تانڈور کو خوبصورت بنانے کیلئے تمام اقدامات کیے جائیں گے، زیرتکمیل تمام کام جلد مکمل کرلیں
کلکٹر ضلع وقارآباد پوسومی باسو کا دؤرہ تانڈور،بلدی حلقوں میں ہریتا ہارم اور پٹنا پرگتی پروگرام میں شرکت
وقارآباد/تانڈور: 08۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)
ضلع کلکٹر وقارآباد پوسومی باسو نے کہا ہے کہ تانڈور کو خوبصورت بنانے کیلئے سرکاری سطح پر تمام اقدامات کیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ شہر کو سرسبز و شاداب بنانے اور کچرے سے صاف ستھرا بنانے کیلئے انتظامیہ کیساتھ ساتھ عوام کا تعاون بھی ضروری ہے۔
ضلع کلکٹر پوسومی باسو نے آج تانڈور کے بلدی حلقہ جات 9 اور 15 میں منعقدہ پٹنا پرگتی کے تیسرے اور ہریتا ہارم پروگرام کے ساتویں مرحلہ کے پروگراموں میں شرکت کی۔
اور صدر نشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل ، نائب صدر نشین بلدیہ دیپا نرسملو رکن بلدیہ شوبھارانی اور دیگر ارکان بلدیہ ،عہدیداروں کیساتھ پودے لگائے اور گھر گھر پودے تقسیم کیے۔
بعدازاں ضلع کلکٹر وقارآباد پوسومی باسو نے یہاں کے مختلف بلدی حلقوں کا دؤرہ کرتے ہوئے صاف صفائی اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔اس دؤرہ کے دؤران مختلف بلدی حلقہ جات کے عوام نے ضلع کلکٹر پوسومی باسو کو انہیں درپیش مختلف بلدی مسائل سے واقف کروایا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے ضلع کلکٹر پوسومی باسو نے کہا کہ پٹنا پرگتی اور ہریتا ہارم پروگرام کے تحت صاف صفائی اور شجر کاری کی ذمہ داری عوامی نمائندوں ، عہدیداروں اور عوام پر عائد ہوتی ہے۔
ضلع کلکٹر نے کہا کہ انہوں نے ایس سی کالونی میں مشتبہ عمارتوں کو منہدم کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے اور زیر تکمیل تمام تعمیراتی کاموں اور ترقیاتی کو جلد مکمل کرلینے کی بھی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔
ضلع کلکٹر نے تیقن دیا کہ عوام کی جانب سے کی جانے والی شکایتوں کو فوری حل کیا جائے گا۔اس موقع پر آر ڈی او تانڈور و انچارج کمشنر بلدیہ اشوک کمار،خصوصی عہدیدار ہنمنت راؤ، رکن بلدیہ شوبھا رانی کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے عہدیداران موجود تھے۔