سعودی عرب : جدہ میں شدید طوفانی بارش نے 2009 کا ریکارڈ توڑ دیا، 179 ملی میٹربارش ریکارڈ، دوافراد جاں بحق،عام زندگی متاثر

بین الاقوامی خبریں

سعودی عرب: جدہ میں شدیدطوفانی بارش نے 2009 کا ریکارڈ توڑ دیا
179 ملی میٹربارش ریکارڈ،عام زندگی متاثر،دو افراد جاں بحق،کل بھی بارش کی پیش قیاسی
ایرپورٹ بند،سڑکیں اور گاڑیاں زیر آب،کئی شاہراہیں اور سب ویز بھی بند

جدہ : 24۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز )

سعودی عرب کےساحلی شہر جدہ میں آج جمعرات کےدن موسلادھاربارش کےباعث تعلیمی اداروں کو بند کرنا پڑا۔وہیں اس بارش کےباعث پروازوں میں تاخیر بھی ہوئی۔العربیہ اردو کی رپورٹ کےمطابق بحیرہ احمرکےکنارے واقع زائداز 40 لاکھ آبادی والے شہرجدہ کو مکہ مکرمہ کا گیٹ وے کہاجاتا ہے۔جہاں ہر سال لاکھوں فرزندانِ توحید حج اور عمرہ کے لیے آتے ہیں۔اس بارش کے باعث دنیائےاسلام کے مقدس شہر مکہ مکرمہ کی جانب جانے والی شاہراہ بھی بند ہوگئی ہے۔عرب نیوز نے آج رات اطلاع دی ہے کہ آج بارش کے باعث شمالی سعودی عرب میں کم ازکم دو افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

اردو نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کےمطابق جدہ میں آج جمعرات کی علی الصبح گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا آغاز ہوا اور شام تک بھی شہر پر گھنے بادل چھائے ہوئے ہیں۔شہر میں موسلادھار بارش کےباعث مرکزی شاہرائیں ڈوب گئی ہیں،جبکہ تمام انڈر پاسز کو پانی بھر جانے کے باعث بند کر دیا گیا ہے جبکہ فضائی سفر بھی متاثر ہوا ہے۔

آج جمعرات کو جدہ میں ہونےوالی شدیدبارش کے ویڈیوز اور تصاویرسوشل میڈیا پروائرل ہوئے ہیں۔جن میں اس بارش کی تباہ کاریوں کو دیکھا جاسکتا ہے۔کئی مکانات سے سیلابی شکل میں پانی کا اخراج ہورہا ہے تو کئی ایسے ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جدہ کی شاہراہوں پر پانی کا ذخیرہ ہوگیا ہے۔کئی کاریں تنکوں کی طرح اس سیلابی پانی میں بہہ کر جارہی ہیں۔اور چند گاڑیاں جزوی طور پر اس سیلابی پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔

https://twitter.com/i/status/1595727337529741314

اطلاعات کے مطابق بارش کے باعث جدہ ایرپورٹ بند کردیا گیا ہے۔جدہ میں موسلادھار بارش کے باعث فضائی سفر بھی متاثر ہوا ہے جبکہ بعض پروازوں کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے۔سبق ویب سائٹ کے مطابق جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹر نیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ نے کہا ہے کہ مسافر ایئرپورٹ آنے سے پہلے فضائی کمپنی سے رابطہ کر لیں۔انتظامیہ نےکہا ہے کہ شدید بارش،گرج چمک اور تیز ہواوں کے باعث متعدد پروازیں ملتوی کردی گئی ہیں۔انتظامیہ نے کہاہے کہ جدہ آنے والی بعض پروازوں کو متبادل ایئرپورٹ پر اترنے کی ہدایت کی گئی ہے۔انتظامیہ نے کہا ہے کہ فضائی کمپنیاں متاثر ہونے والی پروازوں کا نیا شیڈول جاری کریں گی۔

سعودی محکمہ شہری دفاع نےکہا ہے کہ مکہ اور جدہ سمیت چھ کمشنریوں میں جمعرات کو شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ جمعہ تک جاری رہے گا۔
عکاظ اخبارکے مطابق محکمہ شہری دفاع نے بیان میں کہا کہ موسمیات کے قومی مرکز نے اپنی تازہ رپورٹ میں توقع ظاہر کی ہےکہ مکہ مکرمہ ریجن میں جمعہ تک بارش جاری رہنے کا قوی امکان ہے۔

مکہ مکرمہ گورنریٹ نےہنگامی حالات کا اعلان کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ رہائشیوں کی سلامتی کے لیے امیر ماجد،فلسطین انڈر پاس، کنگ عبد اللہ،کنگ فہد، انڈر پاس،جامعہ انڈر پاس اور کنگ عبداللہ طریق مدینہ انڈر پاس کواحتیاطی طور پر بند کردیا گیاہے۔اسی طرح طریق الحرمین منتزہات پل سے کنگ عبد اللہ پل تک مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔

اردو نیوز کےمطابق سعودی عرب کے بین الاقوامی ساحلی شہر جدہ میں آج جمعرات کو ہونے والی بارش نے 2009ء میں ہونے والی خوفناک بارش کا ریکارڈ توڑ دیاہے۔سبق ویب سائٹ کےحوالے سے اردو نیوز نےلکھا ہے کہ 2009 میں بارش سے پورے شہر کا بنیادی ڈھانچہ تباہ ہوگیا تھا۔اور یہاں آباد سعودی اور غیرملکی شہری جگہ جگہ بارش کا پانی جمع ہونے کےباعث کئی ہفتے تک مشکلات سےدوچارہوئے تھے۔

سعودی عرب میں موسمیات کےقومی مرکز نے کہا ہے کہ جدہ میں آج جمعرات کی صبح 8 بجے سے دوپہر دو بجے تک 179 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی ہے۔جبکہ ایک اور اطلاع میں بتایا جارہا ہے کہ شام تک 243 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔قومی مرکز کا کہنا ہے کہ 2009 میں جو بارش ہوئی تھی اس کا ریکارڈ آج کی بارش نے توڑ دیا۔

اردو نیوز کی رپورٹ کےمطابق سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کے ڈائریکٹر حمزہ کومی نے توقع ظاہر کی ہے کہ جدہ میں بارش کا سلسلہ کل جمعہ کی صبح تک جاری رہے گا۔بوندا باندی سے درمیانےدرجے تک بارش ہوتی رہے گی۔الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتےہوئے حمزہ کومی نے کہا کہ جدہ میں آج کے مقابلے میں کل جو بارش ہوگی وہ نسبتا کم ہوگی اور موسم تدریجی طور پر بہتر ہوجائے گا۔حمزہ کومی نے توجہ دلائی کہ مکہ مکرمہ اور طائف میں جو بارش ہوئی ہے وہ جدہ کے مقابلے میں کم ہے۔انہوں نے کہا کہ جدہ کےجنوبی علاقوں اورمشرقی مقامات پربارش کا زور زیادہ رہا۔موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہےکہ جدہ میں بارش کا ماحول برقرار ہے۔قومی مرکز تمام متعلقہ اداروں کےساتھ مسلسل ربط قائم کیے ہوئے ہے۔بتایا جاتا ہے کہ ہر سال موسم سرما میں جدہ میں بارش کا ایک ریکارڈ ہے۔!!

اردو نیوز کےبموجب قومی مرکز کےماہر عقیل العقیل نے مشرقی جدہ کے باشندوں کو تاکید کی ہے کہ وہ وادیوں اور ایسے نشیبی مقامات سے دور رہیں جہاں پانی جمع ہورہا ہے۔ بارش کے دوران محکمہ شہری دفاع کی جاری تمام ہدایات کی پابندی کریں۔

 

 

نوٹ : اس رپورٹ کی تیاری میں اردو نیوز اور العربیہ اردو کے علاوہ ٹوئٹر سے بشکریہ مدد لی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے