انڈین یوتھ کانگریس نے پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کیخلاف نریندرمودی،امیت شاہ،سمرتی ایرانی اور دھرمیندرپردھان کوسائیکلیں بھیجیں

انڈین یوتھ کانگریس نے پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کیخلاف بطور احتجاج

نریندرمودی،امیت شاہ،سمرتی ایرانی اور دھرمیندر پردھان کو کورئیر کے ذریعہ سائیکلیں بھیجیں

نئی دہلی:10۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)

ماضی میں مرکز میں کانگریس کی قیادت والی یوپی اے کے دس سالہ دؤر حکومت میں پکوان گیس ،پٹرول ، ڈیزل اور اشیائےضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف اس وقت کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت بی جے پی کی جانب سے ملک بھر میں سڑکوں پر احتجاج منظم کیے جاتے تھے۔

جس میں اس کے تمام بڑے قائدین بھی شرکت کرتے ہوئے سڑکوں پر سائیکلیں چلاتے،خالی پکوان گیس کےسیلنڈرس اور ترکاریوں کے ساتھ خوب احتجاج کیے جاتے تھے۔بھارت بند بھی کامیاب طور پر منایا جاتا تھا، ٹرینیں روک دی جاتیں، ہائی ویز جام کردئیے جاتے تھے۔

موجودہ وزیر ٹیکسٹائل سمرتی ایرانی پکوان گیس کی اور وزیر قانون روی شنکر پرساد پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف 2014ء سے قبل احتجاج کے دؤران۔

اور بی جے پی کارکنوں کیساتھ ساتھ اس وقت عوام بھی رضاکارانہ طورپر اس احتجاج میں مہنگائی کے خلاف شامل ہوا کرتے تھے۔ جسکے بعد مرکزی حکومت کی جانب سے پٹرول، ڈیزل اور پکوان گیس کی اضافہ شدہ قیمتوں کے اعلان کو واپس لے لیا جاتا تھا۔

لیکن 2014ء میں ملک کا اقتدار سنبھالنے والی اسی بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے دؤرحکومت میں مہنگائی آسمان چھورہی ہے،پٹرول کی قیمت 100 سے زائد اور ڈیزل کی قیمت 100 روپئے کے قریب پہنچ گئی ہے، پکوان گیس کی قیمت 900 روپئے اور بشمول خوردنی تیل تمام اشیائے ضروریہ کی قیمتوں نے مہنگائی کے اب تک کے سارے ریکارڈ توڑدئیے ہیں۔

لیکن افسوس کہ ان حالات میں ملک کو کانگریس دؤر حکومت والی بی جے پی جیسی کوئی اپوزیشن جماعت نہیں مل پائی اور نہ اس عوام کا کہیں پتہ ہے جو کانگریس دؤر حکومت میں مہنگائی کے خلاف بلاء کسی خوف سڑکوں پر آجایا کرتے تھے!!

پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف انڈین یوتھ کانگریس کی جانب سے بطوراحتجاج وزیراعظم نریندرمودی،مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ،وزیرپٹرولیم دھرمیندرا پردھان اور مرکزی وزیر ٹکسٹائل سمرتی ایرانی کو بذریعہ کورئیر سائیکلیں روانہ کی گئی ہیں۔

اس سلسلہ میں صدر انڈین نیشنل کانگریس سرینواس بی۔وی نے ٹوئٹر پر فوٹوز شیئر کرتے ہوئے اپنے ہندی زبان میں کیے گئے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ 2014ء سے قبل جب پٹرول 70 روپے سے کم تھا، بی جے پی سائیکلوں سے ہنگامہ کھڑا کرتی تھی۔آج پٹرول کی قیمت 100 سے زیادہ ہے اور بی جے پی کہیں نظر نہیں آتی ہے۔

پرانی یادوں کو تازہ دم کرتے ہوئے آج یوتھ کانگریس نے وزیراعظم،وزیر داخلہ،وزیر پٹرولیم اور وزیر ٹیکسٹائل کو ایک ایک سائیکل بھیجی ہے۔

اس ٹوئٹ کے چند گھنٹوں بعد صدر انڈین نیشنل کانگریس سرینواس بی۔وی نے انگریزی اور ہندی میں کیے گئے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں باقاعدہ وزیر پٹرولیم دھرمیندرا پردھان اور وزیر ٹکسٹائل سمرتی ایرانی کو ٹیاگ کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے کہ انہوں نے انڈین یوتھ کانگریس کی جانب سے بھیجی گئیں سیکلیں قبول کیں۔

اور ساتھ ہی ہندی میں لکھا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ آپ روزآنہ سائیکل پر ہی دفتر جاکر پٹرول،ڈیزل کی بے تحاشہ بڑھتی قیمتوں کی جانب وزیراعظم نریندر مودی کی توجہ منبدول کروائیں گے!!