خاتون نے بیٹے کیساتھ مل کر شوہر کو موت کے گھات اُتارنے کے بعد خود کو پولیس کے حوالے کردیا
تانڈور۔یکم۔ مارچ (سحرنیوزڈاٹ کام)
ایک خاتون نے اپنے شرابی شوہر کےحملہ سے بیٹے کو بچالیا لیکن بیٹے کیساتھ مل کر شوہر کو ہی موت کے گھات اتار دیا بعد ازاں مقتول کی بیوی اور بیٹے نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر خود کو پولیس کے حوالے کردیا ۔
آج ضلع وقارآباد کے تانڈور منڈل کے موضع گوتا پور میں پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات مقامی افراد کے بموجب کوڑنگل کے ساکن ملیشم 42؍سالہ کی شادی چند سال قبل گوتاپور ، تانڈور منڈل کی ساکن بالا منی سے ہوئی تھی اس جوڑے کو دو لڑکے شیوا کمار اور سائی کمار ہیں۔
بعدازاں یہ جوڑا کوڑنگل سے گوتاپور منتقل ہوگیا تھا چند دنوں سے شوہر ملیشم کثرت شراب نوشی کا عادی ہوگیا اور شراب پینے کیلئے رقم کا مطالبہ کرتے ہوئے مکان میں جھگڑنا اور بیوی بچوں کو زدوکوب کرتا تھا۔آج بھی شراب نوشی کیلئے رقم دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے بیوی بالا منی سے ملیشم موضع کے سرپنچ کے مکان کے سامنے ہی جھگڑرہا تھا۔
اسی دوران ان کا بیٹا شیوا کمار بھی وہاں پہنچ گیا شوہر ملیشم شراب نوشی کے لیے رقم دینے یا پھر بیوی بالامنی کے گلے میں موجود زیور دینے کا مطالبہ کررہا تھا بیٹے کی مداخلت کے باوجود ملیشم اپنی بیوی سے جھگڑرہا تھا اسی دوران باپ ملیشم غصہ کی حالت میں سڑک پر پڑا ہوا پتھر اٹھاکر اپنے بیٹے شیوا کمار پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو بیوی بالامنی نے درمیان میں آکر اپنے بیٹے کو بچالیا۔
اسی دھکم پیل میں ملیشم زمین پر گرگیا اسی دوران غصہ کی حالت میں ملیشم کی بیوی بالامنی اور بیٹا شیوا کمارنے وہی وزنی پتھر اٹھاکر ملیشم کے سر پر ڈال دیا جس سے وہ خون میں لت پت ہوکر وہیں ہلاک ہوگیا۔اس قتل کے بعد ملیشم کی بیوی بالامنی اور بیٹا شیواکمار قریب ہی موجود کرنکوٹ پولیس اسٹیشن پہنچ کر خود کو پولیس کے سپرد کردیا ۔
اس واقعہ کی اطلاع کے بعد ڈی ایس پی تانڈور لکشمی نارائنا اور سرکل انسپکٹر پولیس رورل جلندھر ریڈی نے گوتاپور پہنچ کرجائے قتل کا مشاہدہ کیا اور مقامی افراد سے تفصیلات حاصل کیں بعد پنچنامہ پولیس نے ملیشم کی نعش کو پوسٹ مارٹم کی غرض سے تانڈور کے ضلع ہسپتال منتقل کردیا۔اس سلسلہ میں ایک کیس درج رجسٹر کرکے مصروف تحقیقات ہے۔