خواتین کپڑے نہ بھی پہنیں تو خوبصورت ہی لگیں گی، رام دیو کا انتہائی واہیات اور متنازعہ بیان، ہر طرف سے مذمت

خواتین کپڑے نہ بھی پہنیں تو خوبصورت ہی لگیں گی
یوگا گرو رام دیو کا انتہائی واہیات اور متنازعہ بیان
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل، ہر طرف سے مذمت

نئی دہلی: 25۔نومبر
(سحرنیوزڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)

رام دیو جنہیں یوگی گرو بابا رام دیو بھی کہا جاتاہے۔لگتاہے کہ وہ گزشتہ چند سال سے متنازعہ بیانات کےذریعہ سرخیوں میں رہنے کےعادی بن گئےہیں۔! کوویڈ وبا کے دؤران کورونا وائرس کی سستی دوا کی دریافت کے نام پرجھوٹی تشہیر اور ڈاکٹرز کی بارہامرتبہ اہانت کےخلاف ان کی شدید مذمت کی گئی تھی۔ان کےخلاف ڈاکٹرز نےسائنس اور پیشہ طب کا مذاق اڑائے جانے کےخلاف احتجاج بھی کیاتھا اورباقاعدہ ان کے خلاف شکایت بھی درج کروائی تھی مگر بات آئی گئی اور ہوگئی تک بن کر رہ گئی۔!!

رام دیو جو کہ آیورویدک ادویات بنانے والی پتھانجلی کمپنی کے مالک بھی ہیں اب زیادہ تر لالہ رام دیو کےنام سے جانے جانے لگے ہیں۔یہ وہی رام دیو ہیں جنہوں نے 2013 کے اواخر میں ایک ٹی وی چینل پر جنتا کی عدالت پروگرام میں کہاتھاکہ اگر نریندرمودی وزیراعظم بن جائیں تو پٹرول کی قیمت 40 روپئے ہوجائے گی۔

دو ماہ قبل ایک صحافی نے جب ان سے یہی سوال پوچھا تھا کہ آپ نے کہاتھا لیکن پٹرول کی قیمت 100 سے زائد ہوگئی ہے؟تو ان کا پارہ  ساتویں آسمان پر پہنچ گیا تھا اور انہوں نے سوال پوچھنے والے صحافی سے بڑی ڈھٹائی کےساتھ کہا تھا کہ”ہاں کہا تھا،اب کیا میری دُم پکڑلے گا؟

اسی دؤران آج جمعہ کے دن یوگا گرو رام دیو ایک انتہائی واہیات اور گھٹیا قسم کا بیان دیتے ہوئے دوبارہ میڈیا اورسوشل میڈیاکی سرخیوں اور تنقیدوں کے نشانے پر آگئے ہیں۔رام دیو نے ایک یوگا سیشن کے بعدسینکڑوں افراد جن میں خواتین بھی شامل تھیں یہ کہہ کر ہنگامہ کھڑا کردیا ہے کہ اگر عورتیں کپڑے نہ پہنیں تو بھی خوبصورت ہی لگیں گی۔

گودی میڈیا اور بھکت اسے زبان کی غلطی کہہ کرمعاملہ کی نوعیت کو کم کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں توکئی سوشل میڈیا صارفین اور خواتین رام دیو کے اس واہیات اور خواتین کے خلاف ان کے اس اہانت آمیز بیان کی شدید مذمت کررہے ہیں۔

مہاراشٹرا کے تھانے میں آج جمعہ کے دن 56 سالہ رام دیو پونے کے پتھانجلی یوگا پیٹھ اور ممبئی مہیلا پتھانجلی یوگا سمیتی کے زیر اہتمام مفت یوگا سائنس کیمپ اور خواتین کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔جس میں رام دیو نے پلک جھپکائے بغیر کہاکہ”خواتین ساڑھیوں میں اچھی لگتی ہیں،وہ سلوار سوٹ میں بہت اچھی لگتی ہیں،اور میری نظر میں وہ اچھی لگتی ہیں چاہے وہ کچھ بھی نہ پہنیں۔”

اس پروگرام میں مہاراشٹرا کےنائب وزیراعلی دیویندر فڈنویس کی اہلیہ امرتا فڈنویس،تھانے کےبالا صاحبانچی شیوسینا کے ایم پی شریکانت شنڈے، وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کے فرزند شری کانت شنڈے اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

رام دیو اس اجلاس میں کہہ رہے تھے کہ سامنے کی قطار والی خواتین ساڑیاں پہنی ہیں جبکہ دیگر خواتین نے نہیں پہنیں اور وہ یوگا ڈریس میں ہی ہیں۔شیڈول بہت مصروف تھا اس لیے ان خواتین کوساڑی پہننے کا وقت نہیں مل پایا وہ اپنے گھر جاکر ساڑی پہن لیں۔اسی بات چیت کے دوران رام دیو یہ کہہ دیا کہ خواتین ساڑیوں میں،سلوار سوٹ میں اور میری نظر میں تو وہ میری طرح کچھ بھی نہ پہنیں توبھی خوبصورت ہی نظر آئیں گی۔

اپنی کہی گئی بات کی حساسیت کا رخ موڑنے کی کوشش کرتے ہوئے یوگا گرو بابا رام دیو نےکہا کہ”بچوں کو کون کپڑے پہناتا تھا پہلے؟ ہم تو 8-10 سال تک یونہی ننگے گھوما کرتے تھے۔یہ تو اب جاکر کے پانچ پانچ لیئر کے کپڑے پہنارہے ہیں۔” 

ان کے اس واہیات بیان کو جنس پرست کہتے ہوئے تنقید کاسلسلہ شروع ہوگیا ہے اور ان کے اس بیان کے ویڈیوز سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر وائرل ہوگئے ہیں۔

اس اجلاس میں بابا رام دیو نے مہاراشٹرا کے نائب وزیراعلی دیویندر فڈنویس کی اہلیہ امرتا فڈنویس کی تعریف کرتے ہوئے کہا وہ یوگا کرتی ہیں، ہمیشہ مسکراتی رہتی ہیں اور وہ 100 سال تک بھی ایسی ہی رہیں گی۔