ریاستی وزیر کے ٹی آر سے ایم ایل اے تانڈور کی ملاقات،کاگنا ندی بریج،مینارٹی اسکول،دفتر بلدیہ کی عمارتوں کا افتتاح جلد

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

ریاستی وزیر کے ٹی آر سے رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کی ملاقات

دس دنوں میں کاگنا ندی بریج ، مینارٹی اسکول ، مدر اینڈ چائلڈ سنٹر اور دفتر بلدیہ کی عمارتوں کا افتتاح

قدیم تانڈور ریلوے گیٹ پر فلائی اوور بریج کی تعمیر کیلئے فنڈ جاری کرنے ریاستی وزیر کی عہدیداروں کو ہدایت

وقارآباد/تانڈور: 08۔جولائی (سحرنیوزڈاٹ کام)

کارگزارصدر ٹی آرایس و ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق، آئی ٹی و صنعت کے۔تارک راماراؤ سے رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے آج پرگتی بھون میں ملاقات کرتے ہوئے تانڈور کے مختلف مسائل اور انکے حل کیلئے نمائندگی کی۔

اس موقع پر رکن اسمبلی نے ریاستی وزیر کو بتایا کہ قدیم تانڈور کے ریلوے گیٹ پر فلائی اوور بریج کی تعمیر انتہائی ناگزیر ہے اور برسوں سے اس کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ فلائی اوور بریج نہ ہونے کے باعث عوام کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔

رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے بتایا کہ اس سلسلہ میں کارگزارصدر ٹی آرایس و ریاستی وزیر کے ٹی آر نے محکمہ آراینڈ بی کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ فلائی اوور بریج کی تعمیر کیلئے فوری طور پر فنڈس جاری کیے جائیں۔

ساتھ ہی کے ٹی آر نے تانڈور میں انڈسٹریل پارک کے جلد قیام اور اس کے افتتاح کو یقینی بنانے کی بھی عہدیداروں کو ہدایت دی۔

رکن اسمبلی کی نمائندگی پر ریاستی وزیر کے ٹی آر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تانڈور میں گندے پانی کی صفائی کے پلانٹ(سیویج ٹریٹمنٹ پلانٹ) اور سیلابی پانی کی نکاسی کیلئے نالے کی تعمیر کیلئے منصوبہ اور تخمینی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی۔

اس موقع پر کارگزار صدر ٹی آرایس و ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق ، آئی ٹی وصنعت کے۔تارک راماراؤ نے رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کو تیقن دیا کہ تانڈور کی ترقی کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے بتایا کہ انہوں نے ریاستی وزیر کے ٹی آر کو دؤرہ تانڈور کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ اندرون دس یوم وہ تانڈور کا دؤرہ کریں گے۔

تانڈور۔حیدرآباد روڈ پر افتتاح کیلئے تیار 18 کروڑ کے صرفہ سے تعمیر اقلیتی اقامتی اسکول کی عالیشان عمارت۔

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے بتایا کہ کارگزار صدر ٹی آرایس و ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق ، آئی ٹی و صنعت کے۔ تارک راماراؤ اپنے دؤرہ تانڈور کے موقع پر یہاں کاگنا ندی تانڈور پر 16؍کروڑ 50؍لاکھ روپئے کے مصارف سے تعمیر کیا گیا بریج، دو کروڑ 41؍لاکھ کے صرفہ سے بچھائی گئی اس بریج کو دونوں جانب سے جوڑنے والی سڑک۔

18؍کروڑ روپئے کے صرفہ سے تعمیر کی گئی اقلیتی اقامتی اسکول کی عمارت، تین کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر شدہ دفتر بلدیہ کی جدید عمارت،دو کروڑ 25؍لاکھ روپئے کے خرچ سے قائم کیے گئے ڈگری کالج اور 14؍کروڑ روپئے کے صرفہ سے تعمیر شدہ مدر اینڈ چائلڈ کیئر سنٹر جس میں فی الوقت کوویڈ کیئر سنٹر کارکرد ہے کا افتتاح انجام دیں گے۔

ساتھ ہی ریاستی وزیر کے ٹی آر تانڈور میں جدید لاری پارکنگ اور آٹو نگر کے قیام کیلئے سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے