وقارآباد ضلع : تانڈور کی این ٹی آر نگر کالونی میں پولیس کا کارڈن اینڈسرچ

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

وقارآباد ضلع : تانڈور کی این ٹی آر نگر کالونی میں پولیس کا کارڈن اینڈ سرچ
138 گاڑیاں پولیس تحویل میں،سائبر جرائم سے چوکس رہنے ڈی ایس پی کا مشورہ

وقارآباد/تانڈور: 25۔نومبر (سحرنیوزڈاٹ کام)

تانڈورپولیس کی جانب سے آج جمعہ کی صبح اولین ساعتوں میں ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھر گوڑ کی زیرنگرانی وقارآبادضلع کےتانڈور میں ظہیر آباد روڈ پر مؤجود این ٹی آر نگرکالونی میں کارڈن اینڈ سرچ سرچ انجام دیاگیا۔یہ کارروائی سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(اربن) راجندر ریڈی کی قیادت میں انجام دی گئی۔

جس میں سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (رورل) رام بابو کے علاوہ اس کارڈن سرچ میں تانڈور پولیس اسٹیشن اور تانڈور رورل پولیس اسٹیشن سے وابستہ پولیس جوانوں نے حصہ لیتے ہوئے اس سرچ کے دؤران مکینوں کی تفصیلات حاصل کیں۔مکانات کی تلاشی لی گئی اور ساتھ ہی ضروری دستاویزات کا مشاہدہ کیا گیا۔مشتبہ افراد کی تفصیلات اور غیر قانونی سرگرمیوںسے متعلق جانکاری حاصل کی ۔

اس کارڈن سرچ کے دؤران پولیس نے بناء دستاویزات اور بناء نمبر پلیٹ والی 119 موٹرسیکلوں،8 کاروں اور 11 آٹو رکشاؤں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔بعدازاں پولیس نے بتایا کہ ان میں سے 25 گاڑیوں کو ضبط کرلیاگیا ہے۔اور مالکین کو ہدایت دی گئی کہ ضروری دستاویزات پیش کرتے ہوئے اپنی گاڑیاں حاصل کرسکتے ہیں۔

بعدازاں ڈی ایس پی جی۔شیکھرگوڑ نے کالونی کےمکینوں سے خطاب کرتےہوئے کہاکہ امن و امان کی برقراری اورعوام کےتحفظ کی غرض سے ہی کارڈن اینڈ سرچ انجام دئیےجاتے ہیں تاکہ عوام میں اعتمادبحال رہے۔انہوں نےکہاکہ ذمہ دار اور شریف شہریوں کے درمیان داخل ہونے والے سماج دشمن عناصر کو پکڑنا بھی اس تلاشی مہم کا ایک حصہ ہوتاہے۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے کارڈن اینڈ سرچ کے دؤران پولیس کے ساتھ تعاون کیا جائے۔

ڈی ایس پی جی۔شیکھر گوڑنے کالونی کےمکینوں کو مشورہ دیا کہ وہ آن لائن اور سائبر جرائم سے چوکس رہیں۔اور اس کالونی میں سی سی کیمروں کی تنصیب کے لئے مکینوں کا آگے آنا ایک بہترین عمل ہوگا جس سے ساری کالونی محفوظ رہے گی۔انہوں نے گاڑی مالکین اور ڈرائیورس کو مشورہ دیاکہ وہ ہرحال میں ٹریفک قواعد پر لازمی طورپرعمل کریں۔اس موقع پر سب انسپکٹران پولیس وینو گوپال ریڈی،مدھوسدھن ریڈی کے علاوہ پولیس کانسٹیبلس اور کالونی کے ذمہ داران اور نوجوان موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے