سونوسود سے ملاقات کیلئے نوجوان حیدرآباد سے ننگے پیر پیدل ممبئی پہنچ گیا
حیدرآباد/ممبئی:11۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)
فلم اداکارسونوسود سے کون واقف نہیں ہیں!فلموں میں زیادہ تر ویلن کا کردار ادا کرنے والے سونوسود گزشتہ سال کوروناوائرس کی وباء کے آغاز کے بعد سے آج تک ضرورت مندوں اور غریب طبقات کی ہر طریقہ سے مدد کرتے ہوئے سرخیوں میں ہیں جس پر ملک کیساتھ ساتھ ساری دنیا میں ان کی خدمات کی خوب سراہنا کی جارہی ہے۔
گزشتہ سال طویل لاک ڈاؤن کے دؤران بالخصوص مہاراشٹرا اور ممبئی کے علاوہ دیگر مقامات پرپھنسے ہوئے مہاجر مزدوروں اور اڑیسہ کی طالبات کو خصوصی طیاروں ،بسوں اور ٹرینوں کے ذریعہ انکے مقامات تک پہنچانے، غذاء فراہم کرنے،علاج کیلئے رقمی مدد کے علاوہ اب کوروناوائرس کی دوسری لہر کے دؤران بھی ملک میں آکسیجن اور ادویات کی قلت کے دؤران بشمول سنگاپور ملک کے کئی مقامات سے آکسیجن حاصل کرکے سونوسود ضرورت مندوں کے مکانات اور اسپتالوں تک آکسیجن ،ادویات اور دیگر امداد پہنچانے میں ہنوز مصروف ہیں۔
گزشتہ دنوں چند ریاستوں میں آئے طوفان کے دؤران بھی سونوسود نے کئی ٹرکس اشیائے ضروریہ مغربی بنگال کو روانہ کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ ” کوئی بھوکا نہیں سوئے گا "۔
سوشیل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر پر سونوسود ایک اصلی ہیرو اور سیاستدانوں سے زیادہ مشہور و مقبول ہوگئے ہیں۔ ملک کے کسی بھی کونے سے کوئی بھی ضرورتمند کسی بھی قسم کی امداد کی اپیل کے ساتھ انہیں ٹیاگ کرتا ہے تو فوری سونوسود کا جواب آجاتا ہے کہ میں انتظام کررہا ہوں پھر وہ ان مقامات پر موجود اپنے ذرائع سے وہاں تک امداد پہنچادیتے ہیں۔
سونو سود کی ان مختلف خدمات کے باعث ملک اور بیرون ملک انکے چاہنے والوں کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔
ان کی خدمات سے متاثر وقارآباد کامتوطن ایک نوجوان حیدرآباد سے ممبئی تک 700 کلومیٹر طویل پیدل سفر بناء چپل کرتے ہوئے بالآخر سونوسود کے مکان پہنچ ہی گیا جہاں سونوسود نے اس نوجوان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس کے اس جذبہ کی ستائش کی اورتمام نوجوانوں سے اپیل کی کہ آئندہ وہ اس طرح کا کوئی اقدام نہ کریں۔
وقارآباد ضلع کے پرگی اسمبلی حلقہ کے دوما منڈل کے تحت موجود موضع ڈورنال پلی کا ساکن وینکٹیش جو کہ سونوسود کو غریبوں کا مسیحا کہتا ہے نے گزشتہ ماہ حیدرآباد سے سونوسود کی تصویر والے بیانر کیساتھ ممبئی تک پیدل سفر کا آغاز کیا۔
جو روزآنہ 40 کلومیٹر کا سفر پیدل طئے کرتا اور رات کسی مقام پر سوجایا کرتاتھا پھر صبح اپنے سفر کا آغاز کرتا اس نے بتایا کہ دؤران سفر سونوسود کی تصویر دیکھ کر لوگ اس کی مدد کرتے تھے۔
سونو سود کل شام ممبئی میں واقع اپنے مکان میں وینکٹیش کا استقبال کرتے ہوئے اسے اپنے مکان میں لے گئے اور کچھ دیر تک اس سے بات کی۔

