمشتمل ہے اور درمیان میں تلنگانہ کے نقشہ پر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی تصویر کے ساتھ پارٹی کا نام انگریزی اور تلگو میں ہے۔

اس سے قبل وائی ایس شرمیلا کئی مرتبہ کہہ چکی ہیں کہ وہ تلنگانہ کی بہو ہیں اور اپنے والد کے خوابوں کی تکمیل کی غرض سے تلنگانہ میں سیاسی پارٹی قائم کریں گی تاکہ تمام طبقات کیساتھ انصاف ہو اور عوام کے خوابوں کی تکمیل ہو!!

 

9 اپریل 2021 ء کو کھمم میں منعقدہ وائی ایس شرمیلا کے جلسہ کی تفصیلات سحرنیوزڈاٹ کام کی اس لنک پر پڑھی جاسکتی ہیں۔

حکومت سے سوال پوچھنے کیلئے ہی تلنگانہ میں نئی سیاسی پارٹی کا قیام : وائی ایس شرمیلا