انسانیت کا مظاہرہ ،وقارآباد ایم ایل اے نے حادثہ کا شکار ایک شخص کی جان بچائی
وقارآباد ۔یکم ۔مارچ( سحر نیوزڈاٹ کام)
سیاستدانوں کے متعلق عوام زیادہ تر تحفظ ذہنی کا شکار رہتے ہیں کہ ان میں سے زیادہ تر کی تعداد صرف ووٹ حاصل کرنے کی غرض سے پانچ سال میں ایک مرتبہ ہی اپنی شکل اپنے رائے دہندگان کو دِکھاتے ہیں ۔انتخابات کے موقع پر عوامی آؤ بھگت کرنے والے یہی سیاستداں پانچ سال تک عوام کو درپیش مسائل سے آنکھ بچاکربھاری گاڑیوں میں اپنے اپنے کاموں اور کاروبارمیں مصروف ہوجاتے ہیں ۔ لیکن ہر سیاستداں ایسا انہیں ہوتا یہ بھی سچ ہے ۔بعض سیاستداں اور منتخبہ نمائندے ہمیشہ عوام کے درمیان رہ کر اور انکے مسائل کی یکسوئی کے ذریعہ عوام میں اپنی مقبولیت حاصل کرتے ہیں ۔
وہیں آج رکن اسمبلی وقارآباد ڈاکٹر میتکو آنند نے ان تمام سیاستدانوں کو آئینہ دکھایا ہے کہ عوام سے صرف ووٹ بٹورنا ہی سیاست نہیں بلکہ وقت پڑنے پر سڑک پر اتر کرانسانیت کا پیغام دینا بھی لازمی ہے ۔

دراصل آج رکن اسمبلی وقارآباد ڈاکٹر میتکو آنند اپنی گاڑی میں کہیں جارہے تھے کہ وقارآباد کے کونڈا بال کرشنا ریڈی فنکشن ہال کے قریب ایک نامعلوم شخص موٹر سیکل کی ٹکر سے نیچے گرگیا ۔ یہ منظر دیکھ کر رکن اسمبلی وقارآباد ڈاکٹر میتکو آنندجو خود بھی ایک ماہر ڈاکٹر ہیں نے فوری اپنی گاڑی رکوائی اور بھاگتے ہوئے سڑک پر پڑے اس زخمی شخص کے پاس پہنچ گئے جس کی حرکت قلب کی رفتار کم ہورہی تھی اور اس شخص کا آکسیجن لیول بھی کم ہوگیا تھا جس پر ڈاکٹر میتکو آانند رکن اسمبلی وقارآبا نے اس بیہوش شخص کے سینے کو زور زور سے دبانا شروع کردیا جس کے بعد اس شخص کی حرکت قلب بحال ہوئی۔
بعدازاں رکن اسمبلی نے خود بھی دیگر افراد کے ساتھ مل کر اس زخمی شخص کو اٹھاکر آٹو رکشاء تک پہنچاکر وقارآباد کے سرکاری ہسپتال کو روانہ کرنے کے بعد ہسپتال سپرنٹنڈنٹ کو فون کرتے ہوئے اس زخمی شخص کو فوری بہتر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔

اس سارے واقعہ کے دوران عوام اور انکےساتھ موجودپارٹی قائدین یہ منظر حیرت کیساتھ دیکھتے رہ گئے کہ کیا کوئی رکن اسمبلی اس طرح بھی انسانیت کا مظاہرہ کرسکتا ہے !!


