حیدرآباد اور تلنگانہ کے چند اضلاع میں
آئندہ تین دنوں کے دؤران شدید سےشدیدتر بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد :11۔جون(سحرنیوزڈا ٹ کام)
محکمہ موسمیات حیدرآباد نے کہا ہے کہ جنوب مغربی مانسون ریاست تلنگانہ میں داخل ہوچکا ہے۔ تاہم محکمہ موسمیات نے خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے باعث آئندہ تین دنوں 12 جون ،13جون اور 14 جون کو حیدرآباد میں شدید سے شدید تر بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ساتھ ہی انتباہ بھی دیا ہے کہ شہر حیدرآباد کے چند علاقوں میں مزید شدید بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی اس پیش قیاسی کے بعد گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے عہدیدار چوکس ہوگئے ہیں اوراحتیاطی طورپر اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے خصوصی ٹیموں اور مانسون ٹیموں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔
ساتھ ہی محکمہ موسمیات تلنگانہ کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ تلنگانہ میں مشرقی خطہ سے آنیوالی نچلی سطح کی ہوائیں سرگرم ہیں جس کے اثرات سے ریاست میں موسلادھار اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے یہ پیش قیاسی بھی کی ہے کہ آنیوالے تین دنوں کے دؤران ریاست تلنگانہ کے مختلف مقامات پرگرج، چمک اور 30 تا 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کیساتھ موسلادھار اور شدید بارش کا امکان بھی ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق مشرقی اور مغربی تلنگانہ کے اضلاع میں بھی 12 اور 13 جو ن کو شدید سے شدید تر بارش کا امکان ہےعوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ قبل ازیں احتیاطی اقدامات کرلیں اور چوکس رہیں۔