مہاراشٹرا کے ایک چائے فروش نے وزیراعظم نریندرمودی کو 100 روپئےمنی آرڈر کرکے لکھا کہ داڑھی منڈوالیں
ممبئی:11۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
مہنگائی سے پریشان مہاراشٹرا کے بارہ متی کے ایک چھوٹے سے چائے فروش نے ملک کے وزیراعظم نریندر مودی کو 100 روپئے بذریعہ منی آرڈر روانہ کرتے ہوئے ساتھ ہی ایک خط بھی روانہ کیا ہے جس میں وزیراعظم کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ان روپیوں سے اپنی بڑھائی گئی داڑھی منڈوالیں!
گزشتہ چند سال اور پھر گزشتہ سال سے کورونا وائرس کی جاریہ وباء سے لاکھوں لوگ بیروزگار ہوگئے ہیں وہیں لاکھوں لوگ اپنے چھوٹے موٹے کاروبار سے یا تو محروم ہوگئے ہیں یا پھر ان کی آمدنی میں زبردست کمی سے پریشان ہیں اس پر مرکزی حکومت کی جانب سے پکوان گیس،پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے لگام اضافہ کیساتھ ساتھ تمام اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ نے مہنگائی کے اب تک کے سارے ریکارڈ توڑدئیے ہیں۔
مقامی میڈیا اطلاعات کے بموجب اسی سے پریشان بارہ متی میں انداپور روڈ پر ایک خانگی اسپتال کے روبرو اپنی چائے کی چھوٹی دُکان چلانے والے انیل مور نے یہ اقدام کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم مودی نے اپنی داڑھی بڑھالی ہے اگر انہیں کسی چیز میں اضافہ کرنا چاہئے تو اس ملک کے عوام کے لئے روزگار کے مواقع بڑھائیں۔
آبادی کے لئے ویکسینیشن کو تیز کرنے کی کوشش کی جانی چاہئے اور اسپتالوں میں موجود طبی سہولیات کو بڑھانے کرنے کی کوششیں کرنی چاہئے۔وزیر اعظم کو ایسے اقدامات کرنا ہوگا کہ لوگ ان کی پریشانیوں سے نجات حاصل کرپائیں جو گزشتہ دو لاک ڈاؤن کی وجہ سے رونما ہوئے ہیں۔
ساتھ ہی انیل مور نے دعوی کیا کہ وزیراعظم کا منصب ملک میں سب سے اونچا ہے۔میں ہمارے وزیراعظم نریندرمودی کے لیے انتہائی احترام کا جذبہ رکھتا ہوں اور میں اپنی بچت کے 100 روپے انہیں بھیج رہا ہوں تاکہ وہ اپنی داڑھی منڈوا دیں۔
وہ ایک اعلی رہنما ہیں اور میں انہیں اس عمل کے ذریعہ کوئی تکلیف دینے کا ارادہ نہیں رکھتا ہوں لیکن جس طرح سے وبائی مرض کی وجہ سے غریبوں کی پریشانی دن بہ بدن بڑھتی جارہی ہے اس پر وزیراعظم کی توجہ مبذول کروانے کا یہ ایک طریقہ ہے۔
وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں انیل مور نے ان سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ کوویڈ سے مرنے والوں کے خاندانوں کو فی کس 5 لاکھ روپئے کی مالی مدد کریں اور لاک ڈاؤن سے متاثر خاندانوں کے لیے 30 ہزار روپئے کی مالی مدد فراہم کی جائے۔